کرناہ میں آگ، 2رہائشی مکان خاکستر
کرناہ// شمس پورہ کرناہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو سلمان پسوال ولد کالا پسوال نامی شہری کے رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سلام پسوال کے ہمسایہ جاوید احمد کے مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لیااوردونوں مکان جل کر خاکستر ہو گئے۔ آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔
ضلع سکریننگ کمیٹی کپوارہ کی میٹنگ
۔2لاکھ روپے ایکس گریشیا منظور
کپوارہ//ضلع مجسٹریٹ کپوارہ خالد جہانگیر کی صدارت میں منعقدہ ضلع سطح کی سیکریننگ وکارڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ میںمختلف نوعیت کے معاملات پر غوروخوض کیا گیا تاکہ عسکریت سے متاثرہ کنبوں کے لئے ایکس گریشیا ریلیف کو منظور کیا جاسکے۔میٹنگ کے دوران 35معاملات کی شنوائی ہوئی جن میں سے ہلاکتوں کے دومعاملات کے سلسلے میں 2لاکھ روپے ایکس گریشیا کو منظوری دی گئی جبکہ ایک زخمی شخص کے حق میں بھی ریلیف کو منظوری دی گئی۔
اننت ناگ کے عازمین حج دستاویزات حاصل کریں
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے دفتر کے مطابق ضلع اننت ناگ کے جو عازمین 25اور26جولائی کو سفر محمود کے لئے روانہ ہورہے ہیں ،انہیں مطلع کیا جارہا ہے کہ وہ 23جولائی اتوار کو ڈی سی آفس اننت ناگ سے لازمی دستاویزات حاصل کریں۔
قاضی یاسر کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر//اُمت اسلامی نے پارٹی چیئرمین قاضی احمد یاسر کی مسلسل گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میںقاضی یاسر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاگیا۔بیان کے مطابق تنظیم کے عمرعطاری نے کہا کہ پارٹی سربراہ کو جلد رہا نہیں کیاگیا تو احتجاجی مہم شروع کی جائے گی۔
گاندربل حملہ پولیس کیلئے سبق آموز:دختران ملت
سرینگر// دختران ملت نے گاندربل میں فوج کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ کشمیری پولیس اہلکاروں کیلئے چشم کشا ہونا چاہئے ۔اپنے ایک بیان میںتنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ پولیس نے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ اب فوجی اہلکاریہاں کی پولیس کو بھی نہیں بخشتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کواب یہ سمجھ لینا چاہئے کہ بھارت ان کو اپنی ہی قوم کے خلاف لڑا رہا ہے اور وہ اپنی ہی لوگوںکو مار رہے ہیں۔
سوز کا سلاریہ کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//پردیش کانگریس کے سابق صدر پروفیسر سیف الدین سوزنے سابق پارلیمنٹ ممبر ایڈوکیٹ شبیر احمد سلاریہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہایت ہی شریف النفس اور انسان دوست تھے۔سوز نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