سڑک حادثات میں8افراد زخمی
سرینگر//کشمیر وائر//سڑک کے دو الگ الگ حادثوں میں 8فراد زخمی ہوئے۔ جموںپٹھان کوٹ شاہراہ کے بار ول مورہ میں جموں جارہی ایک تیز رفتار گاڑی نے تین راہگیروں کو کچل کر زخمی کیا۔ اس دوران مذکورہ گاڑی نزدیکی ایک درخت سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار مزیدتین مسافر زخمی ہوگئے ۔ دریں اثنا جموں کے ہی سانبہ ضلع کے بری برہمنا میں کشمیر سے دلی جارہے سیبوں سے بھرا ایک ٹرک سڑک سے اُلٹ کر ایک ندی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ٹرک کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہوگئے ۔پولیس نے دونوں حادثوں کے سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
رسول رحمتؐ کی غیر مشروط اتباع کامیابی کی ضمانت:تحریک مزاحمت
سرینگر//تحریک مزاحمت سربراہ بلال احمد صدیقی کی قیادت میں ایک وفد نے ہردکچرو عشمقام میں ایک سیرتی مجلس میں شرکت کی ۔ وفد میں تنظیم کے سینئر رہنما شیخ مصعب اور خور شید احمد شامل تھے ۔ اس موقعع پر شیخ مصعب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول رحمتؐ کی غیر مشروط اتباع واطاعت میں ہی دنیاوی و اخروی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے اور اس سے ہٹ کر کوئی بھی طریقہ عمل خسارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ کو محض تاریخ یا رسم کے طور پر دہرانے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں جب تک کہ اس کی طرف اس غرض سے رجوع نہ کیاجائے کہ اپنے موجودہ دور اور حالت کے لے ہمیں اس سے کیا رہنمائی ملتی ہے۔
محکمہ اطلاعات ملازمین کا اپنے ساتھی کے ساتھ اظہار تعزیت
جموں//محکمہ اطلاعات نے محکمہ میں اسسٹنٹ کیمرہ مین کی حیثیت سے کام کر رہے محمد اشرف راتھر کے بہنوئی کے انتقال پر دُکھ کا ظہار کیا ہے ۔ا س سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن میں ناظم اطلاعات منیر الاسلام کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹوریٹ کے تمام افسروں اور ملازمین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
سوئیہ بگ میں میلاد جلوس
سرینگر// میلاد النبیؐ کی مناسبت سے بڈگام میں ایک جلوس حضرت سید محمد بخاریؒ کے آستان عالیہ واقع سویہ بگ بڈگام سے برآمد ہوا اور مختلف دہیات جن میں وڈون،نصر اللہ پورہ،گریند،مر گنڈ،سبدن،گلوان پورہ ،ہا کرمولہ اورلرہ بل سے ہوتے ہوئے سویہ بگ میں واپس اختتام پذیر ہوا۔جلوس میں سینکڑوںلوگوںنے شرکت کی۔ جلوس کی گزرگاہوں کو خوبصورت سبز بینروں اور جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔اس دوران حقانی میموریل ٹرسٹ نے لوگوں کو اُن کے جوش و جذبے کے اظہار پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
نیچر انسٹچوٹ کی طرف سے انعامی تقریب
سرینگر//نیچر انسٹچوٹ کی جانب سے سال 2017 کیلئے اتوار کو انعامی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر سیکریٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ناظم تعلیم ،جوائنٹ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر عابد حسین نے بطور مہمان ذی وقار شامل ہوئے۔ اس موقع پر سکول ایسوسی ایشن کے صدر جی ایم وار، سی ٹی اے صدر طارق عشائی، سینئر صحافی صنم اعجازاور چیئرمین نیچر شوکت علی بھی موجود تھے۔ کمشنر سیکریٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ اور دیگر مہمانان نے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے ۔
کنزر میں بورڈ سب آفس کا کام کاج شروع
