پرویز احمد
سرینگر //حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کی زیارت سے اسلامیہ کالج حول تک سڑک خستہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔سڑک کے بیچوں بیچ کھڈ موجود ہیں جن میں ناصاف پانی کی وجہ سے نہ صرف آستان عالیہ پر آنے والے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اسلامیہ کالج سرینگر میں زیر تعلیم طالب علموں کیلئے بھی یہ سڑک مشکلات کا سبب بنی ہوئی ہے۔ گوہر احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ سڑک پرڈرنیج کی تعمیر کا کام ادھوارا چھوڑا گیا ہے اور اس کے نتیجے میں نہ صرف سڑک پر پانی جمع ہے بلکہ گاڑیوں اور پیدل آنے جانے والے زائرین کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ اسلامیہ کالج میں زیر تعلیم طالب علم رومان فاروق نے بتایا کہ وہ گھر سے صبح کالج جانے کیلئے صاف ستھرے کپڑے پہن کر نکلتے ہیں لیکن سڑک خستہ ہونے کی وجہ سے گھڈوں میں موجود پانی راہ چلنے والی گاڑیوں کے چلنے اور گندے پانی کی چھینٹوں سے طلبا کے کپڑے خراب ہوجاتے ہیں۔ رومان نے بتایا کہ جب کپڑوں کی حالت خراب ہوتی ہے تو انہیں کالج چھوڑ کر گھر واپس جانا پڑتا ہے اور ایسا اکثر ہوتا ہے۔ا سلامیہ کالج میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے علاوہ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں۔