سرینگر//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کلشے گریز میں رونما ہوئے آگ کی واردات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں درجنوں مکانات تباہ ہوئے۔وزیر نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کو متاثرہ کنبوں کے لئے امداد ی سامان روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔وزیر نے کہا کہ حکومت کو جائیداد کے نقصان پر بہت افسوس ہے اور متاثرہ کنبوں کی ہرممکن امداد فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ کنبوں کو تمام ضروری امداد فراہم کریںتاکہ آنے والے سردیوں کے موسم میں یہ کنبے اپنی رہائشی سہولیات دوبار ہ تعمیر کرسکیں۔
کپواڑہ ضلع ترقیاتی بورڈ کے فیصلوں کی عمل آوری کا جائزہ
ذوالفقار کاترقیاتی پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندرمکمل کرنے پر زور
سرینگر//خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے ایس کے آئی سی سی میں ایک میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی بورڈ کپواڑہ کی گذشتہ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے بروقت رقومات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا تا کہ انہیں جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ رواں مالی سال کے لئے ضلع کے منظور کئے گئے21924.79 لاکھ روپے کے منصوبے میں سے اب تک مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر6158.32 لاکھ روپے صرف کئے گئے ہیں۔ اس موقعہ پر مختلف شعبوں میں صرف کی گئی رقومات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا گیا۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ اس سال مارچ میں منعقدہ میٹنگ کے دوران لئے گئے36 میں سے21 فیصلے عملائے گئے جب کہ باقی تکمیل کے حتمی مرحلے سے گذر رہے ہیں۔چوہدری ذوالفقار علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے اس علاقے کے حالیہ دورے کے دوران یقین دہانی کرائی گئی کہ تمام پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون دیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ممبر پارلیمنٹ میر فیاض احمد، ارکان اسمبلی انجنیئر عبدالرشید، راجا منظور احمد، بشیر احمد ڈاراور قیصر جمشید لون کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر خالد جہانگیر اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر نے کہا کہ ترقیاتی پروجیکٹوں کو عملاتے وقت کاموں کے معیار کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئے تا کہ پروجیکٹوں کے فوائد نچلی سطح پر پہنچ سکیں۔
ڈورو میں کانگریس کا احتجاج
عارف بلوچ
ڈورو//ڈورو شاہ آباد میں موئے تراشی کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں پارٹی سے وابستہ کارکنوں نے شرکت کی ہے ۔جلوس ڈورو اسٹیڈیم سے نکل کر ایس ڈی ایم آفس کے احاطے پہنچ کر پُر امن طور منتشر ہوا ہے ۔ریلی میں شامل کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر سرکار مخالف ،بیٹی بچاﺅ جیسے نعرے درج تھے ۔اس موقع پر کارکنوں نے ایس ڈی ایم ڈورو کو میمورنڈم پیش کیا ہے ۔
وزیراعلیٰ ماگام کے معاملات میں سنجیدہ:میر ماگامی
مسائل حل کرنے کی خاطر ٹھوس اقدامات کئے ہیں
ماگام //سینئر سیاسی لیڈر انجینئر محمد اکبر میر ماگامی نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کااس بات کیلئے شکر یہ ادا کیاہے کہ انہوںنے ماگام کے مسائل کے حل کی خاطر ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں میر ماگامی نے کہاکہ ا ن کی قیادت میں ماگام کے وفود نے وزیر اعلیٰ سے حالیہ عرصہ میں ملاقات کرکے ان کے سامنے کئی مطالبات رکھے جن سبھی پر عملی طور پر اقدامات شروع کردئے گئے ہیں ۔میر ماگامی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے ماگام ہسپتال کے نظام میں بہتری لانے کا یقین دلایا اور اب ماگام ہسپتال میں ایک اضافی سرجن ڈاکٹر کی ایک ہفتہ کے اندر اندر تعیناتی کا حکم دیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے ماگام میں کھیل کود کے میدان کی تعمیر کا یقین دلایااور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کام میں تیزی لائی جائے اور اگر مزید فنڈز ضرورت ہوںتو وہ بھی فراہم کئے جائیں۔انہوںنے کہاکہ آر اینڈ بی ڈیویژن ماگام کو موثر بنانے کیلئے کل وقتی ایکسن کی تعیناتی عمل میں لانے کا حکم جاری کیاگیاہے جبکہ ماگام میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کا حکم بھی جاری ہواہے۔میر ماگامی کے مطابق مرکزی امام بارگاہ ماگام میں سولر پاور پلانٹ کی تنصیب ،ماگام میں انڈسٹریل اسٹیٹ اورقصبہ میں اے این ایم ٹی سکول کے قیام سے متعلق متعلقہ حکام کو جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے اوراسی طرح سے ریسونگ اسٹیشن ماگام کی تین ماہ کے اندر تکمیل کی ہدایت دی ہے جبکہ میونسپل کونسل ماگام کے کام سدھار لانے کیلئے ڈپٹی کمشنر بڈگام کو نگرانی کا حکم جاری کیاگیاہے ۔اس کے ساتھ ہی ٹاﺅن ہال سے ہفت چنار تک پیدل پل کی تعمیر کی بھی ہدایت دی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ نے کوٹ روڈ ماگام کے دوکانداروں کی بازآبادکاری عمل میںلانے کا بھی کہاہے ۔ان کاکہناہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے ممنون و مشکور ہیں جنہوںنے ان مطالبات پر فوری کارروائی کرنے کیلئے احکامات جاری کئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ماضی میں کئی مرتبہ یہ مطالبات حکام کے گوش گزار کئے گئے لیکن کسی نے کوئی توجہ نہ دی۔
گاندربل اورکرگل میں پولیس یادگاری تقاریب
ارشاد احمد
گاندربل+لداخ//ڈسٹرکٹ پولیس لائنز گاندربل میں ایک تقریب کے دوران اُن پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیاجو مختلف معرکہ آرائیوں کے دوران لقمہ اجل بن گئے۔ اس موقع پرمہمان خصوصی ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون،ایڈیشنل ایس پی فیاض حسین،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر رمیض،ایس ڈی پی او کنگن عمر شاہ، ڈی ایس پی (ڈار )غلام حسن بخاری،تمام ایس ایچ اوز اور دیگر اہلکار موجود تھے۔واضح رہے کہ 1ہزار 22 اہلکار، ایک ڈی آئی جی، ایک ایس پی،20ڈی ایس پی،24 انسپکٹر،31 اسسٹنٹ سب انسپکٹر،63 اے ایس آئی،142 ہیڈ کانسٹیبل پچھلے 28 برسوں میں اپنی جانیںگنوا چکے ہیں۔ اس دوران کرگل میں بھی پولیس یاد گاری دِن منایا گیا۔اس موقع پر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے ایگزیکٹو کونسلر برائے تعلیم ایڈوکیٹ محمد عامر، سی ای سی کے مشیر حاجی محمد شفیع، پرنسپل ڈسٹڑکٹ اینڈ سیشن جج کرگل سنجیو کمار بھگت، ڈپٹی کمشنر کرگل حاجی گلزار حُسین، ایڈیشنل ایس پی کرگل ارون گپتا، اعلیٰ سول، پولیس ، فوجی افسران، مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کے عہدیدار، مارے گئے پولیس جوانوںکے افراد خانہ اور معزز شہری بھی موجود تھے۔اس دوران اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
آرینز کالج کا چندھی گڑھ میں سمینار
سرینگر //آرینز کالج آف انجینئرنگ( ائے سی ای) چندی گڑھ نے اکو سینزیٹو ڈیولپمنٹ ان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے موضوع پر ایک سمینار کا انعقاد کیا جس میں انجینئرنگ کے مختلف شعبہ جات جن میں سی ایس ای، ایم ای، ای سی ای، ای ای اور ای ای ای کے طلبہ موجود تھے۔ اس موقعے پر ایچ او ڈیم یو آئی ای ٹی چندی گڑھ ڈاکٹر ہرمیشن کمار کنسل، ایچ او ڈی،سابق ا یس ڈی کالج ڈاکٹر رمیش ڈاگرا، انجینئر ستندر پال سنگھ، پروجیکٹ ہیڈ، اسسنٹنٹ پروفیسر انجینئر سپریت سنگھ، اسسٹنٹ پروفیسر چندی گڑھ یونیورسٹی نے بھی تقریر کی۔ ڈاکٹر ہرمیشن کنسل نے طلبہ کو گرین اینرجی اور اسکے استعمال ، ننو ٹیکنالوجی اور مستقبل میں اسکے فائدے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تدریسی عمل اور صنعت پر مکمل جانکاری حاصل کریں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیشن ڈاگرا نے ماحولیات کو تباہ کرنے والے اور مضر صحت اجزا پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بہترین زندگی گزارنے کیلئے کھانے پینے کے عادات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ انہوں نے طلبہ کو سوچھ بھارت ابھیان میں حصہ لینے پر بھی راضی کیا۔ اس موقع پر آرینز گروپ کے ڈائریکٹر پروفیسر بی ایس سدھو، آرینز گروپ کے رجسٹرار سکھ من باتھ ، انجینئر انیل کمار۔ ایچ او ڈی میکنیکل ڈیپارٹمنٹ انجینئر امن پریت سنگھ، انجینئر نشانت کمار، انجینئر محمد عروج، انجینئر راہل، انجینئر رجت کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔
کولگام میں چناﺅ فہرستوں کی سپیشل سمری کا جائزہ لیا گیا
کولگام//شاہد عنایت اللہ جنہیں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ضلع کولگام کے لئے چناﺅ فہرست مشاہد کے طور پر تعینات کیا ہے کی صدارت میںسنیچر کو منی سیکریٹریٹ میںای آر اووز،اے ای آر اووز اورسیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںچناﺅ فہرستوں کی سمری رویژن کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ضلع چناﺅآفیسر طلعت پرویز نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے دعوﺅں ،اعتراضات ،ڈیٹابیس کی اپ ڈیشن اورای پی آئی سی کی موجودہ نوعیت کے بارے میں تفصیلی خلاصہ پیش کیا۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ چناﺅ فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن کے لئے 4ای آراووز اور14اے ای آراووز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں 337092رائے دہندگان درج ہیں جب کہ یہاںکی آبادی 2011کی مرد م شماری کے مطابق 5.34لاکھ ہے۔اس طرح یہاں ریاستی شرح 52.60فیصد کے مقابلہ میں رائے دہندگان کی آبادی 62فیصد ہے۔اب تک فارم 6کے تحت 1494خارج کئے گئے ہیں۔میٹنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ فارم 6کے تحت 1108نئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ 20اکتوبر 2017ءتک فارم 7کے تحت 982درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔اس موقعہ پر چیف ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ 18اور19سال کے لئے رائے دہندگان کاصد فیصد اندراج یقینی بنائیں۔
بڈگام میں گندہ پانی سپلائی کرنے کا متعلقہ محکمہ پر الزام
سیفی سوپوری کے لواحقین سے تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری
سرینگر//نیشنل کانفرنس ، پیپلز پولیٹکل فرنٹ اور پےپلز لےگ نے معروف ادیب اور سخنور سیف الدین سیفی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کےساتھ دلی تعزیت کا اظہار کا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا کہ اہل کشمیر ایک باعزت علمی شخصیت، کہنہ مشق ادیب اور مصنف سے محروم ہوگئے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق، جاوید احمد ڈار، حاجی اشرف گنائی اور غلام رسول نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اور چیئرمین محمد مصدق عادل نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت،ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔ فرنٹ کے چیف آرگنائزر میر غلام حسن نے کئی دوسرے فرنٹ ممبران سمیت مرحوم کے گھر نیولائٹ کالونی سوپور جاکر فرنٹ کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین اور دوسرے متعلقین کے ساتھ تعزیت پُرسی کی۔ چیف آرگنائزر نے اس موقعہ پر منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم ایک ماہر تعلیم ہونے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ پایہ سماجی شخصیت تھی جو سماج سدھار کی کاوشوں کے لئے سوپور علاقہ میں ایک نمایاں پہچان رکھتے تھے۔ پےپلز لےگ کے مطابق تنظیم کااےک وفد امرگڈھ سوپور گیا جہاں معروف علمی شخصےت ،سماجی کارکن اور معروف حرےت پسند رفےع احمد مسعودی کے برادر اکبر سےف الدےن سیفی کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ وفد کی قےادت لےگ کے سینئر رہنما محمد مقبول صوفی اورملک منظور کررہے تھے جبکہ وفد مےں منےرلاسلام کے علاوہ دےگر کارکنان بھی شامل تھے ۔دریں اثناءہرل ہندوارہ کے سماجی کارکن و ریٹایرڈ ہیڈ ماسٹر عبدالغفار گنائی نے موصوف کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
