پلوامہ کے کئی دیہات کا بیک وقت محاصرہ
سرینگر//پلوامہ کے مضافات میں قریب نصف درجن دیہات کا شبانہ کریک ڈائون کئی گھنٹوں کے بعدپر امن طور اختتام کو پہنچ گیا۔ ادھر جمعرات کی سہ پہر کو آستان محلہ پیٹھ مکہامہ بیروہ میں تلاشی کارروائی کی گئی۔ ادھر جمعرات کی سہ پہر کو آستان محلہ پیٹھ مکہامہ بیروہ میں تلاشی کارروائی کی گئی۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کے دوران ایک مرتبہ پھر ضلع کے ایک وسیع علاقے میںجنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیاجہاں پولیس اور فورسز کو جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔نمائندے نے بتایا کہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ ، فوج کی راشٹریہ رائفلزاور سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکاروں نے قریب نصف درجن دیہات کو محاصرے میں لیکر’’کارڈن اینڈ سرچ آپریشن‘‘ (CASO)شروع کیا۔ان میں متری گام ، شنگر پورہ، زاجی گام، سونتہ بگ اور پتری گام شامل ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز نے ان علاقوں کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے جس دوران نہ کسی کو وہاں کی طرف جانے اور نہ ہی کسی کو باہر آنے کی اجازت دی گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق فورسز اہلکاروں نے رہائشی مکانوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیاتاہم ان کا جنگجوئوں کے ساتھ آمنا سامنا نہیں ہوا۔کریک ڈائون کے تحت محاصرے میں لئے گئے علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول رہا اور مجموعی طور پولیس اور فورسز کے سینکڑوں اہلکاروں نے تلاشی کارروائی میں حصہ لیا لیکن فورسز کو کہیں پر بھی جنگجوئوں کا کوئی اتہ پتہ نہیں ملا۔
ریاست میں رشوت ستانی عروج پر: وکیل
سرینگر// سابق وزیر عبدالغنی وکیل نے ریاست میں بڑھتی ہوئی رشوت ستانی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح حکومت اور اپوزیشن پوری توجہ سیاسی مدعوں پر مرکوز کر رہی ہے وہیں دوسری طرف کورپٹ سیاستدانوں اور بیروکریٹ غیر یقینی صوتحال کا فائدہ اٹھا کر لوٹ کھسوٹ میں لگے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا اس طرح غریب عوام گونا ں گوں مشکلات اور مسائب دورچار ہیں اور سرکار زمین پر کہیں پر بھی نظر نہیں آرہی ہے ۔وکیل نے کہا کہ کورپشن کے خاتمہ کیلئے احتسابی کمیشن جیسے ادارے تو وجود میں آئے مگر وہ بھی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں کیونکہ سرکار نے ان اداروں کو متحرک کرانے کیلئے قانونی ضروریات فراہم نہیں کئے ہیں ۔
محبوس خان سوپوری سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کی مذمت
سرینگر//پیپلز لیگ نے تنظیم کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کورٹ بلوال جیل میں ہائپرٹیشن و دیگر جان لیوا امراض میں مبتلا ہونے کے باوجود غیر ضروری پوچھ تاچھ کئے جانے کی مذمت کی۔ ترجمان اعلیٰ غلام قادر راہ نے کہاکہ علیل بزرگ رہنماء غلام محمد خان سوپوری کے متعلق ایجنسیوں کا رویہ معاندانہ ہے۔ ترجمان اعلیٰ نے کہاکہ خان سوپوری کی زندگی کا بیشتر حصہ جیلوں اور عقوبت خانوں میں گزرا ہے جس وجہ سے ان کی صحت کافی متاثر ہوچکی ہے ۔ ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تنظیموں سے اپیل ہے کہ وہ غلام محمد خان سوپوری سمیت سبھی نظربندوں کی رہائی کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں۔
برتھی پورہ شوپیان کے معروف سماجی کارکن اور درویش فوت
