گریز میں فوجی پوٹر پہاڑی سے پھسل کر لقمہ اجل
عازم جان
سرینگر//سرحدی تحصیل پیربابا گریز میں فوج کے ساتھ کام کرنے والا پوٹر پیر پھسلنے کی وجہ سے پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا۔ بتایا جاتا ہے فوجی پوٹر غلام محمد کسانا ولد فقیر محمد کسانا ساکن ٹنگ پتھری قوئل فوج کے ساتھ پوٹر کی حیثیت سے کام کرتا تھا جوپیر بابا کے مقام پر پیر پھسلنے سے گرگیااور موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ آخری اطلاع ملنے پر اس کی لاش داور گریز پولیس سٹیشن میں رکھی گئی تھی ۔
نائب وزیر اعلیٰ کی نائب صدر سے ملاقات
سرینگر//ء نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج نئی دہلی میں نائب صدر مپاوراپو وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی ۔نائب صدر سے تبادلہ خیال کرنے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ناظم زراعت کاکئی دفاتر کا اچانک معائنہ
غیر حاضر پائے گئے31 ملازمین کے خلاف تادیبی کاروائی کی ہدایت
سرینگر// ناظم زراعت کشمیر الطاف اعجاز اندرابی نے ماتحر دفاتر کے کام کاج میں بہتری لانے اور ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے سلسلے میں لال منڈی کے ایگریکلچر کمپلیکس میں واقع ماتحت دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔ناظم نے اس دوران31 ملازمین کو بغیر اجازت کے اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا اور ان کے خلاف ضابطے کے تحت تادیبی کاروائی کرنے کے احکامات دیئے۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ دفتری اوقات کے پابند رہیں اور دفاتر میں کارکردگی کے لئے روز مرہ کے کام کاج میں لگن و تندہی اور خلوص کا مظاہرہ کریں۔
بادل پھٹنے کے دو ماہ بعد
ناگہ بل ترال سڑک ناقابل آمدورفت ،پینے کا پانی بھی نایاب
سید اعجاز
ترال//ترال کے ناگہ بل علاقے میں بادل پھٹنے کے بعدسیلابی پانی سے ہوئی تباہی کے دو ماہ بیت چکے ہیں لیکن علاقے کی آبادی ہنوز پینے کے پانی اور سڑک رابطے سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ دو ماہ کا وقفہ گزر نے کے باوجود ژن پارن کا راستہ ناقابل آمدو رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی بھی بحال نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے انہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی آبادی کے مطابق اگر چہ ڈپٹی کمشنر پلوامہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی تھی کہ علاقے میں رابطہ سڑک اور پینے کے پانی کی سپلائی کو بحال کیا جائے لیکن سڑک بھی ناقابل آمدورفت ہے اور پینے کا پانی بھی نایاب ہے۔
عیدالاضحی2ستمبر کو:مفتی بشیر
سرینگر//ریاست جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین نے کہا ہے کہ رویت ہلال کی مناسبت سے عید الاضحی کی مقدس تقریب 2 ستمبر کو منائی جائے گی۔انہوں نے اس موقعہ پر عالم اسلام بالعموم اور جموں وکشمیر کے عوام کو بالخصوص مبارکباد پیش کی ہے۔ مفتی بشیر نے دعا کی ہے کہ یہ عید سعید جموں وکشمیر کے عوام کی فلاح و کامرانی کی نوید لیکر آئے۔
راج بھون میں دو افسروں کیلئے الوداعی پارٹی
سرینگر//راج بھون میں ایڈیشنل ایگزیکٹو افسر جتیندر کمار اور گورنر کے اے ڈی سی میجر شانتند کو نوکری سے سبکدوش ہونے پر رخصت کیا گیا۔گورنر این این ووہرا نے اس موقعہ پر دونوں افسروں کی بہتر کارکردگی پر اُن کی ستائش کی اور ان کے روشن مستقبل کی تمنا ظاہر کی۔
کرالہ گنڈ میں سڑک حادثہ ،کمسن بچہ شدید زخمی
اشرف چراغ
کپوارہ//کرالہ گنڈ ہندوارہ میں ایک تیز رفتار گا ڑی نے ایک کمسن بچے کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا اور گا ڑی وہا ں سے فرار ہونے میں کا میاب ہو گئی ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہندوارہ بارہ مولہ شاہراہ پر کرالہ گنڈ کے مقام پر ایک سیاہ رنگ کی سکار پیو گا ڑی زیر نمبرJK01AA-9987نے ایک راہ چلتے کمسن بچے کو ٹکر مار کر شدید زخمی کیا تاہم ڈرائیور وہا ں سے فرار ہونے میں کا میاب ہو گیا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گا ڑ ی میں کوئی وی آئی پی سوار تھا ،جس کے ساتھ ایک پولیس اہلکار بھی وردی پہنے ہوئے تھا۔اس حوالے سے سب ڈویژنل پولیس آفیسر ہندوارہ شبیر احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ انہیں حادثہ سے متعلق خبر مو صول ہوئی لیکن ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
