سرینگر//نیشنل کانفرنس نے مخلوط سرکارکو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ برسراقتدارسیاسی جماعتوں کی وجہ سے جموں وکشمیر کی سالمیت، انفرادیت اور یکجہتی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ اننت ناگ میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال ناگفتہ بہ ہے جبکہ امن و قانون کے بگڑتے ہوئے حالات اور بجلی ، پانی و دیگر ضروریاتِ زندگی کی عدم فراہمی نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ وانی نے دفعہ35Aاور دفعہ370کے دفاع کیلئے عزم دہرایا کہ ان دفعات سے ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کی وحدت، انفرادیت، شناخت اور تینوں خطوں کی ثقافت، تہذیب و تمدن اور کلچر قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا اتحاد کے تمام وعدے اور اعلانات فریب ثابت ہوئے اور یہ دونوں جماعتیں ریاست جموں وکشمیر کی وحدت اور انفرادیت کو ختم پرنے پر تلے ہوئی ہیں۔ اس موقع پر کانگریس، پی ڈی پی اور بھاجپا کے 150عہدیداران اور کارکنوں نے اپنے حامیوں سمیت نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔اجلاس میں پارٹی کے سینئر لیڈران ڈاکٹر محمد شفیع، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ایڈوکیٹ ریاض احمد خان اور ڈاکٹر رفیق احمد کوچک کے علاوہ کئی عہدیداران موجود تھے۔