مختصر خبریں

Kashmir Uzma News Desk
13 Min Read

 لہروال پورہ میں عوامی مسائل فوری طورحل کرنے پرزور

بانڈی پورہ//عوامی مسائل کا موقعہ پر ہی جائزہ لینے کے لئے اے ڈی سی بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے تحصیل بانڈی پورہ کے ریشی محلہ لہروال پورہ کا دورہ کیا۔اس موقعہ پر اے ڈی سی کو عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری دی گئی جس کے بعد اے ڈی سی نے عوامی مسائل کو مقررہ وقت میں حل کرنے کے لئے آفیسران کو خصوصی ہدایات دیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اگلے ماہ کے وسط تک 50پانی کی پائپیں بچھانے کی ہدایت دی۔مقامی سکول میں ایک عوامی دربار کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران مقامی لوگوں کے نمائندوں نے اندرونی سڑکوں کی تجدید اورلاورپورہ میں کیچڑ کے کھڑوں کی مرمت کرنے کی مانگ کی۔اے ڈی سی نے بتایا کہ محکمہ دیہی ترقی اس وقت تک سڑکوں کی مرمت کرے گا جب تک کہ محکمہ تعمیرات عامہ اس سلسلے میں لوازمات کو پورا نہیں کرتا۔اے ڈی سی نے ریشی پورہ میں بہتر طبی سہولیات اورایک الگ فوڈ سٹور قائم کرنے کی بھی یقین دہانی دی۔
 
 
 

آسیہ اورمشتاق الاسلام کی دوبارہ گرفتاری قابل مذمت

مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے آسیہ اندرابی کی دوبارہ گرفتاری ،مشتاق الاسلام کو نامعلوم جگہ منتقل کرنے اور مسلم لیگ رہنما بشیر احمد بڈگامی کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری اصولوں کے منافی اور حقوق البشر کی توہین قرار دیا ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ جن قیدیوں کو عدالت باضابطہ رہا کرتی ہے انہیں چند منٹوں کے اندر ہی دوبارہ گرفتار کرنے کا کیا جواز بنتا ہے ۔ سجاد ایوبی نے کہا کہ حد تویہ ہے کہ اب یہاں ماں کے انتقال کے غم سے لگے تازہ زخم سے نڈھال بیٹے کو بھی نہیں بخشا جاتا ہے اور اسے بلاجواز گرفتار کیا جاتا ہے جس کا ثبوت بشیر بڈگامی ہے جس کی ماں ایک ہفتے پہلے ہی انتقال کرگئی لیکن انسانیت سے عاری لوگوں نے اسے بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے گرفتار کیا جوکسی انسانی المیہ سے کم نہیں۔ 
 
 
 

نظربندوں کی فوری طور رہاکیا جائے

محاذ آزادی کا مطالبہ

سرینگر//محاذ آزادی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکمران طبقہ اپنے ہی قوانین کی دھجیاں اُڑارہا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق تنظیم کی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی کی ہدایت پر طلب کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ تنظیم سید الطاف اندرابی نے حکام کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکام آئین اور قانون کا زبردست ڈنڈھورا پیٹتے رہتے ہیں مگرافسوس کا مقام ہے کہ مرد تو مرد کشمیر کی خاتون مزاہمتی رہنما آسیہ اندرابی کو عدالتی احکامات کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں عبدلواحد کرمانی،محمد یوسف کلو،محمد شفیع میر،جہانگیرسلیم، سیدہارون ،شفیق سوپوری،محمدیوسف گلکار، خواجہ عطا محمداورفردوس ثاقب بھی موجود تھے ۔شوریٰ نے اس بات پر زور دیا کہ خون خرابے کو بند کرکے تمام گرفتار شدگان کو فوری طور رہا کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے پرسہ فریقی مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے۔
 
 
 

