وانی گام پٹن میں بجلی کی آنکھ مچولی
مقامی آبادی پریشان
فیاض بخاری
بارہمولہ//شمالی قصبہ پٹن کے وانی علاقے میں بجلی کی آنکھ مچولی سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ وانی گام بالا اور وانی گام پائین میں پچھلے کئی ہفتوں سے بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے شام ڈھلتے ہی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں۔ ایک مقا می شہری نثار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ وہ باضابطہ طور پر ماہانہ بجلی فیس ادا کر رہے ہیںلیکن اسکے باوجود انہیں بجلی سپلائی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طلباء کے امتحانات لئے جا رہے ہیں تاہم بجلی دستیاب نہ وہنے کی وجہ سے امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف ان کی تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ انکا قیمتی وقت بھی ضائع ہو رہا ہے ۔لوگوں کے مطابق انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں مطلع کیاتھا تاہم انہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا ۔انہوں نے علیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جلد از جلد بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔
کشمیری قوم کوجینے کا پیغام دیا:مولاناقانونگو
سرینگر // انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے حکیم الامت حضرت علامہ اقبال کے یوم ولادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے کشمیر کے خوابیدہ قوم کو اپنے پیدایشی حق کیلئے جینے کا پیغام دیا۔مولانا نے کہا کہ علامہ اقبال نے اہل کشمیر کے جید علماءو رہنمائے سیاست کواہل کشمیر کی باعزت زندگی کے لئے ایک فکری لایحہ عمل فراہم کیا لیکن علامہ کا وہ خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوا جو ہمارے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔
پی ایچ سی پیر پورہ گاندربل میں سہولیات کافقدان
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے پیر پورہ میں قائم پرائمری ہیلتھ سنٹر میں دوران شب بنیادی سہولیات کے فقدان پر مقامی لوگوں میں محکمہ کے خلاف غم وغصہ پایا جارہا ہے۔پی ایچ سی میں دوران شب نہ ہی بجلی دستیاب رہتی ہے اور نہ ہی ہسپتال میں دوائی ملتی ہے جس سے مریضوں کے ساتھ ساتھ تیماداروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق 8اور9نومبر کی درمیانی رات کو پیر پورہ کے ایک شہری رائیس احمد کی والدہ بیمار ہوگئی اور افراد خانہ نے اُسے ہیلتھ سنٹر منتقل کیا لیکن ہیلتھ سنٹر میںڈاکٹر تو تھے لیکن بجلی اور دوائی بھی نایاب تھی اور گرمی کا بھی کوئی بندوبست نہیں تھا۔رئیس احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہیلتھ سنٹر رسیونگ اسٹیشن کے بالکل عقب میں ہے لیکن ایمرجنسی بجلی سپلائی میسر نہیں ہے جبکہ دوائی کی ایک ٹکیہ بھی ہسپتال میں دستیاب نہیں۔انہوں نے کہا کہ دوائی لانے کیلئے تین کلومیٹر دور جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں تو پھررات کو ان کا کھلا رہنا کیا فائدہ ہے۔چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ڈاکٹر فیاض نے اس ضمن میں کہا کہ ایمرجنسی بجلی سروس کے لئے کارروائی کی جائے گی اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیں گے۔
درسگاہوں کا قیام لازمی
انجمن علماءائمہ مساجد جنوبی کشمیر کا اجلاس
سرینگر//انجمن علماءائمہ مساجد جنوبی کشمیر کی مجلس شوریٰ کا ایک خصوصی اجلاس مرکزی دفتر دارالعلوم سیدالمرسلین چوگام میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امور پر علماءکرام نے تفصیلی بحث کی ۔آخر میں متفقہ طور پر انجمن علمائے ائمہ مساجد کے امیر حافظ عبدالرحمن اشرفی مقیم دارالعلوم شمس العلوم کیلم کی صدارت میں تشکیل دی گئی جو درسگاہوں کے نظام کو مضبوط بنانے کا کام کرے گی اور جگہ جگہ درسگاہیں قائم کرنے کے لئے ائمہ کرام اور مساجد کی انتظامیہ سے رابطہ کرے گی۔کمیٹی کو یہ ذمہ داری بھی دی گئی کہ وہ درسگاہوں اور مدارس کے طلبا کے مسابقاتی پروگرام منعقد کرائیں۔ اجلاس کی صدارت مفتی شیراز احمد قاسمی سیکریٹری جنرل انجمن علماءائمہ مساجد جنوبی کشمیر نے کی اجلاس میں قادری نواز احمد شان ، بلال احمد قاسمی، قاری عبدالکریم ، حافظ ریاض احمد اور اسکے علاوہ متعدد علماءو ائمہ مساجد نے شرکت کی۔
شارق بخشی کی برسی پرتعزیتی مجلس
