ماور میںشبانہ نقب زنی، 3دوکانوں کا صفایا
اشرف چرا غ
کپوارہ//ہندوارہ کے ماور لنگیٹ میں دوران شب نقب زنو ں نے تین دکانوں کا صفایا کر کے لاکھو ں روپئے کا سازوسامان اڑا لیا ۔ نقب زنوں نے جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو ہلال احمد شیخ ،امتیاز احمد شیخ اور لطیف احمد شیخ کی دکانوں کے شٹر تو ڑ کروہا ں موجود قیمتی سامان اڑا لیا ۔یہ واقعہ ماور علاقہ کے پنگرو گاﺅ ں میں پیش آیا۔متا ثرہ دکاندارو ں کا کہنا ہے کہ انہو ں نے بینکوں سے لون لیکر اپنی رو زی رو ٹی حاصل کرنے کے لئے دکانداری شروع کی تھی ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیات شروع کی ہے ۔
گورنراور وزیر اعلیٰ کا گوسوامی سے اظہار یکجہتی
جموں//گورنر این این ووہرا اور وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سابق مرکزی ہوم سیکرٹری انل گوسوامی کے والد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغامات میں گورنر اوروزیر اعلیٰ نے اُن کی آتماکی شانتی کے لئے دُعا کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
گیلانی ،ملک اور تحریک حریت کے تعزیتی پیغامات
سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے سینئر حریت رہنما واحد احمد میر جو قیدوبند کی زندگی گزاررہا ہے کی ہمشیرہ فہمیدہ میر کی رحلت پر گہرے صدمے اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ بھی شہید ہوچکی ہیں اور میر خاندان نے آج تک بہت قربانیاں دی ہیں۔گیلانی نے واحد احمد کے صبروثبات کو عقیدت کا سلام ادا کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دُعا کی۔ گیلانی نے ڈاکٹر محمد اشرف پیر باغ سرینگر کے انتقال پربھی اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔ گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کا ایک وفد بشیر احمد قریشی کی قیادت میں پیر باغ گیا جہاں انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دُعا کی۔ادھر لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے فرنٹ کے ایک ہمدرد اور معروف تاجر حاجی غلام نبی نداف کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔یاسین ملک ایک وفد کے ہمراہ مرحوم کے گھر پہنچے اور وہاں ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ تحریک حریت کے عمر عادل ڈار نے جاوید احمد خان ساکن بٹہ وارہ کی والدہ کی وفات پر اُن کے گھر جاکر اُن کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ عمر عادل ڈار نے مرحومہ کے حق میں جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی۔
سرکاری بیان سراب ثابت ،گرفتاریوں کا عمل جاری:حریت جے کے)
سرینگر//مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ریاستی سرکار کی طرف سے گرفتار شدہ نوجوانوں کی رہائی کے اعلان کو سراب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی اس بیان کی سیاہی سوکھی بھی نہیں تھی کہ جنوبی کشمیر میںکئی نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ،جو انتہائی افسوسناک ہے ۔
ویری ناگ کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی: اندرابی
اننت ناگ// حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق اندرابی نے آج ویری ناگ میں روگی کلیان سمتی کی میٹنگ کی صدارت کی۔اس موقعہ پر وزیر کو سمتی کی حصولیابی کے بارے میں جانکاری دی گئی اور اس سلسلے میں ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے طبی سیکٹر میں درج کی گئی کامیابیوں کا خاکہ پیش کیا گیا۔بلاک میڈیکل افسر ویری ناگ نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ سال2016-17 کے دوران آر کے ایس کے تحت3.44 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی جس میں سے اب تک2.70 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔پی ایچ سی ویری ناگ میں وزیر نے محکمہ صحت کے کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے ویری ناگ کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی میں لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ایس ڈی ایم ویری ناگ، ڈپٹی سی ایم او اننت ناگ، بی ایم او ویری ناگ اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے سیاسی اپروچ لازمی:فریڈم پارٹی
سرینگر// فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ بھارت کو تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے سیاسی اپروچ اپنانا چاہئے تاکہ اس دیرینہ مسئلے کو یہاں کے عوام کی مرضی کے مطابق حل کرنے کی راہ ہموار ہو۔پارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کو وہ طرز عمل ترک کرنا چاہئے جو اُس نے یہاں کے عوام کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنا رکھا ہے۔بیان کے مطابق تنازعہ کشمیرکی جڑیں تاریخ کے اندر پیوست ہیں اس لئے حقائق کو تسلیم کرکے ایک سیاسی اپروچ کے ذریعے ہی اس تنازعہ کو حل کرنے کی کوئی راہ نکل سکتی ہے۔بیان کے مطابق جموں کشمیرکے عوام نے اپنے سیاسی حقوق کے حصول کی خاطر بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں، اس لئے دنیا کی کوئی طاقت اُنہیں سرنڈر کرنے پر مجبور نہیں کرسکتی ہے اور نہ موجودہ ظالمانہ اقدامات سے اُنہیں زیر کیا جاسکتا ہے۔سیاسی قیدیوں کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیری قیدیوں کو عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے تاکہ اُن کے مسائل و مصائب کا ازالہ کیا جاسکے۔
کپوارہ میں غیر حاضر پائے گئے10ملازمین معطل
کپوارہ//سرکاری دفاتر میں ملازمین کی صد فیصد حاضری کو یقینی بنانے اورکام کاج میں بہتری لانے کے لئے افسران کی ایک ٹیم نے اے ڈی سی ہندوارہ پیر مظفر احمد کی قیادت میں مختلف محکموںکا اچانک دورہ کیا۔جس دوران 10ملازمین غیر قانونی طور ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔جس کے بعد ان ملازمین کو موقعہ پر ہی معطل کیا گیا اوریہ معاملہ ترقیاتی کمشنر کپوارہ کی نوٹس میںلایا گیا۔
سرینگر کیلئے روڈ سیفٹی پلان 2017-18ترتیب دیا جارہا ہے
سرینگر//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(وی) سرینگر نے کہا ہے کہ ضلع سرینگر کے لئے 2017-18 کے تحت روڈ سیفٹی ایکشن پلان ترتیب دیا جارہا ہے ،جس کےلئے محکمہ ٹرانسپورٹ متحرک ہوگیا ہے اور وہ اس کے مختلف پہلوﺅں کاجائزئہ لے رہا ہے۔اے ڈی سی نے کہا کہ پروفارما کے تحت تمام سینما گھروں کے علاوہ کیبل نیٹ ورک اوراہم مقامات مثلاً سرکاری دفاتر،ریلوے اسٹیشنوں ،بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر ہورڈنگس نصب کئے جائیں گے۔