سرینگر//برتھی پورہ شوپیان کے معروف درویش،برتھی پورہ اوقاف کے سرپرست اعلیٰ اور سماجی کارکن غلام نبی بٹ ولد حاجی علی محمد مختصر علالت کے بعد بدھ کو صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں انتقال کرگئے۔ مرحوم کو آبائی قبرستان واقع برتھی پورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔مرحوم کی نماز جنازہ میں کئی مزاحمتی جماعتوں سے وابستہ نمائندوں، وکلا، میوہ صنعت سے وابستہ انجمنوں اور سماج کے دیگر طبقوں نے شرکت کی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کا چہارم سنیچر 16کو انجام دیا جارہا ہے۔بعد ازاں فاتحہ خوانی اور تعزیتی مجلس دن بھر مرحوم کے گھر میں منعقد ہوگی۔خواتین سے کہاگیا ہے کہ وہ کسی قسم کامیوہ وغیرہ ساتھ نہ لائیں۔
ہوائی اڈے کے گردونواح میں51اینٹ بٹھے بند کرنے کے احکامات جاری
بڈگام//سرینگرہوائی اڈے کے گردونواح میں قائم اینٹ بٹھوں کودوسری موزوں جگہ منتقل کرنے کی عدالتی ہدایت کے تحت ترقیاتی کمشنر بڈگام نے اپنے اختیارات کا استعمال کرکے ضلع بڈگام میں 51اینٹ بٹھوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ اڑانوں کے لئے مناسب روشنی ،خصوصاً اکتوبر اورنومبر مہینوںمیں بہتر روشنی بن سکے۔سرینگر ہوائی اڈے کے نزدیک 34اینٹ بٹھے تحصیل چاڈورہ میں اور17تحصیل بڈگام میںقائم ہیں۔ ڈائریکٹر ائر پورٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ ائر پورٹ اوربراڈ کنٹورس حصے کی نشاندہی کریں جہاں سے اینٹ بٹھوں کو ہٹانا ضروری ہے۔دریں اثنأ ایسے کاروباری اداروں،جہاں سے دھول اور دھواں خارج ہوتا ہے کو عدالتی حکمنامے کے تحت دوسری جگہ منتقل کیاجائے گاتاکہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔علاقے کے تحصیلدار جہاںسے اینٹ بٹھے منتقل کئے جارہے ہیں،مالکان کو نئی مناسب جگہوںپر کام کاج کے لئے تعائون فراہم کریںگے۔
کپوارہ میں استاد گرفتار،نشیلی ادویات ضبط
کپوارہ//اشرف چراغ //لولاب وادی میں سکول استاد کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے بھاری مقدار میں نشیلی ادویات ضبط کی۔ ایس ایس پی کپوارہ چودھری شمشیر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ سوگام پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر ایک چھاپہ مار کاوائی کے دوران پیشہ سے ایک سرکاری استاد ظہور احمد وانی کو حراست میں لیا اور اس کی تحویل سے بھاری مقدار میں کوڈین ضبط کی اورسوگام پولیس تھانہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر52/2017درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ روا ں سال کے دوران منشیات مخالف مہم کے دوران کپوارہ پولیس نے منشیات کے دھندے میں ملو ث 31افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف کیس درج کئے اور ان کی تحویل سے اب تک 11.6,کلوگرام چرس،2کلو گرام ہیروئن ،4.5کلوگرام برائون شوگر جبکہ کو ڈین کی بھاری مقدار ضبط کی ۔ایس ایس پی نے کہا کہ منشیات کا قلع قمع کرنے کے لئے عوام کو پولیس کو اپنا بھر پور تعاون دینا ہو گا تاکہ نئی نسل کو اس بدعت سے بچایا جا سکے ۔منشیات میں ملوث ماسٹر کی گرفتاری کے حوالے سے جب چیف ایجو کیشن آ فیسر محمد شفیع نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ابھی تک پولیس کی جانب سے انہیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی لیکن اس کے باوجود بھی انہو ں زونل ایجو کیشن آ فیسر سوگام کو ہدایت دی کہ وہ معاملہ سے متعلق انہیں اپنی رپورٹ پیش کریں ۔