پولیس کارروائیاں قابل مذمت:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے دیرینہ کارکن خضر محمد گنائی ساکن لالپورہ لولاب اور وحید احمد گوجری ساکن راولپورہ کپواڑہ کے گھروںپر پولیس چھاپوں اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے ۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میںکہا کہ ایک طرف نوجوانوں کو تعمیر و ترقی، روزگار اور امن کے سپنے دکھا کر ورغلایا جا رہاہے وہیں دوسری طرف نوجوانوں کو تنگ کرکے انہیںبے بنیاد، من گھڑت اور فرضی کیسوں میں پھنسا کر خرمن امن میں آگ لگایا جارہا ہے۔ایوبی نے کہا کہ خضر محمد گنائی ایک 76 سالہ بزرگ ہے اور خط افلاس سے نیچے زندگی بسرکررہا ہے اور اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے ہمیشہ گھر سے دور رہتا ہے جبکہ وحید احمد گوجری صرف 16 سال کا ہے لیکن اس چھوٹی سی عمر میں بھی اس پر پہلے پی ایس اے عائد کیا گیا اور جب وہ رہا ہوئے تو ایک دن بھی اسے چین سے بیٹھنا نصیب نہیں ہوا اور حد تو یہ ہے کہ ایک مہینے پہلے وحید کے بزرگ والد کو اس کے بدلے تھانے میں بند رکھا گیا ۔
بانڈی پورہ میں دو شہری چرس سمیت گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران بانڈی پورہ پولیس نے گنستان اور اجس علاقوں سے دو افرادکو گرفتار کر کے اُن کی تحویل سے چرس ضبط کرلیا۔ پولیس نے ایس ایس پی شیخ ذوالفقار آزاد کی ہدایت پر ایس ڈی پی او سمبل شیخ طاہر امین نے ایس ایچ او سمبل محبوب بانڈے کے ہمراہ پولیس پارٹی نے مصدقہ اطلاع ملنے پر گنستان علاقے میں چھاپہ مار کر ایک ڈرگ اسمگلر کو گرفتار کر کے اُس کی تحویل سے ایک کلو پانچ سو گرام چرس ضبط کر لیا ۔پولیس نے کیس زیر نمبر 159/2017,8/20NDPS act درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔ منشیات مخالف ایک اور کاروائی میں بانڈی پورہ پولیس نے اجس کے نزدیک ناکے کے دوران ایک ڈرگ اسمگلر کو گرفتار کر کے اُس کی تحویل سے 155 گرام چرس ضبط کر لیا ۔پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔
سوپور میں سڑک حادثہ ،حاجن میں تیندوے کا حملہ،2خواتین زخمی
سوپور//کشمیر وائر// سوپور کے بوٹینگو علاقے میں اتوار کو ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون زخمی ہوئی۔ اتوار کی صبح ایک تیزرفتار ایکو وین زیر نمبرJK01.9027نے ایک خاتون کو ٹکر مار کر زخمی کیا۔ زخمی خاتون کی شناخت راجہ بیگم کے بطور ہوئی ہے جسے علاج ومعالجہ کیلئے سب ضلع ہسپتال سوپور منتقل کیا گیا۔ وار پورہ کی پولیس چوکی نے اس ضمن میں ایک کیس درج کیا ۔ ادھرحاجن میں ایک خاتون کو تیندوے نے حملہ کے دوران شدیدزخمی کردیا ہے۔ اتوارکی صبح کوخدیجہ بیگم زوجہ محمدسلطان کاواساکن مقدم یاری پر ایک تیندوے نے اس کے گھر کے باہر حملہ کیااورشدیدزخمی کیا۔اُسے فوری طور کمیونٹی ہیلتھ سینٹرحاجن علاج کیلئے لے جایاگیا۔
لداخ کا تاجر بین الاقوامی ایوارڈسے سرفراز
سرینگر//کشمیروائر//نامساعد موسمی حالات کے باعث ریاست وبیرون دنیا سے نصف سال تک الگ تھلگ رہنے والے خطہ لداخ کے ایک جوان سال تاجر نے سال رواں کا’’بین الاقوامی آئکن ایوارڈ‘‘ حاصل کیا۔ شاہ نواز وار کو شعبہ صحت میں نمایاںکارکردگی دکھانے کے باعث بین الاقوامی ایوارڈسے نوازا گیا۔شاہنواز کو گزشتہ روز نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں مس جیک لین فر نانڈیز نے اس ایوارڈ سے سر فراز کیا ۔ اس موقعہ پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شاہ نوازوار نے دنیا بھر کے سماجی کارکنوں سے تاکید کی کہ وہ لداخ جیسے الگ تھلگ اور پسماندہ خطے میں جاکر وہاں صحت کے شعبے میں کام کریں ۔
کشمیر یونیورسٹی کے اسسٹنٹ رجسٹرارفوت
ترال/سید اعجاز/کشمیر یونیورسٹی کے اسسٹنٹ رجسٹراراور نان گزیٹڈ ایمپلائز ایسو سی ایشن کے صدر عبد الرشید میر ساکن ڈاڈسر ترال اتوار کو انتقال کرگئے ۔کشمیر یونیورسٹی کی مختلف انجمنوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اس دوران وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر خورشید اندرابی نے شام دیر گئے مرحوم کے گھر جا کر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
پارٹی کارکن کی رہائی پرفریڈم پارٹی کااظہار اطمینان
سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے ضلع صدر شوپیان، تنویر احمد ساکن ترنج کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔پارٹی نے مختلف جیلوںمیںمقید کشمیریوں کی بلا شرط رہائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔تنویر احمدکو رواں سال کے ماہ اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا۔پارٹی کا ایک وفد سینئر لیڈر انجینئر فاروق کی سربراہی میں تنویر احمد سے ملاقی ہوا اور اُن کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گیلانی اور صحرائی کا اظہار تعزیت
سرینگر//تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی اور جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے بلال احمد ڈار جوالا پورہ بڈگام کی والدہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کے فرزند عطا محمد رواں جدوجہد آزادی کے دوران جاں بحق ہوگئے ہیں۔ قائدین نے مرحومہ کے تحریک آزادی کے تئیں رول کی سراہنا کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔ ان کی ہدایت پر تحریک حریت ذمہ دار سید امتیاز حیدر کی قیادت میں ایک وفد بلال احمد ڈار کے گھر گیا، جہاں انہوں نے بلال احمد ڈار کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کے حق میں دُعائے مغفرت کی۔
مسئلہ کشمیر کی بنیاد اقوام متحدہ کی قراردادیں:حریت جے کے
سرینگر// حریت( جے کے) نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی بنیاد اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں اور ان قراردادوں کو عملانے سے ہی مسئلہ کشمیر حل ہو سکتا ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق حریت (جے کے)کا ایک اجلاس مرکزی دفترپر منعقد ہواجس کی صدارت حریت (جے کے )کنوینر اور مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کی صدارت میں ہوا۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ مذاکرات مشق لاحاصل عمل ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ میں بھارت اورپاکستان سمیت عالمی ملکوں کی طرف سے امریکہ مخالف قرارداد کی غیر مشروط حمایت کا خیر مقدم کیا اور اسے ایک حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔اجلاس میں محاز آزادی کے صدر محمد اقبال میر ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو، ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار سمیت دوسرے لیڈران موجود تھے ۔
تحریک مزاحمت کا شوپیان مہلوکین سے اظہار ہمدردی
سرینگر//تحریک مزاحمت نے شوپیان مہلوکین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمارے بہادر نوجوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ آزادی اور اسلام کیلئے پیش کر رہے ہیں‘۔ایک بیان کے مطابق تنظیم کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے بٹہ مورن شوپیان جاکرتنویر احمداور ربینہ جان کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ صدیقی کے ہمراہ شیخ مصعب اور رفیق احمد بھی تھے۔بلال صدیقی نے کہا کہ ’ہر نئی صبح ہم اپنے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کے جنازے اٹھاتے ہیں تو ہم سب کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کہ حقیر ذاتی مفادات کی خاطر ان قربانیوں کا سودا نہ کریں‘۔ انہوں نے کہا ’’ہمیں اس بات کا اجتماعی عہد کرنا چاہیے کہ کسی بھی قیمت پر ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے حالیہ عام شہری ہلاکتوں کو بزدلانہ حرکت قرار دیا۔