شبیر شاہ پر حملہ قابل مذمت:ملک
سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے مزاحمتی قائد شبیر احمد شاہ پر دہلی میں ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر دشمنی میں جس حد تک یہ لوگ نیچے گررہے ہیں وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ان کے نزدیک جمہوریت اور انسانی اقدار کی کوئی اہمیت و افادیت نہیں ہے۔ یاسین ملک نے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ جیلوں اور پولیس تھانوں میں مقید کشمیریوں کو کوئی بھی گزند پہنچائی گئی تو حالات بگڑجانے کی ساری ذمہ داری خود انہی پرعائد ہوگی۔ملک نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں خاص طور پر انٹرنیشنل ریڈ کراس سے کشمیری اسیروں کو تحفظ دینے کےلئے اپنا اثر نفوذ استعمال کرنے کی بھی اپیل کی۔
کھنہ بل ڈگری کالج معاملہ ایک سازش:لیگ
سرینگر//مسلم لےگ نے کھنہ بل ڈگری کالج مےں ترنگا لہرانے کے عمل کو اےک سوچی سمجھی سازش کے تحت طالب علموں کے کےرئےر سے کھلواڑ کرنے کی کوشش قرار دےتے ہوئے کہا کہ اےک منصوبہ بند لائحہ عمل کے ذر ےعے اب ےہاں کے تعلیمی اداروںکا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
بانڈی پورہ مےں پولےس پبلک مےٹنگ کا انعقاد
سرےنگر // پولےس اسٹےشن سمبل مےں اےس ڈی پی او سمبل کی صدارت مےںپولےس پبلک مےٹنگ کا انعقادکےا گےا ۔مےٹنگ مےں صدرکوٹ کے ذی عزت شہرےوں،سرپنچ ،پنچوں اور دیگر افراد نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل پیش کئے ۔اےس ڈی پی او نے لوگوں کے مسائل دلچسپی سے سنے اور انہےں ےقےن دلاےا کہ اُن کے مسائل کومتعلقہ محکموں تک پہنچا ےا جائے گا ۔
لبریشن فرنٹ کا شہدائے گلوان پورہ کو خراج عقیدت
سرینگر// لبریشن فرنٹ نے بشیر احمد بوگامی اورشہدائے گلوان پورہ کواُنکی برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔فرنٹ قائدین نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوان تحریک آزادی کے سرخیل تھے جنہوں نے آزادی کے سفر کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ فرنٹ وفدکی قیادت ایڈوکیٹ سراج الدین میر کررہے تھے۔انہوںنے بعداذاں دھر بگ کرالہ پورہ میں مرحوم محمد سلمان جو حال ہی میں ایک حادثے میں جاں بحق ہوئے، کے گھر جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
انصاری نے پٹن حلقہ انتخاب میںترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا
سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم اور امور نوجوان و کھیل کود کے وزیرمولوی عمران رضا انصاری نے پٹن حلقہ انتخاب کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے وہاں جاری مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے تعمیراتِ عامہ محکمہ کے افسران کو تمام بڑی سڑکوں پر میکڈم بچھانے اور ذیلی سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی ۔ دورے کے دوران وزیر نے محکمہ صحت کو مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیت 24 گھنٹے دستیاب رکھنے کیلئے کہا ۔
ہندوپاک کے مابین کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر:مسرور عباس
سرینگر//اتحاد المسلمین نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کو تشویشناک صورتحال قرا ر دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور مخاصمت کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔اپنے ایک بیان میں تنظیم کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ یہ مسئلہ ایک طرف آئے روز نہتے کشمیری عوام کی جانوں کے زیاں کا سبب بن رہا ہے اور دوسری طرف خطے کے دو جوہری ممالک اس مسئلے کے وجہ سے ہی جنگ کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مزاحمتی قیادت نے باربارکہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سدھار آنا ناممکن ہے۔
