مختصر خبریں

Kashmir Uzma News Desk
9 Min Read

کپوارہ میں فورسز اہلکار زخمی

کپوارہ //کپوارہ میں مس فائر سے ایک اہلکار زخمی ہوا۔سی آر پی ایف کانسٹیبل کپمنگ ہانگ سنگھ حادثاتی گولی چلنے سے زخمی ہوا۔مذکورہ اہلکار98بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ ہے اور اسکی ٹانگ اپنی ہی سروس رائفل سے گولی لگی ۔معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ بندوق کی صفائی کے دوران (جے آئی سی کپوارہ) میں پیش آیا ۔مذکورہ زخمی اہلکار کو درگمولہ فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
 

شوپیاں میں گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

 شوپیان //شاہد ٹاک//جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش مشتبہ حالت میں برآمد ہوئی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام ساڑھے نو بجے کے قریب ضلع کے عالم گنج علاقہ میں گولیوں کی آواز سنائی دی جس کے نتیجے میں علاقے میں تشویش کی لہر پھیل گئی ۔اس کے بعد مقامی لوگوں نے گائوں میں قائم مڈل اسکول کے پاس گولیوںسے چھلنی ایک لاش برآمد کی ۔انہوں نے پولیس کو مطلع کیا اور پولیس نے لاش کو شناخت کیلئے اپنے ساتھ لیا۔بعد میں متوفی کی شناخت اشتیاق احمد وگے ولد مشتاق احمد وگے ساکنہ جبلی پورہ بجبہاڑہ اننت ناگ کے طور پر ہوئی ۔پولیس نے اس سلسلے میںکیس درج کرکے لاش کو اُسکے اہل خانہ کے سپردکیا۔
 
 

 حلقہ جات میں مقیم رہیں،ویری کی پٹواریوں کوہدایت 

سرینگر//محکمہ مال سے متعلق معاملات کو بروقت نمٹانے کے لئے وزیر برائے مال ، امداد و باز آباد کاری اور تعمیر نو عبدالرحمان ویری نے تمام ضلع کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ پٹواریوں کے متعلقہ حلقہ جات میں مقیم رہنے کو یقینی بنائیں۔وزیر محکمہ مال کے کام کاج کا جائیزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی جائیزہ میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔وزیر نے افسروں پر زو ر دیا کہ وہ اپنے فیلڈ سٹاف کے کام کا ج کا متواتر جائیزہ لیتے رہیں تا کہ عوام کو کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محکمہ مال کے دفاتر کے لئے تعمیر کی جارہی عمارات پر بھی دوران میٹنگ غور ہوا ۔وزیر نے افسرو ں کو مجوزہ ریونیو اداروں کی تعمیر کے لئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ فوری طور مرتب کرنے کے لئے کہا تا کہ ان پر کام شروع کیا جاسکے۔ویری نے ریونیو ٹریننگ انسٹی چیوٹوں کی کپسٹی بلڈنگ میں اضافہ پر بھی زور دیا تا کہ افسروں کو مال سے متعلق معاملات میں ریفرشر کورسز متواتر فراہم کئے جاسکیں۔
 

لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دینے والا ملازم گرفتار

ترال//سید اعجاز//ترال میں پولیس نے منگلوار کو محکمہ صحت کے ایک ملازم کو لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملازم نے آج تک لوگوں سے کافی رقم حاصل اینٹھ لی ہے ۔ پولیس نے ایک کیس زیر نمبر 56/207/420درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے ۔
 
 