سرینگر// لبریشن فرنٹ نے شارق احمد بخشی کی برسی پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شارق بخشی کشمیر کے ایک ایسانوجوان تھا جس نے اپنی جوانی جموں کشمیر کی آزادی کےلئے قربان کردی۔ ایک بیان میں فرنٹ نے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنے خانوادے کی قربانیوں کے تسلسل کو آگے بڑھایا اور راہ عزیمت میں اپنی جان کی بازی لگادی ۔ برسی کے موقع پر اُنکے مزار واقع برزلہ سرینگر میں ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی جس میں فرنٹ قائدین شوکت احمد بخشی،انجینئر غلام رسول ڈار ایدھی،محمد صدیق شاہ،بشیر احمد کشمیری ،شوکت احمد ڈار اورمرحوم کے والد مولانا غلام محمد بخشی وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اُن کے ایصال ثواب کےلئے ایک دعائیہ مجلس بھی منعقد ہوئی ۔
ریشی گنڈ کرالہ پورہ میں پینے کے پانی کی قلت
اشرف چراغ
کپوارہ//کرالہ پورہ کے ملحقہ علاقہ ریشی گنڈ کے لوگ پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ اس گاﺅ ں کو آج تک بھی کسی بھی واٹر سپلائی سکیم کے ساتھ نہیں جو ڑ دیا گیا ۔چک محلہ ملک محلہ ریشی گنڈ کے لوگو ں نے بتا یا کہ یہ واحد علاقہ ہے جہا ں آ ج تک کوئی واٹر سپلائی سکیم تعمیر نہیں کی گئی اور لوگو ں نے آج تک ندی نالوں اور کنوﺅ ں سے پینے کا پانی حاصل کرتے تھے لیکن مسلسل خشک سالی کے نتیجے میں اب یہا ں کے ندی نالو ں کے ساتھ ساتھ کنوﺅ ں میں بھی پانی غائب ہوگیا جس کے نتیجے میں لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔مقامی لوگو ں نے مطالبہ کیاکہ علاقہ کو پانی کے ایک ٹینکر کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیا جائے ۔
مڈل سکول ناگہ بل میںپانی نایاب
ترال/سید اعجاز/ترال کے مضافات میں قائم سرکاری مڈل سکول گزشتہ تین ماہ سے پینے کے پانی سے محروم ہے ۔ سکول میں زیر تعلیم طالب علموں نے بتایا کہ سکول میں پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں بیت الخلاءبھی بیکار پڑے ہیںجس کی وجہ سے انہیںسخت مشکلات کا سامنا ہے ۔سکول کے ہیڈ ماسٹر نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے کئی بارمتعلقہ محکمہ کو مطلع کیا لیکن تاحال کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔
کے وی آئی بی نے انٹرپرنیورس سلیکشن پروگرام کا آغاز کیا
سرینگر//کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ نے انٹرپرینورس سلیکشن پروگرام کا آغاز کیا تاکہ پہلی نسل کے انٹرپرنیورس کو ریاست کے پرائیویٹ ہاﺅسسز اورانڈسٹریز کی طرف سے آگے جانے کےلئے ٹیکنیکل مارکیٹنگ کی خاطر ہر ممکن تعاﺅن فراہم کیا جاسکے۔نئے انٹرپرنیورس کا انتخاب تمام اضلاع میں متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کی نگرانی میںعمل میںلایا جائے گا۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ،چیئرمین کے وی آئی بی منصور سہر وردی اوردیگر افسران کے ساتھ آن لائین کے تحت اس پورے عمل کی نگرانی کریںگے۔خواہشمند انٹرپرنیورس کو منتخب کرنے کے بعد ریاست میں بیروزگاری کا قلع قمع کرنے میں کافی مدد ملے گی۔منصور سہروردی نے کہا کہ ایک ہی موقعہ پر خواہشمند انٹرپرینورس ،بیروزگارنوجوانوں اورپرائیوٹ ہاﺅسسز کو ریاست کے مائیکرو انڈسٹریل سیکٹر میں نئے وسائل پیدا کرنے کے لئے اقدامات کرنے کے علاوہ نئی شراکت داری اور اشتراک کے امکانات تلاش کئے جائیں گے۔افسران کے مطابق 62میں سے50امیدواروں کا انتخاب آن لائین طریقے پر عمل میں لایاگیا۔
عرفان نروری فاڈا کے صدر منتخب
سرینگر //فاﺅنڈیشن آف آٹو موبائل ڈیلس ایسوسی ایشن (فاڈا )کے صدر جان کے پال نے عرفان احمد نروری ( جمکیشن وہکلیڈز پرائیویٹ لمیٹڈ )کو جموں و کشمیر کیلئے فاڈا کا صدر منتخب کیا ۔ جمکیش وہیکلیڈزکشمیرفاڈا کا تاحیات ممبر ہے اورماروتی سوزوکی کیلئے کشمیر میں ڈیلر ہے۔ عرفان احمد نروری جموں و کشمیر میں فاڈا کی سرگرمیوں میں معاون ہونگے۔ فیڈریشن آف آٹوموبائیل ڈیلرزایسوسی ایشن ( فاڈا) وادی میں دو اور تین پہیہ والی گاڑیوں ، مسافر گاڑیوں، وین ، بسوں ، ٹرکوں اور ٹریکٹروں کے ڈیلروں کی انجمن ہے۔ فاڈا کو سال 1964میں ٹی وی ایس گروپ کے بانی اور صدر ٹی ایس سنتھن نے بھارت میں آٹوموبائل کے کاروبار سے جڑے لوگوں کی حقوق اور تجارت کو بڑھانے کیلئے قائم کیا تھا۔ فاڈا بھارت میں 15ہزار آٹو موبائل ڈیلروں کی ترجمانی کرتا ہے جو ملک میں کام کرنے والے آٹو موبائل کمپنیوں کی 90فیصد ہے۔ اپنی سرگرمیوں کے ایک حصے کے تحت فاڈا ریاستی اور مرکزی سرکار کے سامنے آٹوموبائل صنعت سے جڑے ڈیلروں کے مسائل کو اٹھاتا ہے۔ سمینار، کانفرنسوں اور تربیتی پروگراموں کو منعقد کرتا ہے اور ماہانہ جریدہ ” فاڈا جنرل‘ کے نام سے نکالتا ہے جو آٹوموبائل بنانے والی کمپنیوں کو بات چیت کیلئے موقعہ فراہم کرتا ہے۔