عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // مدرسہ التوحید، جامع مسجد تھنہ منڈی ضلع راجوری کے زیرِ اہتمام مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی میں ایک پرنور مجلسِ ذکرِ رسول ﷺ اور عظیم الشان سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس روح پرور اجتماع میں علمائے کرام، معززینِ شہر، طلبہ، نوجوانان اور عوام کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتیہ کلام سے ہوا جس کے بعد مہمان مقرر مولانا قاری جمیل احمد نے سیرتِ طیبہ پر جامع خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ بنی نوع انسان کیلئے کامل نمونہ اور مکمل ضابطہ حیات ہے، اور آج کے پیچیدہ مسائل کا واحد حل اسی میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کی دینی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ نئی نسل کو ایمان و اخلاق کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے۔تقریب کی سب سے خوش آئند بات یہ رہی کہ مدرسہ التوحید کے آٹھ خوش نصیب طلباء نے حفظِ قرآن کی سعادت مکمل کی۔ اس موقع پر شرکائے محفل نے نو عمر حفاظ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مدرسے کی انتھک علمی و دینی خدمات کو سراہا۔اختتامی کلمات میں مہتمم مدرسہ مفتی عبد الرحیم قاسمی ضیائی نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے دوہری مسرت کا باعث ہے، ایک طرف ذکرِ رسول ﷺ کی سعادت حاصل ہوئی اور دوسری جانب آٹھ طلباء نے حفظِ قرآن مکمل کیا۔ انہوں نے علاقہ بھر کے تمام عوام و خواص سے اپیل کی کہ وہ قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے اور دینی تعلیم کے فروغ میں مدرسے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