سرینگر//حکومت کی ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف دمہال ہانجی پورہ کولگام میں نیشنل کانفرنس کی احتجاجی ریلی پارٹی آفس سے برآمد ہوئی اور ایس ڈی ایم آفس مین چوک کے قریب احتجاج مظاہرے کئے گئے۔پارٹی کی جنوبی زون صدر سکینہ ایتو کی قیادت میں برآمد ہوئی احتجاجی ریلی میں سینئر عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی میں پی ڈی پی مخلوط سرکار کی نوجوان کش پالیسیوں ، پیلٹ گن اور طلباو طالبات پر طاقت کے بے تحاشہ استعمال کیخلاف فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔سکینہ ایتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر اور عوام دشمن ثابت ہوئی ہے،حکومت نے عوام خصوصاً نوجوانوں کیخلاف اعلانِ جنگ کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کی اڑھائی سالہ حکومت میں کشمیر پر ظلم و ستم کے تمام ریکارڈ مات کئے گئے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ سکینہ ایتو نے کہاکہ سکولوں اور کالجوں میں گھس کر پیلٹ ، بلٹ اور ٹیئر گیس شلوں کی بوچھاڑ کی جاتی ہے، شمال سے لیکر جنوب تک حکومتی ظلم و ستم کیخلاف پُرامن احتجاج کررہے طلباء و طالبات کیخلاف بے تحاشہ استعمال طاقت کا استعمال کیا جارہاہے، پی ڈی پی نے وادی کشمیر کو ایک اذیت خانہ میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ، عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ رات کی تاریکی میں چھاپہ مار کارروائیاں انجام دے کر آبادیوں کو خوف زدہ اور دہشت زدہ کیا جارہا ہے،پی ڈی پی نے کشمیر کو لاقانونیت ،غیریقینت اور بے چینی کے بھنور میں دھکیل دیا ہے۔