لکھنو//اترپردیش میں جمعہ کو پیش کیا گیا بجٹ یوں تو کئی معنوں میں الگ ہے لیکن یہ بجٹ اقلیتوں کیلئے کوئی بڑی راحت لے کر نہیں آیا ہے۔ بجٹ تھوڑا مایوس کرنے والا ہے۔ وزیر اعلی کے گزشتہ بجٹ کو دیکھتے ہوئے آج کے بجٹ میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے ، لیکن خاص بات یہ ہے کہ وزیر اعلی یوگی نے مدرسہ جدید کاری کے نام پر کئی مدوں میں کروڑوں روپے جاری کئے ہیں۔جمعہ کو پیش کئے گئے بجٹ میں وزیر اعلی یوگی نے اقلیتی فلاح و بہبود کیلئے دو ہزار 757 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ عربی فارسی مدارس کی جدید کاری کیلئے 404 کروڑ روپے ، عربیہ مدارس کیلئے 486 کروڑ روپے اور منظورشدہ عالیہ سطح کے 246 عربی -فارسی مدارس کے فنڈ کیلئے 215 کروڑ روپے کا بجٹ میں بندوبست کیا گیا ہے۔گزشتہ سال اقلیتی فلاح و بہبود کیلئے وزیر اعلی یوگی نے 2475.61 کروڑ روپے کا بجٹ جاری کیا تھا۔ جبکہ اکھیلیش حکومت کے سال 2016-17 کے بجٹ پر نظر ڈالی جائے تو 3055.98 کروڑ روپے اقلیتی فلاح و بہبود محکمہ کی اسکیموں کیلئے دئے گئے تھے۔ 2015-16 میں بھی اس محکمہ کو 2776 کروڑ روپے کا بجٹ دیا گیا تھا۔گزشتہ سال وزیر اعلی یوگی نے مدرسہ جدید کاری کیلئے 394 کروڑ روپے دئے تھے جبکہ اس سال 8 کروڑ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے 404 کروڑ رپے کا بجٹ دیا گیا ہے۔اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مدرسوں کی جدیدکاری کا اعلان کیا ہے .آج یوگی نے آج صحافیوں کو بتایا کہ وہ مدرسوں میں تعلیم کو جدید طریقہ پر استوار کرے گا۔ مدارس کو 'براہ راست فوائد ٹرانسفر کے ذریعہ پیسہ دیا جا رہا ہے . اسکالرشپ میں اضافہ ہوا ہے . قوانین کے مطابق سبھی کی مدد کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کی آخری رسومات کے لئے 19۔2018کے بجٹ میں 200 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے سات عجوبوں میں شامل تاج محل ہیریٹیج ٹورزم کا حصہ ہے اور اس پر کوئی تنازعہ نہیں ہے .اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے بعدیو گی نے صحافیوں کو بتایا کی حکومت سیاحت کو فروغ دے رہی ہے ۔ مذہبی، ماحولیاتی اور ورثہ کی سیاحت کوفروغ دینے میں کوئی کمی باقی نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ تاج محل کے بارے میں کوئی تنازعہ نہیں ہے ۔تاج محل سیاحت کا بڑا مرکز ہے ۔ بھارت اور بیرون ملک کے سیاح تاج محل دیکھنے آتے ہیں۔حکومت سیاحوں کو بہتر سہولیت فراہم کراتی ہے ۔ ہماری حکومت سیاحوں کی گنتی میں اضافہ کی کوشش کر رہی ہے تاکہ روزگار کے مواقع اور آمدنی میں اضافہ ہو۔یو این آئی