سرینگر//حریت(گ) چیرمین سید علی گیلانی نے افواج کی طرف سے ریاست جموں کشمیر میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کی جانب اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور عالمی ریڈکراس کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ بھارت ریاستی عوام کی پُرامن تحریک کو آہنی ہاتھوں کے ساتھ کُچلنے کی راہ پر گامزن ہے۔ حریت رہنما نے ریاست کے حریت پسند عوام پر ظلم وبربریت میں شدّت لائے جانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ریاستی عوام کو انسانی مخلوق تسلیم کرنے سے قاصر ہے۔ شوپیان سے آئے ہوئے ایک عوامی وفد کے آہ وزاری پر اپنے گہرے احساسات اور رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے حریت چیرمین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پولیس انتظامیہ یہاں کے والدین کو اپنے لخت ہائے جگر کے اجساد ِ خاکی کو آخری دیدار کرنے کی خاطر واپس لوٹانے سے انکار کررہے ہیں۔ حریت رہنما نے ٹنگڈار میں حال ہی میں جان بحقکئے گئے نوجوانوں کو پولیس تحویل میں سُپردِ خاک کرنا کئی طرح کے شکوک وشبہات کو جنم دیتے ہیں۔ حریت راہنما نے انتظامیہ کی جانب سے کسی شخص کو قتل کرنے کے بعد خود ہی سپردِ خاک کرنا انسانی حقوق کی مٹی پلید کرنے کے مترادف ہے۔ حریت راہنما نے ٹنگڈار میں جان بحق افرادکے والدین کی طرف سے اپنے عزیزوں کی لاشیں سپرد کرنے کے مطالبے کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے پولیس انتظامیہ کے روئیے کو انسانی حقوق، اخلاق اور شرافت کے منافی ایک ظالمانہ کارروائی سے تعبیر کیا۔