عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سکریٹری اتل ڈلو نے ریاسی کے عوامی وفد کو نئے تعمیر شدہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال (ایم سی ایچ) کو جلد فعال بنانے کا یقین دلایا۔سابق پی آر آئی اور سول سوسائٹی کے دیگر ارکان پر مشتمل وفدنے چیف سیکرٹری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کے سامنے یہ مطالبہ اٹھایا۔اس کے جواب میں چیف سیکرٹری نے دورہ کرنے والے وفد کو صحت کی اس سہولت کو جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ ایل جی انتظامیہ شہریوں کو ان کی دہلیز کے قریب ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت جیسی بنیادی سہولیات کی آسان رسائی موجودہ نظام کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر وفد نے اپنے علاقے کی ترقی سے متعلق دیگر مطالبات بھی اٹھائے۔ ان میں سیاحت کی ترقی اور وہاں کے دیگر سول انفراسٹرکچر شامل ہیں۔چیف سیکرٹری نے ان کی بات غور سے سنی اور وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات پر مناسب غور کیا جائے گا اور مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