مختصر خبریں

Kashmir Uzma News Desk
7 Min Read

کشمیریوں کی حمایت جاری رہے گی: شاہد خاقان

نیوز ڈیسک
 
اسلام آباد //پاکستان کے نئے وزیر اعظم کی کابینہ نے کشمیر کیلئے اخلاقی اور سفارتی مدد  جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاکان عباسی نے جمعہ کو بلائی گئی اپنی کابینہ میٹنگ میں کشمیر کو اخلاقی اور سفارتی امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے کہ وہ  سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ترقی اور جمہوریت کا سفر جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ نواز شریف کو پاکستانی سپریم کورٹ نے برطرف کیا تھا ۔ کابینہ میٹنگ میں شاہد خاقان عباسی نے  چین پاکستان ایکامک کاریڈور سمیت تمام پروجیکٹوں کو جاری رکھا جائے گا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو بھی شدت سے جاری رکھا جائے گا۔ عباسی نے دس سال کے منصوبوں کو 10ماہ میں مکمل کرنے کے اپنے واعدے کو دہرایا ہے۔ 
 

گورکے ہاتھوں کتاب ’’پرواز‘‘ کی اجرائی

سرینگر//گورنر این این ووہرا نے غازی غلام نبی کشمیری کی کثیر لسانی مجموعہ کلام’’ پرواز‘‘یہاں راج بھون میں اجراء کی۔مجموعہ کلام جو اُردو، انگریزی اور رومن انگریزی میں تصنیف کیا گیا ہے، روحانیت،رومانیت، ثقافت، سیاست وغیرہ  جیسے موضوعات پر مشتمل ہے۔گورنر نے غازی کشمیری کو کثیر لسانی شاعری مجموعے کی تصنیف و تالیف کے لئے مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا ایسی ترغیبی کُتب کو سکولوں اور کالجوں میں طُلاب کے لئے رکھاجانا چاہئے۔
 

ایڈونچرٹورآپریٹرس کا وفد گورنر سے ملاقی

سرینگر//ایڈوینچر ٹور آپریٹرس ایسوسی ایشن آف کشمیر کا ایک وفد انجمن کے صدر رؤف ترمبو کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوا۔کشمیر میںمہم جو سیاحت کو فروغ دینے کیلئے وفد نے گورنر سے محکمہ سیاحت کو ایس آر او198 کو من وعن لاگو کرنے کے لئے درخواست کی تا کہ اہل اے ٹی اوز کے حق میں ہی ایڈوینچر ٹور آپریٹر کے طور پر کام کرنے کا لائسنس جاری کیا جاسکے۔وفد نے سونہ مرگ میں بین الاقوامی یوتھ ہوسٹل کی فوری مرمت کی بھی مانگ کی۔اس کے علاوہ مہم جو سیاحت کو فروغ دینے والوں کو دی جانے والی مراعات میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام بڑے پروجیکٹوں پر مراعات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ وفد نے مہم جو سیاحت کی معقول تشہیر کیلئے محکمہ سیاحت کے بجٹ میں اضافہ کرنے کی بھی استدعا کی۔گورنر نے انہیں یقین دلایا کہ اُ ن کے مسائل وزیر اعلیٰ کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے۔
 
 

کھچی پورہ ٹنگمرگ میں تیندوے کی موجودگی سے عوام پریشان 

ٹنگمرگ//مشتاق الحسن//کچھی پورہ ٹنگمرگ میں گزشتہ دس روز سے تیندوے کی موجودگی کی وجہ سے لوگوں خاص کر بچوں اور خواتین میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شام ہوتے ہی مکین گھروں میں محصور ہوکررہ جاتے ہیں۔ اگرچہ کھچی پورہ کے نمبردار نے تحریری اور زبانی طور محکمہ ویلڈلایف ٹنگمرگ کو تیندوے کی موجودگی کی اطلاع دی تاہم اس کے باوجود متعلقہ محکمہ ہاتھ پرہاتھ دھرے بیٹھا ہے۔ محکمہ کے بلاک افسر نے بتایاکہ چونکہ کھچی پورہ گاوں گھنے جنگلات کے نزدیک آباد ہے اور وہاںتیندوے کو تلاش کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ محکمہ وائلڈ لائف کے پاس جنگلی جانور کو قابو کرنے یا ہلاک کرنے کیلئے کوئی ہتھیار دستیاب نہیں ہے۔ بلاک افسر نے گاوں والوں کو مشورہ دیا کہ وہ صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر آنے سے پرہیز کریں۔
 

 بزرگان دین کی بدولت ہی ہم مشرف اسلام ہوئے:فاروق عبداللہ

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پکھر پورہ میں عرس مبارک حضرت سلطان سید محمد علی عالی بلخیؒ پر ریاست کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین کی بدولت ہی ہم مشرف اسلام ہوئے اور ان کے فیض وبرکت سے اہل کشمیر ہمیشہ محفوظ رہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر ،صدرِ ضلع بڈگام علی محمد ڈار و صدرِ ضلع پلوامہ غلام محی الدین میر نے بھی مسلمانانِ ریاست کو اس عظیم اور بلند پایہ ولی کامل کے عرس مبارک پر مبارکباد پیش کی ہے۔ 
 
 

این آئی اے کی طرف سے قیادت کی حراست کے خلاف غم وغصہ کا اظہار

سرینگر//لبریشن فرنٹ ( آر ) چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) شاہد الاسلام اور ایاز اکبر کو14اگست تک عدالت نے ریمانڈ بڑھادی ۔ بیان کے مطابق بٹہ کراٹے کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالتی احکامات کے تحت انکی ریمانڈ میں اضافہ کیا گیا۔ترجمان نےNIAاور اس طرح کی دیگر ایجنسیوں کی جانب سے آزادی پسند قیادت کو ہراسان کئے جانے اور فرضی الزامات میں بند رکھنے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح ہمارے عزائم اور ارادوں کو توڑنا ممکن نہیں ۔
 

سیالاں سرنکوٹ قتل عام کے مرتکبین ہنوز آزاد: تحریک مزاحمت

۔19شہریوں کو19ویں برسی پر خراج عقیدت 

سرینگر//تحریک مزاحمت نے سیالاں سرنکوٹ میں ہوئے قتل عام کی 19ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ مرتکبین کو قرار واقعی سزا دئے جانے کا مطالبہ دہرایا۔ترجمان نے کہا کہ سیالاں گاوں میں 9 پیرا ریجمنٹ نے 3 اور4 اگست 1998 کی درمیانی شب نہتے19افراد کا قتل عام کیا تھا۔تحریک مزاحمت نے مارے گئے افراد کو انیسویں برسی پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حصول منزل تک جدوجہد جاری رہے گی اور اس امر کا اعادہ کیا کہ قوم شہدا کے مقدس لہو کی مقروض ہے اور تحریک سے وابستہ افراد کی بے مثال قربانیوں کی امین ہے۔ادھر تحریک مزاحمت کے صوبائی صدر حنیف کالس کی سربراہی میں ہوئے غیرمعمولی اجلاس میں شہدا کی جنت نشینی کی دعا کی اور بین الاقوامی برادری و انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے بچ جانے والے مظلومین کی مدد کی جائے۔
 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *