ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کی تقرری سے خفا
بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ کا احتجاج
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ// ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ڈوڈہ میں ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر عہدے پر ایسے شخص کو تعینات کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے جو ایسوسی ایشن کا ممبر تک نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں ڈوڈہ میں بار ممبران نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور اس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کے توسط سے ایک یادداشت کمشنر سیکریٹری محکمہ قانون و انصاف حکومت جموں کشمیر کو ارسال کی۔ بار ممبران نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے یہ باہر سے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر کی تعیناتی کو کالعدم قراردے کر ڈوڈہ کے پچاس سے زائد ممبران میں سے ایک کو اس عہدے پر تعینات نہ کیا تو وہ اپنے احتجاج کو وسعت دیں گے۔
ڈوڈہ سے ناجائز شراب برآمد، ملزم گرفتار
محمد اسحق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ پولیس نے غیر قانو نی شراب کی فروخت پر روک لگانے کے لئے شروع کی گئی خصوصی مہم کے دوران ایک شخص کے قبضہ سے دیسی شراب کی 15تھیلیاں ضبط کی ہیں اور اُس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ ایک شخص بس اسٹینڈ ڈوڈہ کے نزدیک دیسی شراب بیچ رہا ہے جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی سرپرستی،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس افتخار احمد کی نگرانی اور ایس ایچ او ڈوڈہ رگھو بیر سنگھ کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے جگدیو سنگھ ولدِ جمیت سنگھ ساکنہ بجارنی تحصیل بھاگواہ کے قبضہ سے غیر قانونی شراب کی15تھلیاں برآمد کیں اوراُس کے خلافFIR No 223/2017 U/S 48 -f Excise Act کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید پوچھ تاچھ اور تحقیقات کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی طرف سے غیر قانونی شراب کی فروخت کے خلاف شروع کی گئی مہم کے دوران ابھی تک 60مقدمات درج کئے گئے ہیں اور غیر قانونی شراب کی1829تھلیاں ضبط کی گئی ہیں۔عوامی سطح پر پولیس کی اس مہم کو بہت سراہا جا رہا ہے اور اسے ہر گائوں اور دیہات تک وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
۔3مویشی بازیاب،1شخص گرفتار
ڈوڈہ //مویشیوں کی سمگلنگ کے خلاف جاری مہم میںڈوڈہ پولیس نے 20 اور21 اکتوبر2017کی درمیانی شب کو ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کے ایس ایچ او انسپکٹر رگھو بیر کی قیادت اور زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈوڈہ افتخار احمد ضلع کے گنپت علاقہ میں ایک ناکہ لگایا اور ایک بد نام زمانہ مویشی سمگلر عاشق حُسین ولد غلام شاہ ساکنہ اکرم آباد ڈوڈہ کو گرفتار کیا اور 03 مویشیوں کو باز یاب کیا ۔ ڈوڈہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 222/2017زیر دفعہ 188 ۔آر پی سی کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ پولیس نے تحت نگرانی ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کے پی ایس ،مویشیوں کی سمگلنگ روکنے کے لئے ایک مہم شروع کر دی ہے۔اس مہم کے تحت گذشتہ 7دنوں میں پولیس نے مویشی سمگلنگ کے34 کیس درج کئے ہیں اور226مویشیوں کو سمگلروں کے چنگل سے چھڑا لیا ہے۔ڈوڈہ کے عوام نے ضلع پولیس کے ان کاوشوں کی کافی سراہنا کی ہے۔
رام بن میں کپاڑی سے تھالوا ہ تک سڑک کو منظوری
پی ڈی پی کارکنو ں کا وزیر اعلیٰ کے تئیں اظہار تشکر
ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع رام بن میں کپاڑی سے تھالوا تک کے 04 کلو میٹر سڑک تعمیرکرنے کو وزیر اعلی ٰ محبوبہ مفتی نے حال ہی میں ضلع کے دورہ کے دوران منظوری دی ہے۔ اس سلسلہ میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنوںنے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔تقریب میں کارکنوں نے عوامی نمائندوں کی سراہنا کی جنھوںنے وزیر اعلیٰ کے سامنے 14 ستمبر کو منعقد عوامی دربار میں یہ مطالبہ زور دار طریقہ سے پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے زونل صدر عبدل عزیز ملک نے کہا کہ یہ عوام کی ایک دیرینہ مانگ تھی کیونکہ اس سڑک کی تعمیر سے علاقہ کی ایک بڑی آبادی مستفید ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دورہ کے ایک ہفتہ کے دوران اس کام کی سروے اور ڈی پی آر مکمل کرکے انجینئروں کے پاس منظوری کے لئے بھیجا گیا ہے۔تقریب میں وزیر اعلیٰ کا چندروگ سے گگوال سڑک کے تین کلو میٹر کی تعمیر کرنے کے لئے منظوری دینے پر بھی انکا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر مقررین میں حاجی عبدالحمید ملک، عبدالرشید ملک، ٹھاکور پورن سنگھ، غلام محمد ملک، محمد حُسین ملک، محمد اکبر ملک، کھیم راج،رفیق نائیک ،یاسر و دیگران شامل تھے۔
وہیکل ڈرائیونگ اور مرمت کا کورس کا اہتمام
کشتواڑ//فوج نے ضلع کے ٹھاٹھری کے نوجوانوں کی بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے وہییکل ڈرائیونگ اور مرمت کا ایک کورس منعقد کیا ۔تربیت کا مقصد کشتواڑ اور ٹھاٹھری علاقہ کے نوجوانوں کے لئے روز گار پیدا کرنے اور ان بیروز اروں کو سیلف ایمپلائمنٹ کی جانب راغب کرنا تھا ۔کورس میں علاقہ کے22 بیروز گار نوجوانوں نے جے سی او اور بٹالین کی جانب سے فراہم کئے گئے ایک وہیکل میکنک کی نگرانی میںشرکت کی ۔تربیت کے دوران نوجوانوں کو وہیکل ڈرائیونگ کی پریکٹیکل اور تھیوریٹکل تربیت فراہم کی گئی۔ تربیت کے دوران وہیکلز کی دیکھ ریکھ و مرمت کی تربیت فراہم کی گئی۔ مقامی لوگوں نے فوج کی اس کام کی کافی ستائش کی اور کہا کہ اس سے نوجوانون کو اپنا روز گار کمانے میںمدد ملے گی۔
منشیات فروش گرفتار ،چرس برآمد
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسکے قبضہ سے چرس برآمد کیا ۔ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او پولیس اسٹشین انسپکٹر سمیر جیلانی نے ز یر نگرانی ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری کے پی ایس کی قیادت میں کلید چوک کے مقام پر ایک ناکہ لگایا ۔ ٹیم نے گاڑیوں اور پیدل چلنے والے راہ گیروںکی چیکنگ کے دوران ایک شخض مظفر حُسین ولد عطا محمد ساکنہ ملک نار چھاترو کی تلاشی لی اور تلاشی کے دوران اسکے قبضہ سے150گرام چرس برآمد کیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر206/2017درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔مبینہ ملزم کو گرفتار کرکے پوچھ تاچھ کے دوران اس نے بتایا کہ وہ اپنے سپلائروں سے یہ منشیات کی کھیپ حاصل کرتا تھا اور سے چھوٹی چھوٹی مقدار میں نوجوانوں میں فروخت کرتا تھا ۔پولیس اس کیس کی تحقیقات مختلف زاویوں سے کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