سرینگر//وادی کے مختلف علاقوں میں الگ الگ سڑک حادثوں کے دوران 2افراد جاں بحق اور5 افراد زخمی ہوگئے جن میں دو اسکولی بچے بھی شامل ہیں۔جنوبی ضلع شوپیان کے چھوٹی پورہ ہیر پورہ علاقے میں ایک ٹریکٹرحادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جاگرا۔اس واقعہ میں ٹریکٹر ڈرائیور باسط قیوم حجام ساکن بوری ہالن شوپیان موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھا جبکہ دانش فیاض ساکن کریوہ مانلو نامی راہگیر بری طرح سے زخمی ہوا ۔اسے فوری طور پرضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا گیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ادھر سرینگر کے لسجن بائی پاس پرنامعلوم تیز رفتار گاڑی نے غلام احمد راتھر ساکن فراسی پورہ پلوامہ نامی راہگیر کو ٹکر مار کر زخمی کردیا۔مذکورہ شہری کو خون میں لت پت حالت میں صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ پولیس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کرلیا۔سرینگر کے ہی مضافاتی علاقہ پہرو چوک نوگام کے نزدیک ایک ماروتی کار اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر ہونے سے موٹر سائیکل سوار جاوید احمد کھٹانہ ساکن کھرہامہ لولاب کپوارہ زخمی ہوااور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔سرینگر کے پارمپورہ علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل نے راہ چلتے حبیب اللہ دندرو ساکن چھہ بل سرینگر کو اپنی زد میں لاکر زخمی کردیا۔مذکورہ شہری کو فوری طور اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ادھر کپوارہ میں شالہ گنڈ لالپورہ کے مقام پر ایک اسکول وین سڑک سے لڑھک کر حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو اسکولی بچے مضروب ہوئے اور انہیں علاج و معالجہ کیلئے لالپورہ اسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثناء سوف شالی کوکر ناگ میں ایک نامعلوم موٹر سائیکل نے محمد رجب بٹ نامی مقامی شہری کو ٹکر مار کر زخمی کردیا۔(کے ایم این)