جموں //پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ریاست میں ایک پارٹی کی اجارہ داری کو ختم کر کے حقیقی معنوں میں جمہوریت کو بحال کیا ۔ پارٹی کے یومِ تاسیس پر پارٹی ہیڈ کوارٹر جموں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاست میں ایک ہی پارٹی کی اجارہ داری قایم تھی اور لوگوں کے پاس دوسرا کوئی متبادل نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے پی ڈی پی کی شکل میں لوگوں کے سامنے ایک متبادل رکھا ۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ پی ڈی پی نے پچھلے 18 برسوں کے دوران اپنے موقف سے انحراف نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے چاہے بی جے پی یا کانگریس کے ساتھ سرکار بنائی تا ہم پارٹی کا موقف کبھی تبدیل نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ملک کی ایک ایسی ریاست ہے جہاں دو ایمز قایم کئے جا رہے ہیں اور جموں و سرینگر کو سمارٹ سٹیز کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے اڑھائی برسوں کے دوران ریاست میں کئی ترقیاتی پروجیکٹ شروع کئے گئے جن میں سے بیشتر پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں ۔ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار ریاست میںباہمی رواداری اور بھائی چارے کی ایک مثال بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں ایجنڈا آف الائینس کی پابند ہیں ۔ اس موقعہ پر پارٹی کے دیگر کئی لیڈروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