بیرون ریاست قیدیوں کی حالت زار

تحریک مزاحمت کااظہارتشویش 

 سرینگر//تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے بیرون ریاست جیلوں میں بند محبوسین کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے بیرون ریاست جیل میں بند عبدالغنی گونی،لطیف احمد وازہ،علی محمد کلہ ،مرزا نثار ،جاوید احمد خان اور دیگر درجنوں قیدیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ انتہائی مصائب اور تکالیف میں مبتلا ہیں اور جیل حکام ان کے تئیں معاندانہ رویہ اختیار کررہے ہیں۔انہوںنے اس سلسلے میں تہاڑ،راجستھان،جودھپور اور دیگر جیلوں میں بند محبوسن کوریاست واپس لانے کی مانگ کی۔بلال صدیقی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بیرون ریاست جیلوں میں بند قیدیوں کی حالت زار کو نوٹس لینے کی اپیل کی۔
 
 
 

پی این ڈی ٹی ایکٹ

ڈی سی کپوارہ کا جوابدہی کا عمل یقینی بنانے پر زور

کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کی صدارت میں پی سی اینڈ پی این ڈی ٹی ایکٹ کی عمل آوری کے سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میںنوزائد بچوںکی قبل ازوقت جنسی جانچ کے خلاف ایکٹ کی عمل آوری کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران ایکٹ کے مختلف پہلوئوں بشمول مختلف الٹراسائونڈا کلنکوں کو رجسٹریشن اجراء کرنے اور کلنکوں کا باضابطہ معائنہ کرنے اور خلاف ورزیوں وغیرہ کو روکنے کے لئے جوابدہی کا عمل یقینی بنانے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر ڈ ی ایچ او نوڈل آفیسر،چیف پلاننگ آفیسر،ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ کپوارہ کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسران پر کلنکوں اوراداروں کا متواتر معائنہ کرنے اورایکٹ کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے پر زوردیا تاکہ عوام کو ایکٹ کے بارے میں پوری جانکاری مل سکے۔
 
 
 

ٹنگمرگ میں مارکیٹ چیکنگ

ٹنگمرگ //ٹنگمرگ کے کئی بازاروں کا معائنہ کرنے کے دوران گلی سڑی سبزی کو ضائع کرنے کے علاوہ جرمانہ وصول کیا گیا۔ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹربارہمولہ ڈاکٹر شارق اقبال کی ہدایت پر تحصیل سپلائی افسر بارہمولہ نے تحصیلدار ٹنگمرگ کی نگرانی میں فیروزپورہ،تریرن اور چندی لورہ بازاروں کی مارکیٹ چیکنگ کے دوران 30 کلوگرام  گلی سڑی سبزی کے علاوہ چھ ہزار روپئے مالیت کی زاید المیعاد کھانے پینے کی اشیا موقع پر ہی ضائع کیں اور قصوروار دوکانداروں سے 3400 روپئے بطور جرمانہ وصول کیا۔(مشتاق الحسن)
مزاحمتی کارکن شکیل بٹ جیل میں علیل
 
 

اہل خانہ نے رہائی کا مطالبہ کیا

سرینگر//ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے چیف کوارڈی نیٹر شکیل احمدبٹ  اسلامک ریج بوائے سے مشہور مزاحمتی کارکن شکیل احمد بٹ کی مسلسل گرفتاری اور جیل میں انکی صحت کی ناسازی پراُن کے اہل خانہ کو سخت تشویش ہے۔اہل خانہ کے مطابق شکیل کو محض سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بناریا جارہا ہے جبکہ ان کی مسلسل نظربندی کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ شکیل احمد جیل کے اندر مختلف بیماریوں میںمبتلاہوئے ہیں جس کی وجہ سے اُسکی صحت بگڑ گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جیل میں نامعقول طبی سہو لیات کی وجہ سے شکیل کی حالت دن بہ دن ابتر ہورہی ہے۔انہوں نے شکیل کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے  ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حقوق البشر کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ انکی کی رہائی کیلئے اپنے اثرورسوخ کو بروئے کار لائیں۔ اس دوران ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ نے پا رٹی کے محبوس لیڈ ر شکیل احمدبٹ کی مسلسل گرفتاری کی مذ مت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انہیں محض سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنارہی ہے۔پارٹی کے ضلع صدرسرینگرمحمدعمران بٹ نے پارٹی کے محبوس چیف کوارڈی نیٹر شکیل احمدبٹ کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حقوقِ بشر کی دیگر تنظیموں سے مداخلت کی اپیل کی۔
 
