جموں// مدھیہ پردیش میں کسانوں کی ہلاکت کے اثرات جموں پربھی پڑنے شروع ہوگئے ہیں۔ یہاں این ایس یوآئی کے کارکنان تنظیم صدر نیرج کندن کی قیادت میں صدردفترگاندھی نگرمیں جمع ہوئے ۔کارکنوں کے ہاتھوں میں رنگ برنگے کارڈ اور پوسٹل کارڈ تھے جن پرنریندرمودی کے خلاف عوام کی ناراضگی کے پیغامات درج تھے اورطلباء ’’کسان وردھی نریندرمودی ‘‘ اور’’جے جوان جے کسان ‘‘کے فلک شگاف نعرے بلندکررہے تھے۔ اس موقعہ پرطلباء پوسٹل کارڈ وزیراعظم کے دفترنئی دہلی روانہ کئے۔جن پر یہ پیغام درج تھاکہ ’’مدھیہ پردیش میں بے گناہ اورغریب کسانوں کی ہلاکت پرمجرمانہ خاموشی کیوں اختیارکئے ہوئے ہیں‘‘اس کے علاوہ یہ پیغامات بھی درج تھے کہ ’’مودی جی برائے مہربانی خاموشی چھوڑئیے اورقوم کوبتائیں کہ مدھیہ پردیش کے کسان کیوں ہلاک ہورہے ہیں‘‘۔حالانکہ اس موقعہ پرلوگوں اوردکانداروں نے بھی این ایس یوآئی کے احتجاج میں شرکت کی۔