ٹنگمرگ//کنزر میں سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے سب آفس نے سوموار کوباضابطہ کام شروع کیا۔ سب ڈویژن ٹنگمرگ کے عوام نے وزیر تعلیم، ممبر اسمبلی گلمرگ اورسیکریٹری ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا ۔ممبر اسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی اورسیکریٹری ایجوکیشن فاروق احمد شاہ نے چند ماہ قبل سب ڈویژن ٹنگمرگ کے زیر تعلیم طلبا و طالبات کی سہولیات کی خاطر علاقے میں سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کا سب آفس قائم کرنے کا مطالبہ وزیر تعلیم محمد الطاف بخاری کی نوٹس میں لایا تھا ۔پیر کو سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے سب آفس نے باضابطہ طور کام کاج شروع کیا۔(مشتاق الحسن )
گڑی بل سونہ مرگ میںغیر قانونی دوکانیں منہدم کرنے کی ہدایت
غلام نبی رینہ
کنگن// سونہ مرگ کے گڑی بل علاقے میں تعمیر کئے گئے دوکانداروںکو سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ از خود غیر قانونی طورتعمیر کی گئی دوکانوں کو منہدم کریں ۔سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کی ہدایت پر گڑی بل میںدوکانداروں کو نوٹس جاری کی گئی ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دوکانوں کو دس روز کے اندر اندر از خود منہدم کریں بصورت دیگرڈیو لپمنٹ اتھارٹی خود منہدم کرے گی۔
ریگی پورہ کپوارہ میں بجلی کی عدم دستیابی کیخلاف احتجاج
اشرف چراغ
کپوارہ// ریگی پورہ کپوارہ میںلوگو ں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔پیر کی صبح کو ریگی پورہ کے لوگ کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر نکل آ ئے اور محکمہ بجلی کے خلاف جم کر نعرئہ بازی کی ۔احتجاجی مظاہرین نے الزام لگایا کہ محکمہ بجلی نے حال ہی میں ایک انوکھا کٹوتی شیڈول مرتب دیا اور بار بار بجلی سپلائی میں خلل کی وجہ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریگی پورہ 8سو سے زائد چولہو ں پر مشتمل ہے ،کے لوگو ں کو سردیو ں کے ان ایام میں سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔مظاہرین نے کہا کہ ہر آدھ گھنٹہ کے بعد بجلی سپلائی کا ٹ دی جاتی ہے جبکہ شام کے وقت نا قص بجلی سپلائی کی وجہ سے ریگی پورہ گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتاہے ۔احتجاجی مظاہروں کے دوران کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر گا ڑیو ں کی نقل و حمل کئی گھنٹو ں تک متا ثر رہی ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو انتباہ دیا کہ اگر فوری طور ریگی پورہ میں صارفین کو شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی فراہم نہیں کی گئی تو وہ زور دار احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔
وزیر اعلیٰ کا بانڈی پورہ عوامی دربار بے سود:ایڈوکیٹ نذیر ملک
حکومت کی پالیسیوں سے نوجوان طبقہ مایوس
بانڈی پورہ//نیشنل کانفرنس لیڈر اور سینئر ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک نے بانڈی پورہ میںوزیر اعلیٰ کے عوامی دربار منعقد کر نے کو بے معنی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا’’بانڈی پورہ میں ہر ضلع سطح کی میٹنگوں میں یہ روایت رہی ہے کہ یہاں کے موجودہ اورسابق اسمبلی ممبران ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے میں عوام کا وقت ضائع کرتے ہیںاور ضلع سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال نہیں ہوتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا ضلع بانڈی پورہ دورہ صرف دورے تک ہی محدود رہا کیونکہ ضلع میں ایسی میٹنگوں کے منعقد ہونے کے لئے کو ئی معقول جگہ تک کا انتخاب نہیں کیا جا سکا ہیجس کی وجہ سے عام لوگ نہیں مل سکے ۔بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ کا یہ دورہ صرف ان کی جماعت کے کارکنوں سے ملنے کے مقصد سے منعقد کی گئی تھی اور عام لوگوں کو اس دربار سے نہ ہی کوئی امید تھی اور نہ ہی ان کو اس سے کوئی فائدہ ہوا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حکومت کی پالیسیوں سے نوجوان طبقہ مایوسیوں کا شکار ہے ۔
کپوارہ اور پٹن میں 7 قمارباز گرفتار
اشرف چراغ+فیاض بخاری
