مژھل فرضی انکائوٹر کے ملوثین کی رہائی انصاف اور انسانیت کا قتل:آغا حسن
سرینگر/2010 میں مژھل فرضی انکاونٹر میں مارے گئے 3عام شہریوں کی ہلاکت میں ملوث فوجی اہلکاروں کو فوجی عدالت میں عمر قید کی سزا سنانے کے باوجود ضمانت پر رہائی کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے کہاکہ ملوثین کو سزا دینے کے بجائے رہائی کشمیریوں کے قتل عام کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ اس فیصلے سے ریاست میں تعینات بھارتی فورسزکو نہتے شہریوں کے قتل عام کی مزید ترغیب مل جائے گی ۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں نماز جمعہ کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے ملوث اہلکاروں کی رہائی کو انصاف اور انسانیت کا قتل قرار دیا۔ آغا حسن نے مزاحمتی قائدین کے خلاف NIA کی مہم جوئی پر شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سدھرتے حالات کے تناظر میں NIA کی کاروائی اشتعال انگیزی کا باعث بن کے صورتحال کی ابتری کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
گرفتاریاں انتقامی سیاست : صدیقی
سرینگر//تحریک مزاحمت کے چیرمین بلال صدیقی نے حریت پسند حلقوں اور قائدین کے خلاف جاری پروپگنڈا مہم اور NIAکی طرف سے چھاپوں اور گرفتاریوں کو انتقامی سیاست کا نتیجہ قرر دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تحریک آزادی کے ساتھ عوام کے دلی جزبات اور وابستگی دہلی کے حکمران جماعت اور ان کے مقامی گماشتوں کے لئے سوہاں روح ثابت ہورہے تھے اور اب قائدین کو بند کرکے انہیں بدنام کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔بلال صدیقی نے واضح الفاط میں کہا کہ آزادی پسند لوگ نہ کسی کی شہہ پر کام کررہے ہیں اور نہ مال و دولت ان کی منزل ہے ۔انھوں نے یاد دلایا کہ دہلی حکومت نے اس سے قبل بھی کئی بار انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ حریت پسندوں کو خوفزدہ کرنے کی کوششیں کی گئی اور اب NIAیا انفورسمنٹ ڈاریکٹوریٹ کو استعمال کرکے عوام کو تحریک سے باز رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن ہم خوفزدہ ہونے کے بجائے تحریک آزادی کو اس کی منزل تک پہنچاکر ہی دم لیں گے ۔
انصا ف کا خون کیا گیا:سالویشن مومنٹ
سرینگر // مژھل فرضی انکاونٹر میں ملوث فوجیوں کو بری کئے جانے کے خلاف سالویشن مومنٹ نے کئی جگہوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح قاتلوں کو بری کئے جانے سے قانون و انصا ف کا خون کیا گیا ہے اور متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی ہے ۔ عدنان صلفی نے کپوارہ اور مولانا مدثر نے شوپیان اور عبدالرشید نے سول لائنز سرینگرمیں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور اس سلسلے کو حصول مقصد تک جاری رکھا جائے گا۔سالویشن مومنٹ کے ترجمان نے غلام مصطفی خان عرف پروفیسرسلیم کی 16 ویںکی برسی پر انہیں شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداءہماری تحریک کے روشن ستارے ہیں۔انھوں نے مصطفی خان ، ظہور احمدحجام ، فاروق احمد پنڈت، مولوی فیروز،جہانگیر مقبول، عبدالرحمان،طاہر رشید، نورالحق، محمد شفیع، اور اسلامی سکالر شمس الحق سمیت شہداءبڈگام و کشمیر کو خراج عقیدت ادا کیا ۔
انسانی حقوق کی خلاف ورزی
بھارت نے عالمی ریکارڈ قائم کئے:جہانگیر غنی
سرینگر//مسلم کانفرنس کے کارگزار صدر جہانگیر غنی بٹ نے کہا ہے کہ برصغیر ہندوپاک میں کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر کا ابھی تک حل طلب ہونا ہے۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کی وجہ سے اب بڑی بڑی عالمی طاقتوں کو خطے میں مداخلت کا جواز مل رہا ہے جو کہ خطے کے امن کے لئے بہت خطرناک ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن، ترقی کے لئے لازمی ہے کہ کشمیر مسئلے کو کشمیری لوگوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا اب لازمی بن چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سینکڑوں کشمیری جیلوں میں بند ہیںاور اسی طرح مزید گرفتاریوں سے کشمیریوں کے عزم میں کوئی بھی فرق نہیں آئے گا۔ انہوں کہا کہ ہندوستان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے عالمی ریکارڈ کشمیر میں قایم کئے ہیں جس کی مثال ساری دنیا میں ملنا ممکن نہیں ۔انہو ںنے کہا کہ گرفتاریاں یاقتل و غارت گری سے مسئلوں کا حل نہیں نکلتا بلکہ ہے الجھ اورز یادہ ہوتاہے ۔ انہوں نے حالیہ گرفتاریوں کو بلا جواز قراد دیے ہوئے کہا کہ کشمیری ہمیشہ سے ہی قربانیاںدے رہے ہیں اور یہ قربانیاں تب تک دیتے رینگے جب تک نہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوتا ۔
حزب المجاہدین کی اہل خانہ سے اظہار ہمدردی
سرینگر//حزب المجاہدین نے رام پور کیموہ کولگام کے سرگرم جنگجو توصیف احمد کے اہل خانہ پر فورسز اورپولیس ٹاسک فورس اہلکاروںکے تشدد کی مذمت کی ہے۔ حزب نائب امیر سیف اللہ خالد نے پریس بیان میں کہا توصیف کی ماں،بہنوں حتیٰ کہ شیر خوار بچوں کو بھی بے دردی سے مارنا ایک جرم ہے ۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ بھارتی فورسز اور ان کے ایجنٹوں کی حرکتوں کے باوجود توصیف اور اس جیسے ہزاروں توصیف بھارتی فورسز اور ان کے گماشتوں کا مقابلہ پوری قوت سے جاری رکھیں گے اورایسے بہیمانہ واقعات سے فورسز اور ان کے کٹھ پتلی ایجنٹوں کو رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔حزب نائب امیر نے توصیف احمد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کا صبر ،حوصلہ اور قربانی ضائع نہیں ہوگی ۔سیف اللہ خالد نے مذید کہا کہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ ایک طرف بھارت عالمی طاقت ہونے کا دعوی ٰ کررہا ہے لیکن دوسری طرف اس کے فوجی نہتے اہل خانہ کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔
ماور ہندوارہ میں تیندوے کے حملہ میں شہری زخمی
اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے ماور ہندوارہ کے مضافاتی علاقوں میں جنگلی جانوروں نے دہشت مچا دی ہے جس کے نتیجے میں لوگ اپنے گھرو ں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ لنگیٹ ہندوارہ کے ماور علاقہ کے شاٹھ گنڈ میں جمعہ کو دن دھاڑے تیندوے نے بستی میں داخل ہو کر دہشت مچا دی جس کی وجہ لوگو ں میں افرا تفری مچ گئی اور وہ انہو ں نے اپنے گھرو ں میں پناہ لی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے تیندوے نے ایک شہری محمد عبد اللہ میر ولد محمد صادق میر پر حملہ کر کے اس کو شدید زخمی کر دیا جبکہ لوگ کچھ دیر تک محمد عبد اللہ کو اسپتال نے لے جا سکے کیوں بستی میں تیندوے گھوم تھا ۔بعد میں محمد عبد اللہ میر کو سب ضلع اسپتال لنگیٹ پہنچایا گیا ۔ماور لنگیٹ کے شاٹھ گنڈ ،آ ڈورہ ،قلم آ باد ،شاہ نگری ،درنگسو سمیت کئی علاقوں کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ بتا یا کہ کئی ہفتوں سے جنگلی جانورگھوم رہے ہیں جس کی وجہ سے یہا ں کی آ بادی اپنے گھرو ں میں محصور ہو کر رہ گئی ہے ۔لوگو ں کا مزید کہنا ہے کہ کئی بار محکمہ وائلڈ لائف کو بھی مطلع کیا گیا تاہم ابھی تک وہ جنگلی جا نوروں کو قابو کر نے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔
بانڈی پورہ میں بندروںکی ہڑبونگ سے لوگ پریشان
عازم جان
سرینگر//بانڈی پورہ کے آیت مولہ چک ریشی پورہ اہم شریف علاقہ کے لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلع انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے بار بار رجوع کرنے کے باجودعلاقہ میں بندروں کی ادھم سے نجات نہیں دلائی گئی۔لوگوں کے مطابق صبح سویرے سے آیتمولہ چکریشی پورہ آرم پورہ اہم شریف کے مردوزن سیب کے باغوں،کیاریوں ودیگر فصلوں کو نقصان سے بچانے کےلئے نکل کر بندروں کو ہانکتے رہتے ہیں لیکن محکمہ وائلڈ لائف تماشا ئی بنا ہوا ہے۔ عبدالرشید سرپنچ اور عبداالحد زرگر پنچ نے کہا کہ آیتمولہ اور چکریشی پورہ سب سے زیادہ بندروں کے عتاب کا سامنا کرہے ہیں۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف فوری طور پر بندروں سے نجات دلانے کے لیے ٹھوس کارروائی کرے بصورت دیگر لوگ سرینگر میں سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔
مذاکراتی عمل شروع کیا جائے:حکیم یاسین
سرینگر//پیپلز ڈیموکرٹیک فرنٹ کے صدر اور ایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے مرکزی سرکار کی جانب سے دئے گے حالیہ بیان جس میں انہوں نے کشمیر کے علیحدگی پسند لیڈران کے ساتھ تشدد کا راستہ بند کرنے پر بات چیت کرنے کی بات کی تھی پر، رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بات چیت کی بات کی جا رہی ہے، وہیں دوسری جانب علیحدگی پسندوں کے ساتھ اپنائے جا رہے سلوک سے لگتا ہے کہ مذاکرات کے سارے راستے بند کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کےلئے سازگار ماحول کو پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بہت سے فارمولے ،معاہدے اور اعلانات ایسے ہیں جو مذاکرات کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے بنیاد بن سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شملہ اگریمنٹ اور مشرف کا 4نقاتی فارمولہ اور اس کے علاوہ بہت دور ایسے بھی آئے جن سے مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذرئع حل کیا جا سکتا تھا ۔انہوں نے جامع مسجد میں نماز جمعہ پر پابندی عائد کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر جمہوری اقدام ہے ۔
صفاپورہ میں کمپیوٹر لیب میں آتشزدگی
گاندربل//ارشاد احمد//گورنمنٹ ہائی سکول چیوہ صفاپورہ کی کمپیوٹر لیب دوران شب پراسرار آگ کی واردات میں مکمل طور پر خاکسترہوئی ۔ نامعلوم افراد نے دوران شب گورنمنٹ ہائی سکول چیوہ صفاپورہ کی عمارت میںدوسری منزل پر موجود کمپیوٹر لیب کو آگ لگاکر مکمل طور پر خاکستر کردیا۔اگ کی واردات میں کمپیوٹر لیب میں موجود کئی کمپیوٹر،پرنٹر، فرنیچر،کاغذات اور دیگر اشیائمکمل طور پر خاکستر ہوئے ۔
ویری ناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے5 ملازمین معطل
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے کل سی ای او آفس ویری ناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے5 ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں معطل کر دیا۔معطل شدہ ملازمین میں ایک جونیئر انجنیئر، ایک ڈرافٹس میں، دو جونیئر اسسٹنٹ اور ایک چپراسی شامل ہیں۔
عبدالصمد انقلابی پر پی ایس اے، کٹھوعہ جیل منتقل
سرینگر// اسلامی تنٹیم آزادی کے چیئر مین عبدالصمد انقلابی پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے اُسے کٹھوعہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔ انقلابی کے اہل خانہ کے مطابق موصوف بیمار تھا اور 6جولائی کو ترال میں برہان وانی کے گھر سے گرفتار کرنے کے بعد 19جولائی تک اسے پولیس سٹیشن ترال میں رکھا گیا تھااوربیمار ہونے کی وجہ سے علاج معالجہ کے لئے 19جولائی کو اسے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے اسے سنٹرل جیل منتقل کیا گیا ۔اہل خانہ نے کہا کہ جمعرات کو اس پر پی ایس اے لگا کر اسے کٹھوعہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔
گرفتاریوں سے تحریک نہیں دبے گی:پیپلز لیگ
سرینگر//پیپلز لیگ کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت پارٹی کے عبوری چیر مین محمد مقبول صوفی منعقد ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنماو¿ں ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا غلام قادر ہاگرو ملک منظور حاجی فاروق ، منیرلاسلام و دیگر اہم کارکنان نے شرکت کی ۔اجلاس میں این آئی اے کی چیرہ دستیوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے اور سیاسی انتقام گیری روا رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ بھارت کے قبضہ کے خلاف یہ تحریک مکمل طور ایک عوامی تحریک ہے جس کو چند حریت لیڈران کی گرفتاری سے دبانے کے خواب دیکھنا بے وقوفوں کے جنت میں رہنے کے برابر ہے ۔لیگ کی جملہ قیادت نے افضل گورو کی والدہ نسبتی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