سرینگر //پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور تعلیم کے وزیر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ مذاکرات اور مصالحت ضروری ہے تاہم سرکار کی جانب سے ریاست خاص کر گرمائی دارلحکومت سرینگر کی ترقی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔شیخ باغ سرینگر میں پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کے وزیر نے کہا ریاست جموں وکشمیر کو مختلف چلنجوں کا سامنا ہے ،مگر محبوبہ مفتی کی سربراہی میں ریاستی حکومت سماجی اور اقتصادی بحالی کیلئے کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کا ترقی اوراچھی سرکار فراہم کرنے کا وعدہ ہر حال میں پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا مجھے یہ معلوم ہے کہ آپ لوگوں کی پریشانی کی بڑی وجہ کشمیر میں روزگار کے مختصر مواقعے اور تجارت میں کمی ہے جو امن وقانون کی صورتحال کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت مرکزی سرکار کی رقومات پر انحصار کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے ریاست کے لوگوں کو فائدہ ہو گا۔ پارٹی ورکروں کی کوششوں کی سراہانا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکر نے تمام مشکلات کے باوجود بھی پی ڈی پی کے بنیادی اصولوں کی حمایت کی ہے اور ہماری مشترکہ کوشش کے باوجود ہی حالات میں بہتری آئی جس سے عام لوگ اچھی طرح سے زندگی جی رہے ہیں ۔انہوں نے خطاب میں کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ریاست کے تمام اضلاع کی ہم جہت ترقی ہو گی چاہئے وہ سڑکوں پر تارکول بچھانا ہو ڈرنیج تعمیر کرنا ہو یا پھر دیگر کام ہوں ۔انہوں نے کہا موجودہ سرکار ریاست کی ترقی اور ریاستی لوگوں کے بہبود کی وعدہ بند ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائے گی تاکہ کسی خطے یا پھر ضلع کے ساتھ ناانصافی نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی سرینگر شہر کو ملک کے بہترین شہروں میں شامل کرنے کیلئے انتھک کوشش کر رہی ہے اور اس کیلئے ترقیاتی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں ۔