 لیگ اور فرنٹ (آر)کاشیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت

سرینگر//پیپلز لیگ اور لبریشن فرنٹ ( آر )نے شیخ عبدالعزیز کی آٹھویں برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے تئیں ان کی قربانیوں کو سنہری حروف میں رقم کیا جائے گا ۔پیپلز لیگ کے عبوری چیئر مین محمد مقبول صوفی اور سینئر رہنما ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے شیخ عبدالعزیز کو مزاحمتی تحریک کے تئیں اْن کی گراں قدر خدمات کو قوم وملت کے لئے بالعموم اور پیپلز لیگ کے لئے بالخصوص سرمایہ افتخار قرار دیتے ہوئے خراج و عقیدت بھرا سلام پیش کیا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ عبدالعزیزکو یہ امتیاز حاصل ہے کہ انہوں نے تینوں محاذ یعنی عسکری، سیاسی اور سفارتی سطح پر اپنا لوہا منوا یا۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک کو عوامی تحریک بنانے میں مرحوم کا کردار ناقابل فراموش ہے۔لبریشن فرنٹ (آر)ترجمان نے سید عرفان الحسن کی 27ویں برسی پر بھی انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی اٹھتی جوانی قربان کرکے ایک مثال قائم کی۔ترجمان نے پارٹی چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) کی مسلسل حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این آئی اے بلاوجہ بے بنیاد الزامات عائد کرکے قائدین کو بند رکھنے پر مصر ہے اور میڈیا ٹرائل چلاکر ان قائدین کو کوئی موقع دئے بغیر بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
 

پلوامہ میں نئے ریوینو گائوں کا قیام

 مقامی لوگوں نے حکومت کے فیصلے کو سراہا 

سرینگر//ریاستی حکومت نے ضلع پلوامہ میں ایک نئے ریوینو گائوں جس کا نام لسدا بن ہے، کے قیام کے احکامات جاری کئے ۔سرکاری حکمنامے کے مطابق نیا ریوینو گائوں 1431 کنال اراضی پر مشتمل ہوگا، جس میں 1150 کنال مالکانہ اور 221 کنال شاملات و آبادی دہ ہوں گے ۔ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئے گائوں کے لئے الگ ریکارڈ تیار کیا جائے گا اور تین گائوں اچگوز اور کسبہ یار ، لسدا بن کے باشندگان کو کاہچرائی زمین و دیگر راہوں ، سڑکوں ، آبپاشی کوہلوں ، چشموں اورپینے کے پانی پر مشترکہ حق ہوگا ، جیسے اس سے قبل وہ اپنے حقوق کے مطابق گزر بسر کر رہے تھے۔ لسدابن باشندگان نے حکومت کے اس فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو جو اس علاقے کا مقامی ممبرا سمبلی بھی ہیں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
 

اسٹیمیٹ کمیٹی کی میٹنگ منعقد

سرینگر//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی گورنمنٹ ایشورنس کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل اے نوانگ ریگزن جورا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ممبران قانون سازیہ محمد امین بٹ اور دینا ناتھ بھگت نے میٹنگ میں شرکت کی اور ہاؤس میں التواء میں پڑی یقین دہانیوں کے بارے میں اپنی آراء پیش کی۔کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو22 اگست2017 ء کو اگلی میٹنگ میں بحث کے لئے اُٹھایا جائے گا۔کمیٹی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ ہذا کے بارے میں تفصیلی رپورٹ اگلی میٹنگ میں پیش کرے۔اس موقعہ پر ڈپٹی سیکرٹری قانون ساز اسمبلی فیاض احمد شاہ اور دیگر اعلیٰ  افسران بھی موجود تھے۔
 

ڈاکٹر فاروق کا برزہ خاندان کے ساتھ اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کے معروف تاجروں خواجہ مشتاق احمد برزہ اور مسعود احمد برزہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اورسوگوران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے مرحومہ کے گھر واقع اشبر نشاط جاکر تعزیت پرسی کی۔اس دوران ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ نے نامور ادیب پروفیسر جی ایم شاد کے انتقال پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر محمد یوسف ٹینگ، ضلع صدر اسلام آباد ڈاکٹر محمد شفیع اور سینئر لیڈر ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی۔
 

قربانیوں کا خیال رکھنا لازمی:بلال صدیقی

 سرینگر//تحریک مزاحمت کے سربراہ بلال صدیقی نے جاوید احمد ڈار اور دانش احمد کے گھر واقع بارہمولہ اور سوپور جا کر ان کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا ’’ہمارے لخت ہائے جگر اپنی اٹھتی جوانیاں اور اپنا قیمتی لہو ایک مقدس مقصد کیلئے قربان کر رہے ہیںاور اس اہم موڑ پر ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ان قربانیوں کے عزت و وقار کا ہر حال میں خیال رکھا جائے‘‘۔اس موقع پر بلال صدیقی کے ہمراہ تنظیم کے مشتاق احمد،ریاض احمداور محمد رفیق بھی شامل تھے۔
 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *