ڈاکٹر فاروق،عمر،محبوبہ مفتی اور ذوالفقارکا اظہار رنج
سرینگر//قانون ساز اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اورچار مرتبہ اسمبلی ممبر بانہال رہنے والے مولوی عبد الرشید سنیچر کی صبح انتقال کرگئے ۔انہیں اپنے آبائی قبرستان پوگل بانہال میں سپرد خاک کیا گیاجس میں سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔اس دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی اور نیشنل کانفرنس نے قانون سازاسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر اور سابق ایم ایل اے بانہال مولوی عبدالرشید کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میںوزیر اعلیٰ نے بانہال علاقے کو ترقی کے راستے پر گامزن کرانے میں مرحوم کے رول کو اُجاگر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے ہم نے ایک عظیم سیاسی لیڈ ر کو کھو دیا ہے جنہوںنے ہمیشہ دور دراز علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے میں بہترین کام کیا۔محبوبہ مفتی نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ مرحوم نے ریاست جموں وکشمیر بالخصوص بانہال کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بے مثال کام کیا۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے بزرگ لیڈر مولوی عبدالرشید کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ این سی بیان کے مطابق موصوف شیخ محمد عبداللہ کے ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے اور تحریک محاذ رائے شماری میں مرحوم نے قید و بندکی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ پارٹی کے جنر ل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران سجاد احمد کچلو، خالد نجیب سہروردی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری ، شیخ بشیر احمد اور سجاد شاہین نے بھی اس سانحہ ارتحال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ ادھر شیر کشمیر بھون جموں اور نوائے صبح کمپلیکس سرینگر میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوئے جن میں مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
سیول سوسائٹی سوپور کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری
غلام محمد
سوپور// سیول سوسائٹی سوپور کیلئے حال ہی میں منتخب ہوئے صدرمحمد اکبر گنائی اور جنرل سیکریٹری ظفر احمد بٹ سمیت عہدیداروں نے حلف لیا۔تقریب میں قصبہ کے بیشتر عوامی حلقوں کے نمائندگان نے شرکت کی جس میں ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر حاجی محمد اشرف گنائی،رضاکار جماعت ڈان کے غلام نبی، پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول بائز فاروق احمد ہلوائی مہمان خصوصی تھے۔ کئی پرائیویٹ اسکولوں کے چیئرمین، فروٹ گروورس ایسو سی ایشن سوپور کے ممبران کے علاوہ لوگوں کی کافی تعداد موجود تھی۔سیول سوسائٹی کے بانی عبدالرشید پروین نے تقریب میں سیول سوسائٹی کے قائم ہونے پر مختصر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا ہے کہ 2009میں سیول سوسائٹی کے سوپور وجود میں آئی اور قصبہ کی ترقی فلاح و بہبود کے لئے شانہ بہ شانہ کام کرتے آئے ہیں۔ آخر میں سیول سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ حاجی عبدالرحیم گورو نے تقریب میں آنے والے مہمان خصوصی اور دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے حصہ کے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ اس سوسائٹی کو آنے والے وقت میں اور زیادہ مضبوط بنائیں۔
تاریخ ساز فیصلہ پی ایچ ڈی چیمبر
سرینگر// ریاست کے سیاحتی شعبے کو صنعتی فوائد دینے کے تاریخٰی فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے پی ایچ ڈی چیمبر کشمیر نے کہا کہ جموں کشمیر میں سیاحتی سیکٹر کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا۔پی ایچ ڈی چیمبر کشمیر کے چیئرمین مشتاق احمد چایا نے کہا کہ یہ مطالبہ حکومت کے ساتھ ہر رسمی و غیر رسمی ملاقات کے دوران زیر بحث لایا جاتا رہا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ کے اس بروقت فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی اور تاریخی فیصلہ ہے۔انہوں نے حکومت کی طرف سے سیاحتی شعبے کو تعاون فراہم کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔
(ظم وجبر کی پالیسیاں قابل مذمت :حریت (ع
سرینگر// حریت (ع)نے جموںوکشمیر میں نہتے عوام کیخلاف ظم و جبر کی پالیسیاں روا رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پر امن اور مبنی برحق جدوجہد میں مصروف عوام کیخلاف جس بے دردی کے ساتھ فورسز طاقت اور تشدد کا استعمال کررہے ہیں وہ مہذب اور جمہوری قدروں پریقین رکھنے والے اقوام کے لئے چشم کشا ہے ۔پلوامہ، کاکہ پورہ اور سانبورہ میں حریت رہنما مختار احمد وازہ نے پولیس اور فورسز کے ہاتھوں گرفتار شدگان کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اور تشدد کے بل پر کسی قوم کی جائز آواز کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا۔
امام موسیٰ کاظمؑ کے یوم ولادت پر آغا حسن کی تہنیت
سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت (گ)رہنماآغا سید حسن نے حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ کے یوم ولادت پر عوام کو ہدیہ تہنیت پیش کیا۔ آغا حسن نے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ نے اپنی تمام زندگی قید خانے میں گزاری لیکن دین و شریعت کے منافی نظام سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا ۔ آغا حسن نے کہا کہ برطانوی خفیہ ایجنسی MI6 دنیامیں شیعہ اور سنی طبقے کے درمیان بدگمانی ، بداعتمادی اور نفرت پیدا کرنے کے منصوبے پر عمل پیراہے۔
مذاکرات کارکی تقرری ایک مذاق:محاذ آزادی
سرینگر//محاذآزادی کے ایک دھڑے کے اجلاس میںکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔اجلاس میں حکومت ہند کی طرف سے کشمیر کے لئے مقرر کردہ مذاکرات کار دنیشور شرما کی تقرری کو ایک مذاق قرار دیا گیا ۔اجلاس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر لا اینڈ آڈر کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ کشمیر میں بسنے والے ڈیڑھ کروڑ عوام کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے۔اجلاس کی صدارت صدرِتنظیم محمد اقبال میرکررہے تھے جبکہ نائب صدر قطب عالم ،جنرل سیکریٹری جمشید عادل ،سیکریٹری ارشاد حسین شاہ،منظور احمد بٹ اور نذیر احمد میر بھی اجلاس میں شامل تھے ۔
قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے جیلوں میں بندمزاحمی قائدین و کارکنان کے صبر و استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی ۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ محبوس قائد مسرت عالم بٹ، ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، آسیہ اندرابی، محمد یوسف میر،محمد رفیق گنائی ، عبدالاحدپرہ ،اسداللہ پرے،حکیم شوکت، معراج الدین نندا، مولوی سجاد، ارشاد احمد پرہ، فہمیدہ صوفی،تنویر احمد وار، عبدالرشید بٹ، سجاد احمد ناو، فیاض احمد طلاق، خورشید احمد لون، حاجی غلام احمد پرے، سناء اللہ ڈار، دانش احمد ڈار، شہزاد احمد ڈار، ہلال احمد پرے،محمد عارف پرے، پرویزاحمد پرے، ظہور احمد ڈار، نثار احمد ڈار، شبیر احمد ڈار، محمد یونس ڈار، محمد اقبال وانی، فیاض احمد کمار، گلزار احمد وانی، دانش گوجری، عبدالحمید پرے، مشتاق احمد ہرہ، ریاض احمد میر، مشتاق احمد کھانڈے، جھانگیر رشید، محمد سلیم پرے، پرویزاحمد پرے، رمیز احمد پرے،محمد شعبان ڈار، شیخ محمد رمضان، کامران یوسف، ، خان سوپوری، محمد حیات بٹ،راجہ کلوال،امیر حمزہ شاہ، حفیظ اللہ میر، محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد بٹ، منظور احمد بٹ، عاطف احمد، رئیس احمد میر، سلمان یوسف،سجاد احمد بیگ، مدہ ثر رشید، منظور احمد پرے، عرفان احمد ڈار، عاقب احمد میر، عاشق حسین میر، ناصر عبداللہ، محمد اقبال وانی، بشیر احمد صالح، ۔مفتی ندیم، بشیر احد صوفی،سرجان برکاتی، شکیل احمد ایتو اور دیگر قیدیوں کا عزم و استقلال قوم کے لئے قیمتی سرمایا ہے۔
ڈینگو اورسوائین فلو:شوپیان میں سپیشل ٹاسک فورس کا قیام
شوپیان//ضلع ترقیاتی شوپیان محمد اعجاز اسد کی صدارت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈینگو اور سوائین فلو پر روک تھام کیلئے کئے جارہے اقدامات کا جائز ہ لیا گیا۔میٹنگ میں چیف میڈیکل آفیسر،چیف ایجوکیشن آفیسر،چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر،ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی اورتمام بلاک میڈیکل آفیسران کے علاوہ زونل ایجوکیشن آفیسران اوردیگر آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ضلع میں ڈینگو اورسوائین فلو پر روک تھام یقینی بنانے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ ان بیماریوں پر قابو پانے کے لئے سپیشل ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے چیف میڈیکل آفیسر،چیف ایجوکیشن آفیسر اورایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی شوپیان کو ضلع اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی جو کہ عوامی مقامات بشمول بس اسٹینڈوں،سومو اسٹینڈوں، کالجوں، سکولوں ،سرکاری دفاتر اورمیونسپل کمیٹی کے علاوہ پولیس لائینز میں مرحلہ وار طریقے پر روک تھام کے لئے اقدامات کے بارے میں بیدارکیا جاسکے۔ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت کے حکام کو ڈینگو اورسوائین فلو کے مشتبہ مریضوں کے لئے علیحدہ بیڈوں اورکمروں کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