شرعی قوانین مٹانے کی کوششیں ناکام ہونگی
سرینگر//کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ دنیا میں اسلامی تشخص اور قانون ،دنیا کی فکر و انسانیت کی عکاسی کرتا ہے جو بنی نوا انسان بلا لحاظ رنگ ،نسل و مذہب سب کے لئے یکسان ہے فرق صرف اتنی ہے کہ اس قانون پر عمل کرنے والے کس نوعیت اور طریقہ کار پر گامزن ہیں۔ سیاسی فائدے کے لئے ایک طویل مدت سے اسلام کے حقیقی اصولوں اور قوانین شرعیہ کو توڑ مروڑ کر پیش کرکے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ کبھی شاہ بانو اور کبھی ٹرپل طلاق کے حساس ترین معاملات کو سیاسی ڈھال بنا کر اسلامی تشخص کو پا رہ پارہ کرکے اسلام اور مسلمانوں کو غیر منصفانہ، ظالم اور جابرانہ مذہب کے طور پیش کیا جا رہا ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرپل طلاق پر ان لوگوں کی بات کرتے ہوئے ہم شرمندگی کا اظہا ر کرتے ہیں کہ جن لوگوں کو قانون شرعیہ اور دین اسلام کی مکمل طور ناواقفیت ہے، وہی ٹرپل طلاق پر اپنی کم فہمی اور کم دانی کا مظاہرہ کرکے ان کے دل میں پنپ رہے اسلام مخالف سوچ کو الفاظات کے ذریعے پیش کرکے مذموم حرکات کے مرتکب بار بار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت اسلام کی حقیقی تصویر کو مسخ کرکے عوا م الناس کو اسلام سے متنفر کرنے کی ایک مذموم کوشش کی جارہی ہے اسلئے عنقریب ہی ٹرپل طلاق کے حساس ترین مسئلے اور اسلامی قوانین کی حفاظت کے لئے ایک آل پارٹیز میٹنگ جلد ہی منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
بانڈی پورہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے134 کروڑ روپے کا پروجیکٹ
بانڈی پورہ//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ وُلر اور مدھو متی نالوں پر134 کروڑ روپے کے حفاظتی کام ضلع میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت نالوں کے کناروں پر پارک قائم کرنے کے علاوہ سیاحوں کی دلجوئی کے لئے دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔یہ پروجیکٹ کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ سے خارج ہونے والے پانی کے بہاؤ سے نمٹنے کے لئے نالوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے ہاتھ میں لیا گیا ہے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے پروجیکٹ پر جاری کام کی رفتار کاجائیزہ لینے کے لئے طلب کی گئی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت نالوں کے کناروں کو جاذب نظر بنایا جائے گا جو کہ ضلع کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینے میں سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ علاقہ کو جاذب نظر بنانے کے لئے آرکیٹکٹ اور لینڈ سپیک ماہرین کی خدمات حاصل کریں تا کہ علاقہ کے قدرتی حسن کو منظرعام پر لایا جاسکے۔
اننت ناگ میں جونیئر اسسٹنٹ اسامیوں کیلئے 27اگست کو تحریری امتحان
اننت ناگ//چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی اننت ناگ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک نوٹفیکیشن کے مطابق سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی میں جونیئر اسسٹنٹ کی اسامی کے لئے جن امیدواروں نے درخواستیں پیش کی ہیں اُن میں سے اہل امیدواروں کا تحریری امتحان گورنمنٹ زنانہ ڈگری کالج اننت ناگ میں 27اگست کو لیا جائے گا ۔امیدوار مزید جانکاری کے لئے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی اننت ناگ کے ساتھ رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔
ہندوارہ اسپتال میں تیماردار کے ساتھ بدسلوکی
اشرف چراغ
کپوارہ//ضلع اسپتال ہندوارہ میں منگل کو اس وقت کشیدگی کا ما حول پیدا ہو ا جب اسپتال میں تعینات حفاظتی اہلکاروں نے ایک تیماردار کودھکے دیکر اسپتال کے احاطے سے باہر نکالا۔عینی شاہدین نے کہا کہ ایک تیماردار منگل کی صبح کسی کام سے اسپتال سے باہر آ یا اور تھوڑی دیر بعدجونہی واپس داخل ہونے کی کوشش کی تو اسپتال میں تعینات حفاظٹی اہلکاروں نے اُسے روکا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص نے اُن سے کہاکہ اسے مریض کیلئے دوائی لینی ہے لیکن انہوں نے ایک نہ سنی اور طرفین کے درمیان تکرار ہوئی جس کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ بعد میںحفاظٹی اہلکاروں نے مل کر مذکورہ تیما ردار کو دھکے دیکر باہر نکالا ۔اس صورتحال کے بعد مریضو ں اور تیمارداروں نے اپنے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائے ۔
فائنانشل منبیجمنٹ سسٹم
چیف سیکریٹری نے سکیم کی عمل آوری کا جائیزہ لیا
سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ریاست میں پبلک فائنانشل منبیجمنٹ سسٹم سکیم کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ طلب کی جس میں انتظامی سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔ واضح رہے کہ پی ایف ایم ایس فنڈ منیجمنٹ اور ای پے منٹ کیلئے ویب پر مبنی آن لائین نظام ہے ۔ نظام کے تحت تمام سرکاری سکیموں کیلئے مالی پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا اس کے علاوہ عمل آوری ایجنسیوں اور مستحقین کا ڈیٹا بیس بھی سکیم کے تحت درج کیا جا رہا ہے ۔ نظام کے تحت ریاست کی تمام ٹریجریوں کو بھی با ہم مربوط کیا جا رہا ہے ۔یہ سکیم حکومت کو دستیاب وسائل اور ریاستی سکیموں پر تصرفات سے متعلق اصل وقتی اطلاعات فراہم کرے گی ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایف ایم ایس کے ساتھ ٹریجری نیٹ کی ہم آہنگی مکمل ہو چکی ہے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پبلک فائنانشل منیجمنٹ سسٹم کو مرتب کرنے کیلئے سٹیٹ ایڈوائیزری گروپ کی تشکیل کو ریاستی حکومت نے منظوری دی ہے ۔
گاندربل میں خاتون لاپتہ، عوام سے تعاون طلب
سرینگر//گاندربل میں ایک خاتون چند روز قبل لاپتہ ہوگئی ہے جس کی بازیابی کیلئے پولیس نے مدد طلب کی ہے۔ پولیس اسٹیشن گاندبل میںایک شخص علی محمد ڈار ولد اسداللہ ساکن ارہامہ نے اپنی بہو راجہ بیگم کے بارے میں رپورٹ درج کی کہ وہ چند روز سے لاپتہ ہے جس پر پولیس نے گمشدہ رپورٹ درج کرکے خاتون کی تلاش شروع کی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کو گمشدہ خاتون کے بارے میں کوئی علمیت ہو توفون نمبرات0194-2416225,2416478 یا 100 پر مطلع کریں ۔
حریت (گ) مجلس شوریٰ کا اجلاس آج
سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کی تازہ ترین اور نازک سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس حیدر پورہ میں 23اگست صبح دس بجے منعقد ہورہی ہے ۔جملہ ارکان سے کہا گیا ہے کہ مجلس شوریٰ وقت کی پابندی کے ساتھ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
حریت (گ)شوپیان ہلاکتوں پر برہم
غیر جانبدار ادارے سے تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر//حریت (گ) نے شوپیان کے ایک نوجوان طالب علم گوہر احمد ڈار اور کیبل آپریٹر ہلال احمد ملک کے بہیمانہ قتل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ موصولہ بیان میںحریت نے کہا کہ ان واقعات کی کسی غیر جانبدار ادارے کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے تاکہ ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جاسکے۔ حریت نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں نامعلوم بندوق برداروں کے نام پر ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت کافی خون بہایا گیا ہے تاکہ ایک دہشت ناک ماحول کو قائم کیا جاسکے۔ حریت نے کہا کہ اس خطے میں بھارت کی بہت ساری ایجنسیاں کام کررہی ہیں ، لہٰذا ان واقعات کو روکنے کا صرف اور صرف ایک ہی راستہ ہے کہ ان کی کسی غیرجانبدار ادارے کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے ۔