مرینا//مدھیہ پردیش کے ضلع مرینا کے اسٹیشن روڈ تھانہ علاقہ میں ریت سے بھری ٹریکٹرٹرالی نے ایک جیپ کو ٹکر مار دی، جس سے ایک ہی کنبہ کے 15افراد کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں آٹھ خواتین اور سات مرد شامل ہیں۔بارہ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پانچ زخمی افراد ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ دو سنگین زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے گوالیار بھیجا گیا تھا لیکن انہوں نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ ٹریکٹرٹرالی میں ریت غیر قانونی طور پر لے جائی جا رہی تھی۔ اس کے ڈرائیور نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے سامنے سے آنے والی جیپ میں ٹکر مار دی۔ جیپ میں بھی گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے ۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ جیپ میں سوار ایک درجن مسافروں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ مرنے والی خواتین کے نام پریما، مینابائی، پاروبائی، کنتی بائی، بھوری، گیتابائي اور رامبیٹی ہیں۔ اس کے علاوہ پانچ مردوں کی شناخت وجے سنگھ، رنچھور، بلو، رامنواس اور جیپ ڈرائیور راجویر شامل ہیں۔ تین دیگر مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جن میں ایک عورت اور دو مرد شامل ہیں۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور فرار ہے ۔یواین آئی