ہوم گارڈز کے کمانڈنٹ جنرل کی گورنر سے ملاقات
سرینگر//کمانڈنٹ جنرل ہوم گارڈز، سول ڈیفنس اینڈ سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ دلباغ سنگھ آئی پی ایس نے کل یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقعہ پر انہوں نے گورنر کو قدرتی اور ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے ہوم گارڈز کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے گورنر کو موجودہ سرگرمیوں اور ہوم گارڈز کے تربیتی پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔گورنر نے دلباغ سنگھ سے کہا کہ وہ ہوم گارڈز کے تمام رضا کاروں کو متواتر تربیت دیں تا کہ وہ ناگہانی آفات کے دوران اپنی خدمات موثر طریقے پر انجام دے سکیں۔
پاکستان میں امریکی جمہوریت پر تبادلۂ خیال ضروری:اعظم انقلابی
سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ برصغیر کی غیر یقینی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ اسلام آباد(پاکستان) میں ایک علمی محفل میں ’’امریکی جمہوریت کا مستقبل‘‘ کے موضوع پر پاکستانی دانشور اس انداز میں گفتگو کریں کہ مشرق اور مغرب کے پالیسی ساز اطمینان کا سانس لیں۔موصولہ بیان کے مطابق اعظم انقلابی نے کہا کہ پاکستانی دانشور اس موضوع پر اظہار خیال کرسکتے ہیں کہ امریکہ دنیا کا سینئر جمہوری ملک ہے جس کی نظر یاتی بنیادوں پر بھی جمہوریت اور خدا پرستی میں یقین رکھنے والے لوگ فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان اور راحت ہے کہ خدا پرستی امریکی جمہوریت کی اساس ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہاں مختلف مذاہب اور ادیان سے وابستہ لوگ اپنے مذہبی نظریات کے ساتھ اپنی عبادتگاہوں میں مصروفِ عبادت ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اعترافِ حقیقت کے ساتھ ہمیں اپنے خدشات کا اظہار کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
پنڈت اور مسلم کے مابین جھگڑے کی وضاحت
سوشل میڈیا نے غلط طریقے سے پیش کیا:ڈپٹی کمشنرکولگام
کولگام21//کولگام میں پنڈت اور مسلم کنبے کے درمیان جھگڑے کے مد نظر ضلع مجسٹریٹ کولگام کل حقائق جاننے کے لئے فریقین سے ملے اوراس سلسلے میں ضروری اقدامات اُٹھائے ۔جھگڑا نصیر احمد اور اوتار کرشن پنڈت کے درمیان ایک اراضی کے ٹکڑے پر شروع ہوا جسے سوشل میڈیا نے غلط طریقے سے پیش کیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہاکہ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 182/2017 بتاریخ 19اکتوبر 2017ء پہلے ہی درج کیا گیا ہے اور چند گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔دریں اثناء ضلع مجسٹریٹ نے ایس پی کولگام کو تحقیقاتی عمل میں تیزی لانے اور شرارت پسندوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی ہے جنہوں نے ضلع میں سوشل میڈیا پر غلط خبر پھیلا کر آپسی بھائی چارے کو زک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے محکمہ مال کے افسروں کو بھی ہدایت دی کہ وہ اراضی کے جھگڑے کو جلد از جلد نمٹائیں۔ادھر پولیس کے مطابق پولیس کنٹرول کولگام کے ذریعے تھانہ پولیس کولگام کی پولیس پارٹی جائے موقعہ پر پہنچی اور کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ تنازہ سرکاری زمین پر ہوا تھاجوکہ کسی بھی فریق کی نہیں ہے۔