پیروان ولایت کے نئے عہدیداروں کا انتخاب
سرینگر//پیروان ولایت نے تنظیم کے ذمہ داروں سے کہا ہے کہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکراپنی خدمات انجام دیں۔موصولہ بیان کے مطابق تنظیم کے ایک اجلاس میں مجلس عاملہ نے بہ اتفاق رائے محمد اکبرمیر کو نائب صدر منتخب کیا جبکہ ڈاکٹر علی محمد کو ضلع سرینگر کیلئے صدر اور فدا حسین کو معاون منتخب کیا گیا۔ بیان کے مطابق ضلع بارہمولہ کے لئے نثار حسین کھانڈے کو صدر جبکہ اقبال اقبال حسین ٹھوکر کو ان کا معاون منتخب کیا گیا ۔بانڈی پورہ ضلع کے لئے سید اسد اللہ جبکہ محمد عبد اللہ ان کے معاون مقرر کردئے گئے۔ تنظیم نے دیگر اضلاع کے لئے پہلے سے ہی نامزد کئے گئے عہدیداروں کو ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ان کو ہی برقرار رکھا اور تنظیم میں نئے ممبران کو بھی شامل کیا گیا ۔اجلاس تنظیم کا صدر مولانا شبیر احمد صوفی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
سیاسی قیدیوں کو عید سے قبل رہا کیا جائے:محاذ آزادی
سرینگر// محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر نے کہا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد میں عاطف احمد شیخ اور محمد عرفان نامی نوجوانوںکوپبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قائدین کو پُرامن سیاسی سرگرمیوں میںحصہ لےنے سے روکنے کیلئے فرضی کیسوں میں پھنسایا جارہا ہے ۔انہوں نے تمام سیاسی قیدیوں کو عید سے پہلے رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔
بٹہ کراٹے کو اہل خانہ سے ملاقات نہیں دی گئی:لبریشن فرنٹ (آر)
سرینگر//لبریشن فرنٹ ( آر )نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) کے اہل خانہ کو ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ایک بیان میں فرنٹ ترجمان نے کہا کہ تہاڑ جیل میں بند کشمیری قیدیوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھا جارہا ہے اور ان کے اہل خانہ کو ان کے ساتھ ملاقات کرنے میں شدید دشواریاں حائل ہیں۔ترجمان نے قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جارہے سلوک پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بٹہ کراٹے کو ڈیڑھ ماہ قبل گرفتار کیا گیا لیکن آج تک انہیں کوئی طبی امداد فراہم نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی انہیں اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جارہی ہے۔
ٹنگمرگ اڈے میں بیت الخلاءناقابل استعمال
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں محکمہ سیاحت کی طرف سے چند سال قبل اڈے میںتعمیر کئے گئے بیت الخلاءناقابل استعمال بن گئے ہیں جس کے نتیجے میں سیاحوں کو بشری حاجت سے نجات پانے کے لئے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ٹورسٹ ریسپشن سنٹر ٹنگمرگ کے نزدیک لاکھوں روپئے صرف کرکے چند سال قبل یہ بیت الخلاءتعمیر کئے گئے اور انہیں استعمال میں لانے کی خاطر باضابطہ سیاحوں سے پیسے وصول کئے جاتے تھے ۔ مقامی لوگوں اور تاجروں نے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سے اس طرف توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔(مشتاق الحسن)
مژھل سیکٹر میں طبی کیمپ کا انعقاد
سرینگر//مژھل سیکٹر کے ٹی سنتواری گاﺅں میں فوج نے21اور22اگست کوطبی اور ویٹنری کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ میں فوج کے تین ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ ایک سیول ڈاکٹر بھی شامل تھا جنہوں نے اس موقع پر258 افراد اور332 مویشیوں کا علاج کیا۔ اس موقعہ پر لوگوں میں مفت دوائیاں بھی فراہم کی گئیں۔کیمپ میں گوجر بکروال طبقوں کے لوگوں نے شرکت کی اور انہوں نے اس کیمپ میں اپنا پورا تعاون پیش کیا۔