 
 

امریکہ کے خلاف مسلمانوں کا اتحاد خوش آئند:پیروان/انجمن علماء

سرینگر//پیروان ولایت نے اقوام عالم کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم نہ کرنے کے فیصلہ پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پیروان کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قرار داد کے حق میں ووٹ دینے والے ملکوں نے ثابت کردیا کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد ہیں۔ مولانا نے کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کے حق میں ووٹ ڈال کر ان ممالک نے واضح کردیا کہ مسلمان فلسطین کے مسئلہ میں متحد ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کامیابیوں نے دستک دینے کی شروعات کی ہے ۔اس دوران انجمن علماء و ائمہ مساجد جنوبی کشمیر کے حافظ عبدالرحمان اشرفی نے اقوام متحدہ میں یروشلم پر امریکی فیصلے کیخلاف پاس کی گئی قرارداد پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ پرزوردیا ہے کہ وہ یکسوئی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی کیلئے جدوجہد کریں۔ 
 
 

سمبل میں 7جواری گرفتار

سرینگر//پولیس نے سمبل بانڈی پورہ میںقمار بازوں کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر7جواریوں کو رنگے ہاتھوں دھرلیا اوردائوپر لگائی گئی رقم ضبط کی۔پولیس اسٹیشن سمبل کو کچھ عرصے سے اس بات کی مسلسل شکایات موصو ل ہورہی تھیں کہ قصبہ کے آرمپورہ علاقے میں قمار بازوں نے اپنے ٹھکانے قائم کئے ہیں جہاں دن رات جوا کھیلا جاتا ہے۔اسی طرح کی ایک شکایت کے تناظر میںپولیس اسٹیشن سمبل کے ایس ایچ اوکی قیادت میںایک ٹیم نے اُس وقت7جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب قمار بازوںپر مشتمل ایک گروپ اپنے ایک مخصوص اڈے پر جوا کھیلنے میں مصروف تھا۔جن قمار بازوں کو حراست میں لیا گیا، اُن میںمحمد یوسف لون ساکن منزپورہ نائید کھئے، محمد امین کلو ساکن ننی نارہ، علی محمد کلو ننی نارہ، محمد یوسف بٹ آرمپورہ، عاشق احمد وگے آرمپورہ، جاوید احمد گنائی ننی نارہ اور ذوالفقار احمد ڈارساکن اندرکوٹ سمبل شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران دائو پر لگائے گئے17500روپے اور تاش کے پتے بھی پولیس نے ضبط کرلئے۔گرفتارقمار بازوں کے خلاف باضابطہ ایف آئی آرزیر نمبر 156/2017 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
 
 

شوپیان ہلاکت:ربینہ کے لواحقین سے اظہار ہمدردی

سرینگر//سالویشن مومنٹ خواتین ونگ کی سیکریٹری رقیہ بھاجی،مریم اختر،زاہدہ بانو اور عدنان سلفی نے شوپیاں جاکر روبینہ جان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔انہوں نے انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ ان واقعات کا سنجیدہ نوٹس لیا جائے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
ناظم صحت جموں منسلک
سرینگر //انچارج ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر گرجیت سنگھ کو منسلک کردیا گیا ہے ۔ ریاستی سرکار کی جانب سے سنیچر کی شام جاری کئے گئے ایک حکم نامے زیر نمبر 694ایچ ایم اسی سال 2017بتاریخ 23دسمبر 2017 میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروس جموں گرجیت سنگھ کو انتظامی امور کے پیش نظر رکھتے ہوئے منسلک کردیا گیا ہے۔ مذکورہ حکم نامے کے مطابق انچارچ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ڈاکٹر سمیت مٹو کو جموں کے محکمہ صحت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔   
 
 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *