راجوری//مدرسہ ضیا ء الاسلام منجاکوٹ میں انعاماتی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حال ہی میں سالانہ امتحانات کے نتائج میں اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء میں مدرسہ ہذاکی طرف سے نقد انعامات سمیت کتابیں بھی تقسیم کی گئی ۔ اس موقعہ پر 20یتیم بچوں کی کفالت کے پیش نظر ملبوسات بھی تقسیم ہوئے ۔ تقریب میں انجمن اہل سنت کے ضلع صدر مولانا فاروق نعیمی بھی موجود تھے ۔ مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ معصوم بچوں کی دینی تعلیم وتربیت کا نظام دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ، یہ سلسلہ اسی طرح سے چلتے رہناچاہئے اس کے لئے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنا تعاون دینی مدرسہ ضیاء الاسلام منجاکوٹ کو دیں ۔ضلع صدر نیشنل کانفرنس یوتھ مطیع الرحمن نے کہا کہ اس پرفتن دور میں جہاں ایک طرف ہر فرد واحد کو دینی تعلیمات سے آشناہونا ضروری ہے وہیں علماء کرام کی ضرورت بہتر معاشرے کی تکمیل کے لئے کافی اہم ہے ۔انہوں نے چیئر مین مدرسہ ہذا حافظ محمد الیاس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات سے ایسا لگ رہا ہے کہ راجوری میں دینی قلعوں میں دین کے سپاہی تیار ہورہے ہیں ۔