فوج کی سکلوٹ یتیم ٹرسٹ میں عید پرشرکت
سرینگر//کپوارہ میں مقیم فوج نے یتیم ٹرسٹ سکلوٹ کپوارہ کے بچوں کے ساتھ عید منائی۔ اس ٹرسٹ میں55 یتیم بچے قیام پذیر ہیں۔ اس موقعہ پر جنرل آفیسر کمانڈنگ اجر ڈیوژن نے ان یتیم بچوں کے ساتھ ملاقات کی۔ جی او سی نے اس موقعہ پر یتیم بچوں کی کافی سراہنا کی اور ساتھ ہی ان بچوں میں مٹھائیاں، تحائف ، پڑھائی لکھائی کا سامان اور سپورٹس کٹ تقسیم کئے۔
عید پر وقف بورڈ کی کارکردگی ناتسلی بخش:امام حی
سرینگر//مرکزی جامع مسجد سرینگرکے امام حی مولانا سید احمد سعید نقشبندی نے مسلم وقف بورڈ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مقدس موقعہ پر عیدگاہ سرینگر میں کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی ناتسلی بخش کارکردگی کی وجہ سے نماز عید کی تقریب ایک گھنٹہ دیر سے شروع ہوگئی۔مولانا نے کہا کہ اگرچہ وقف بورڈ اہلکاروں کو اس سلسلے میں پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھالیکن انہوں نے کوئی انتظام نہیں کیاتھا ۔انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وقف بورڈ عوامی جائداد کو سنبھال نہیں پارہا ہے تو انہیں چاہئے کہ قوم کو لوٹا دیں توقوم کو اس کی حفاظت کرنا آئے گا۔
عبدالاحد لوڈاری کا عرس7ستمبر کو
سرینگر//صوفی بزرگ عبدالاحد لوڈاری کا عرس 7 ستمبر جمعرات کو عقیدت و احترام سے منایا جارہاہے۔اس سلسلے میں ختمات وغیرہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں تمام عقیدتمندوں ، طالب علموں اور عام لوگوں کو اس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔حاضرین کے لئے قیام و طعام کا بھی انتظام ہے۔
ابھے رستم سوپوری اعزاز سے سرفراز
سرینگر //سنگیت کے ماسٹر ابھے رستم سوپوری کو سنگیت اور ثقافت کے میدان میں بہترین کارگردگی کیلئے ڈاکٹر ایس رادھے کرشنن نیشنل میڈیا ایوارڈ2017سے نوازا گیا ہے۔ ابھے سوپوری نے سنگیت کے ذرےعے نوجوانوں کو ملاکر ثقافتی انقلاب پیدا کیا ہے اور وہ جموں و کشمیر میں کلچرل پالیسی ترتیب دینے میں بھی کافی سرگرم رہے ہیں۔ ہنس راج کالج دلی یونیوسٹی میں بھارت کے سابق صدر رادھے کرشنن کی 130ویں جنم دن کے موقعے پر اکھل بھارتیہ سنوترا پٹراکر اوم لیکھک سنگھ کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں ان کو انعام سے نوازا گیا۔