سرینگر//نیشنل کانفرنس کی یوتھ ونگ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ریاست کے اہم اداروں کی اہمیت،افادیت اور اعتباریت ختم کر دی ہے۔یوتھ صوبائی صدور اعجاز جان اور سلمان علی ساگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نوجوان کُش پالیسیوں سے نئی پود نااُمیدی کا شکار ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کی طرف سے کے ایے ایس جیسے امتحان میں جس قدر کنفیوژن پیدا کیا گیا، اُس سے اُمیدوار نہ صرف نااُمید ہوگئے بلکہ ذہنی انتشار میں بھی مبتلا ہوگئے۔ سروس سلیکشن بورڈ ہویا پھر پبلک سروس کمیشن ،موجودہ حکومت نے کلیدی اداروں کی اٹانومی اور شفافیت ختم کرکے رکھ دی ہے۔