کپوارہ+بارہمولہ//پولیس نے کپوارہ میںقمار بازوں کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر4جواریوں کو رنگے ہاتھوں دھرلیا اوردائوپر لگائی گئی ہزاروں روپے کی رقم ضبط کی۔ پولیس اسٹیشن لالپورہ کپوارہ کو کچھ عرصے سے مسلسل شکایات موصو ل ہورہی تھیں کہ رنگوار علاقے میں قمار بازوں نے اپنے ٹھکانے قائم کئے ہیں جہاں دن رات جوا کھیلا جاتا ہے ۔اسی طرح کی ایک شکایت کے تناظر میںپولیس اسٹیشن لالپورہ کے ایس ایچ اوجان مظفرکی قیادت میںایک ٹیم نے اُس وقت4جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جب قمار بازوںپر مشتمل ایک گروپ اپنے ایک مخصوص اڈے پر جوا کھیلنے میں مصروف تھا۔جن قمار بازوں کو حراست میں لیا گیا، ان میںفاروق احمد بٹ ، عبدالرشید نداف ، غلام رسول راتھر ساکنان لالپورہ اور ظہور احمد میرساکن ٹکی پورہ شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران دائو پر لگائے گئے2500روپے اور تاش کے پتے بھی پولیس نے ضبط کرلئے۔گرفتارقمار بازوں کے خلاف باضابطہ ایف آئی آرزیر نمبر96/2017درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ادھر پٹن پولیس نے تین قمار بازوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔ ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز احسین نے بتایا کہ پٹن پولیس کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او پٹن کی نگرانی میں محمد رمضان ملہ ،وکیل احمد میاں اور بلال احمد درزی ساکنان پٹن کو جوا کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔اُن کی تحویل سے 6900روپے نقدی ضبط کئے گئے ہیں۔
عوام بنیادی سہولیات سے محروم:تاریگامی
معقول بجلی سپلائی فراہم کرنے پر زور
سرینگر//سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی کولگام نے عوام کودرپیش بنیادی ضروریات کے فقدان پرتشویش کا اظہار کرتے ہو ئے سر کار پر زور دیا کہ وہ شدید سر دی کے موسم میں لوگوں کو بنیادی ضروریات جن میں بجلی ،پانی،راشن اور مٹی کا تیل وغیرہ شامل ہے میسر رکھیں۔تاریگامی نے ریاست میں بجلی کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرے ہو ئے کہا کہ شدید سردی کے موسم میں لوگوں کو بجلی کی معقول سپلائی بہم رکھی جائے ۔انہوںنے کہا کہ وادی بھر میں بجلی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے لوگوں کو کئی کئی گھنٹے کٹوتی شیڈول کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات درپیش ہیں۔ تاریگامی نے کہا کہ وادی کے اکثر علاقوں میں راشن ،مٹی کا تیل اور بنیادی ضروریات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہے اور ایسا لگتا ہے کہ سر کار در بار جموں منتقل کر نے کے ساتھ ہی وادی کے لوگوں کو بھول چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں خراب ہوئے ٹرانسفارمروں کی مر مت نہیں کی جا رہی ہے اور اگر کہیں بجلی میسر بھی رہتی ہے وہاں پر لوگوں کو کم وولٹیج کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سر کار کی طرف سے عوام کے لئے ویلفیئر پروجیکٹوں پر عمل در آمد نہیں ہو رہا ہے اور نہ ہی عوام دوست پروگراموں کے لئے کو ئی اقدام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا رہن سہن اور ان کی زندگیاں سیدھے طور پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔
ڈاکٹر کے ساتھ نا شائستہ سلوک
ڈاک کے اہتمام سے کپوارہ میں احتجاج
کپوارہ//اشرف چرا غ //کپوارہ میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے پلوامہ میں ایک ڈاکٹر کے ساتھ ایس ڈی ایم کی جانب سے مبینہ طور نا شائستہ سلوک کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔پیر کی صبح کو کپوارہ میں ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر عاشق حسین کی قیادت میں ایس ڈی ایم پلوامہ کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاجی ڈاکٹروں نے ایس ڈی ایم کے اس غیر شائستہ سلوک کی مذمت کی اور فوری کاروائی مطالبہ کیا ۔