جے کے بنک کے اہتمام سے یتیم بچوں کیلئے سیر سپاٹے کا انتظام
سرینگر// جے کے بنک نے بال گرن کے بچوں کیلئے ایک روزہ سیر سپاٹے کا انتظام کیا ۔بال گرن ایک غیر سرکاری و غیر منافعاتی خیراتی ادارہ ہے جو یتیم بچوں کیلئے 1975میں قائم کیا گیا تھا۔جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد کے حالیہ دورے کے دوران کئے گئے وعدے کو عملاتے ہوئے بنک نے ان بچو ں کو کنال روڑ میں قائم چلڈرن پارک کی سیر کرائی ۔تقریبا 89بچوں نے اس سیر سپاٹے میںحصہ لیا ۔
میرواعظ قاضی یاسر کی مسلسل گرفتاری کی مذمت
سرینگر// امت اسلامی کے رکن شوری مولانا ارشاد عطاری نے جامع مسجد لتر پلوامہ میں عوام کی ایک باری جمعیت سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ جنوبی کشمیر قاضی احمد یاسر کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ جنوبی کشمیر کے میرواعظ کو پابند سلاسل رکھ کر مداخلت فی الدین کی مرتکب ہورہی ہے ۔
مسلم لیگ کی یواین او پروگرام پر قدغن کی مذمت
سرینگر//مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے یواین او پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے کرفیو لگانے اور یو این او دفتر کے اردگرد پولیس و نیم فوجی دستوں کو تعینات کر کے تمام راستوں کو مسدود کرنے کو اظہار رائے پر قدغن سے تعبیر کیا ہے۔
مغل معرکہ جڈی بل میں مجلس حسینی ؑاتوار کو
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 23 جولائی اتوارکو مغل معرکہ جڈی بل میں سالانہ مجلس حسینیؑ کا انعقاد ہوگا۔ مجلس میں مرکزی ذاکرین کی مرثیہ خوانی کے علاوہ تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نماز ظیرین کی پیشوائی اور واعظ و تبلیغ فرمائیں گے۔
۔4655 یاتریوں کی گپھا پر حاضری
سرینگر//یاترا کے23 ویں دِن کل4655 یاتریوں نے امرناتھ گپھا پر حاضری دی اور اس طرح یاترا شروع ہونے سے اب تک کُل2,31,997 شردھالوؤں نے شولنگم کے درشن کئے ہیں۔
سلامتی کونسل کی قراردادیں جائزجدوجہدکی بنیاد:ڈی پی ایم
سرینگر///ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کومسئلہ کشمیرکی بنیادقراردیتے ہوئے واضح کردیاکہ 70سالہ پرانے مسئلے کاپائیدارحل اقوام متحدہ کی آئینی ذمہ داری ہے پارٹی کے چیف آرگنائزرپیرہلال نے مسجدحنفیہ بارہمولہ میں نمازجمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیرحقیقت پسندی کے باعث کشمیری گزشتہ 7دہائیوں سے ہرطرح کے مظالم اورسختیوںکاسامناکرتے آرہے ہیں ۔
حضرت سید علی عالی بلخیؒ کاعرس
زائرین کیلئے سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت
سرینگر //زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے پتھر پورہ میں 25 جولائی سے 11 اگست تک جاری رہنے والے حضرت سید علی عالی بلخی ؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا ۔ وزیر نے 21 جولائی سے 23 جولائی تک جاری سیدصالح خانصاحب ؒ کے عرس مبارک کے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک ، ایس ایس پی بڈگام تجیندر سنگھ کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اور مقامی اوقاف کمیٹی کے ارکان بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ وزیر نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ ان زیارت گاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایامِ عرس کے دوران سلامتی کے بھی خاطر خواہ انتظامات کئے جانے چاہئیں ۔
شوپیان سانحہ پر جمعیت سراپا احتجاج
سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے اگلر شوپیان میں ایک معصوم بچی کی فوجی گاڑی کی ٹکر سے جان بحق ہونے پر صدمہ کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس المناک واقعہ پر مقامی آبادی کا اپنے غم و غصے کا اظہار کرنا قابل فہم ہے مگر ان کے خلاف دست ازمائی کرکے دو درجن سے زائد افراد کو زخمی کرنے کا کیا جواز ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیوں کا سلسلہ دراز کرنے والے ہی انسانیت کے مجرم ٹھہرتے ہیں۔ادھرپیپلز لیگ کے عبوری چیر مین محمد مقبول صوفی اور لیگ کے سینئر رہنما ملک منظور نے معصوم طالبہ کو کچلنے کی مذمت کی ہے۔
عبدالصمد انقلابی سنٹرل جیل منتقل
سرینگر// اسلامی تنظیم آزادی کے سربراہ عبدالصمد انقلابی کو سنٹرل جیل سرینگرمنتقل کیا گیا ہے ۔ترجمان کے مطابق انقلابی کو 6جولائی کو فوج نے ترال میں گرفتار کیا تھا جسکے بعد اسے پولیس کے حوالے کیا گیا اور 13دن تک لاک اپ میں بند رہنے کے دوران وہ علیل ہوئے اور اسے صدر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج معالجہ کیا اور انہیں دوبارہ25جولائی کو آنے کیلئے کہا ۔ترجمان کے مطابق عبدالصمد انقلابی دل کے عارضہ میں مبتلا ہے اور اب اسے سنٹرل جیل منتقل کیا گیا ہے،
راتھر کی صدارت میں ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ
سرینگر//قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ کل یہاں ممبر اسمبلی عبدالرحیم راتھر کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ کے دوران ایتھکس کمیٹی سے جُڑے معاملات اور کمیٹی کی کارکردگی کا جائیزہ لیا گیا ۔ ارکانِ قانون سازیہ عبدالمجید لارمی اور راجہ منظور احمد نے میٹنگ میں شرکت کر کے کمیٹی کو مزید متحرک بنانے کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔ کمیٹی کے چئیر مین نے ممبران سے آراء اور تجاویز طلب کیں ۔
میٹنگ میں سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ایم آر سنگھ کے علاوہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران بھی موجود تھے ۔