جموں//ہریجن سیوک سنگ ( ایچ ایس ایس ) ، اکھل بھارتی رچناتمک سماج ( اے بی آر ایس ) اور ایسوسی ایشن آف پیوپل آف ایشیا ( اے پی اے ) کے ایک مشترکہ وفد نے ایچ ایس ایس کے صدر سنکر کمار سنیال کی قیادت میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ راج بھون میں ملاقات کی ۔ وفد نے گورنر کو مہاتما گاندھی کے تصور کے عین مطابق وادی میں امن اور اخوت کے پیغام کو عام کرنے کی اُن کی کوششوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ وفد نے اُن اقدامات کی بھی نشاندہی کی جو ریاست جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے میں معاون اور مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں تا کہ یہ نوجوان قوم کی تعمیر میں اپنا رول ادا کر سکیں ۔ سماج کی بقاء کو فروغ دینے کیلئے وفد کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے گورنر نے اُن پر زور دیا کہ وہ سماج کے پچھڑے طبقے خاص طور سے نوجوانوں کی بہبودی کے کام جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کے گوناں گوں تہذیبی و ثقافتی ورثے سے بھی روشناس کیا جانا چاہئیے ۔ وفد میں ارملا شریواستو ، پی ماروتھی ، شکھا سنیال ، شوکت عیشائی ، عبدالمجید بچو ، ثنا اللہ تعمیر بھی شامل تھے ۔