۔12ستمبر کوالیکٹریکل ایمپلائز یونین کا احتجاجی دھرنا
سرینگر //الیکٹریکل ایمپلائز یونین نے 5ستمبر کوہونے والے 72گھنٹے کے احتجاج دھرنے کو موخر کر کے احتجاج کیلئے اگلی تاریخ 12ستمبر2017مقرر کی ہے۔ یونین کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر میر عبدالسلام راجپوری منعقد ہواجس میں عید قربان کو مد نظر اور عوام الناس کی راحت رسانی کیلئے 5ستمبر کو 72گھنٹے کی ہڑتال چند دنوں کیلئے موخر کیا گیا اور طے پایا گیا کہ احتجاجی دھرنا12دستمبر 2017کو عملایا جائے گا ۔
محاصروں،چھاپوں اور گرفتاریاں قابل مذمت:تحریک حریت
سرینگر// تحریک حریت نے وادی کے مختلف علاقوں میں محاصروں، چھاپوں، تلاشیوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے عوام کا جینا محال بنادیا ہے۔ ایک بیان میں تحریک حریت نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں بستیوں پر یلغار کرنا، املاک کی توڑ پھوڑاور مکینوں کو ہراساں کرنا بھارت کے غرور کی علامت ہے۔ تحریک حریت نے حاجن بانڈی پورہ ،ہندوارہ کالج، لتر پلوامہ، کولگام، قیموہ اور دیگر دیہات میں فوجی محاصروں، تلاشیوں اور زیادتیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم وجبر، تشدد، محاصروں اور گرفتاریوں سے تحریک آزادی کے جذبے کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہاں کے عوام شعوری بیداری کے ساتھ رواں تحریک کے ساتھ وابستہ ہیں۔ تحریک حریت نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام پر مظالم ڈھانے کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
گاندربل میں مارکیٹ چیکنگ
۔5300روپئے کا جرمانہ وصول
گاندربل//ارشاد احمد//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش شنگلا کی ہدایت پر تحصیلدار گاندربل رابعہ یوسف نے بیہامہ سے لیکر دودھرہامہ تک مارکیٹ چیکنگ کے دوران منافع خوری اور گلی سڑی سبزیاں و میوہ جات فروخت کرنے کی پاداش میں کئی دوکانداروں کے خلاف کارروائی کی۔اس موقع پر 5300 روپے جرمانے کے طور پر وصول کئے گئے جبکہ گلی سڑی سبزیاں اور میوہ کو ضائع کیا گیا۔اس موقعہ پر 20 کلو پالی تھین کے لفافے بھی ضبط کئے گئے۔
سڑک حادثات میں 12افراد زخمی
سرینگر// وادی میںدو سڑک حادثات میں 12 افراد زخمی ہوئے ۔اننت ناگ میں سیر رنگہ کدل کے نزدیک ایک ٹاٹا گاڑی زیر نمبر JK03/6320 سڑک کے بیچ اُلٹ کر حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ٹاٹا گاڑی میں سوار گیارہ افراد زخمی ہوئے ۔پولیس نے موقعہ پر جاکر زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا ۔ سڑک کے ایک اورحادثے میں نمبلہ بل اونتی پورہ میں ایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK21D/1186نے ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار کانسٹیبل سیدبلال احمد ساکن سلی اونتی پورہ کو ٹکر مار کر زخمی کر لیا جس کو علاج ومعالجہ کیلئے بون اینڈ جوئنٹ اسپتال منتقل کیا ۔
ویری کاسیاحتی ڈھانچے میں بہتری لانے پر زور
اننت ناگ//مال ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ وزیرموصوف نے ان خیالات کا اظہار ہال مولہ سنگم اننت ناگ میں ایک پبلک پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقعہ پر کیا۔وزیر نے کہا کہ یہ پبلک پارک قومی شاہراہ ایک پُر کشش اور جاذب نظر جگہ بن جائے گی جہاں مقامی اور بیرونی سیاح آتے رہیں گے۔جہلم کے کنارے پر یہ پارک جدید سہولیات سے لیس ہو گی اور اس کے اندر ایک بک سٹور/ آرٹ گیلری بھی ہوگی۔پارک میں ایک کافی پوائنٹ ، واش روم سہولیت ، بچوں کے کھیلنے کا سامان اور گیٹ پلازہ بھی بنایا جائے گا۔وزیرنے کہا کہ ’ ریاست کے اندر سیاحتی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے حکومت اس سلسلے میں تمام تر اقدامات کررہی ہے ‘۔
الطاف بابا کو ناظم اطلاعات کی مبارک باد
سرینگر//ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ منیر الاسلام نے روز نامہ گریٹر کشمیر کے الطاف بابا کو بارہمولہ پروفیشنل جرنلسٹس گلڈ ( بی پی جے جی) کا نیا صدر منتخب ہونے پر مبارک با ددی ہے۔ناظم اطلاعات نے ایگزیکٹیو ایڈیٹر ورمل پوسٹ نور الحق اور ویڈیو جرنلسٹ ای ٹی وی یعقوب لالہ کو بالترتیب نائب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی ۔بی پی جے جی ضلع بارہمولہ میں مختلف پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا آرگنائزیشن کے ساتھ وابستہ ایک پیشہ ور صحافیوں کا گروپ ہے۔منیر الاسلام نے کہا کہ ہم میڈیا برادری خاص طور پر بی پی جے جی کے نئے منتخب عہدہ داروں کے ساتھ ایک مضبوط اور مستحکم پیشہ وارانہ رشتہ قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اطلاعات کی تشہیر موثر بنے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صحافیوں کی بہبودی کے لئے کئی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