کپواڑہ//وزیر برائے دیہی ترقی ، پنچایتی راج ، قانون و انصاف عبدالحق نے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے وادی لولاب کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیر نے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں بشمول سڑک رابطہ پروجیکٹ، گورنمنٹ ڈگری کالج بوائز سوگام کے لئے زیر تعمیر عمارت ، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی واٹر ٹینکوں ، ایس ڈی ایچ سوگام اور لال پورہ کے لئے نئی عمارات کا معائینہ کیا۔ دورے کے دوران عبدالحق نے دیگر جاری پروجیکٹوں کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ان پروجیکٹوں پر کام میں سرعت لانے کے لئے کہا تاکہ وادی میں سرما شروع ہونے سے قبل ہی مکمل کئے جاسکیں۔وزیر نے دورے کے دوران عام لوگوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کر کے وادی میں دستیاب مختلف سہولیات کی فراہمی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت ریاست کے تمام علاقوں میں رہنے والوں کو ان کے گھروں کے نزدیک ہی بنیادی سہولیات فراہم کرے گی۔وادی لولاب کے متعدد وفود اور افراد وزیر سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔وفود کی مانگوں کے ردِّعمل میں وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کی تمام جائز مانگیں اور مسائل کا معاملہ متعلقہ محکموںکے ساتھ اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت دیہی اور دُور دراز علاقوں کی ترقی کے لئے وعد ہ بند ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تعمیراتِ عامہ ، بجلی ، صحت ، دیہی ترقی اور دیگر شعبوں کے تحت پہلے ہی متعدد سکیمیں اور پروگرام زیر عمل ہے ۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آکر ریاستی اور مرکزی معاونت والی سکیموں سے استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ دیہی ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ کا خواب تب ہی شرمندہ تعبیر ہوگا جب محکمہ کی تمام اہم سکیموں اور پروگراموں پر من و عن عمل درآمد ہوگا اور اس کے لئے تمام متعلقین کو تن دہی ، لگن اور دیانتداری سے کام کرنا ہوگا۔
بنیادی سہولیات میسر رکھی جائیں:نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے محرم الحرام کی مقدس تقریبات کے پیش نظر ریاست میں خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انتظامیہ سے تاکید کی ہے، کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات وافر مقدار میں میسر رکھنے کے ساتھ ساتھ شیعہ اکثریتی علاقوں میں خاص طور سے سڑکوں اور گلی کوچوں کی صفائی کے کام کو یقینی بنایا جائے۔ اِسی طرح بغیر خلل بجلی سپلائی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے ۔انہوں نے عزاداران کے جلوسوں کے دوران ہر اہم مقام پر طبی کیمپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عزادارن کے جلوسوں کے ہمراہ خصوصی فرسٹ ایڈ سہولیات بھی میسر رکھی جانی چاہیں۔ اِسی طرح صحت وصفائی کے منظم اور موثر انتظامات کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ پینے کے پانی کے عارضی نل پونیٹ قایم کئے جانے چاہیں۔ عمر عبداللہ نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عزاداران کو اپنے اپنے علاقوں میں تعزیہ جلوس نکالنے کی بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں اور یوم عاشورہ کی اختتامی تقریبات منعقد ہوجانے تک ہر ایسی سہولیت کو بر قرار رکھا جانا چاہیے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، سینئر لیڈر ان محمد اکبر لون، راجیہ سبھا ممبر محمد شفیع اوڑی ،ایم ایل سی علی محمد ڈار، سینئر نائب صدر صوبہ محمد سعید آخون، بٹہ مالو عرفان احمد شاہ، ایم ایل اے حبہ کدل شمیمہ فردوس، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد نے بھی انتظامات میسر رکھنے کی اپیل کی ہے۔
سمبل میں محرم انتظامات کاجائزہ لیاگیا
بانڈی پورہ//ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے سمبل سب ڈویژن کا تفصیلی دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلے میںکئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ضلع انتظامیہ کے آفیسران اور محرم کے سلسلے میں مقررکردہ نوڈل آفیسر ڈاکٹر افتخار بھی تھے۔اے ڈی سی نے اندر کوٹ اورنوگام کے علاوہ کئی اما م باڑوں کے دورہ کیا۔انہوںنے مختلف محکموں کے آفیسران کو شیعہ برادری والے علاقوں میں راشن، آٹا،کھانڈ، بالن،ایل پی جی اوردیگر لازمی اشیأ کی اطمینان بخش فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اے ڈی سی نے صحت سہولیات کا بھی جائزہ لیااورمتعلقہ آفیسران پر علاقے میں فسٹ ایڈ اورایمبولینسز دستیاب رکھنے پر زوردیا۔انہوں نے آفیسران کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی بھی ہدایت دی۔
کسٹوڈین جنرل کی والدہ فوت،چہارم آج
سرینگر //کسٹوڈین جنرل جموں وکشمیر اعجاز احمد بٹ کی والدہ خدیجہ بیگم منگل 19ستمبر کو انتقال کرگئیں ۔مرحومہ کچھ وقت سے علیل تھیں۔مرحومہ کی وفات پر کئی سیاسی سماجی اور ادبی تنظیموں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کی ۔اس دوران محکمہ کسٹوڈین جموں اور سرینگر کے ملازمین نے تعزیتی مجالس کا اہتمام گیا جس دوران اعجاز احمد بٹ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا ۔کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار اشفاق سعید نے بھی اعجاز احمد بٹ اور دیگر سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کا چہارم 22ستمبر یعنی آج اُن کے آبائی مقبرہ شہداب کیروا شوپیان میں انجام دیا جائے گا ۔
تحریک حریت اور لیگ لیڈران پیش عدالت
بانڈی پورہ/عازم جان /تحریک حریت کے ضلع صدر بانڈی پورہ رئیس احمد میر اور مسلم لیگ کے محمد اسداللہ پرے، خورشید احمد، معراج الدین نندااور شوکت احمد حکیم کو عدالت میں پیش کیا گیاجو سنٹرل جیل سرینگر میں مقید ہیں۔عدالت میں پیش ہونے کے موقع پر اُن سے کئی عزیز و اقارب نے ملاقات کی ۔ مسلم لیگ کے محبوس قائدین نے کہا کہ وہ دو سال سے نظر بند ہیں اور اب تک سات مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا لیکن پولیس گواہوں کو عدالت میں پیش نہیں کرپارہی ہے ۔
گورنر کا ایس ایس پی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت
سرینگر// گورنراین این ووہرا نے راج بھون میں ایس ایس پی سیکورٹی سُنیل شرما کی والدہ پھولن دیوی کے انتقال پر دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں گورنر نے پھولن دیوی کی آتما کی شانتی کے لئے دُعا کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
اوڑی میں زڈ ای او کی کرسی خالی
اوڑی/ٖظفر اقبال/اوڑی میں زونل ایجوکیشنل آفیسر کی کرسی تین ہفتے سے خالی ہے جس کی وجہ سے اساتذہ اور طلاب مشکلات سے دوجار ہیں۔ اوڑی میں تعینات سابق زونل ایجوکیشنل آفیسر عبدالرشید 31 اگست کو نوکری سے سبکدوش ہوئے اور اس کے بعد محکمہ تعلیم نے دفتر میںکسی بھی آفیسر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی۔ اساتذہ اور طلاب نے وزیر تعلیم سید الطاف بخاری سے اپیل کی ہے کہ وہ اوڑی میں زونل ایجوکیشنل آفیسر کو تعینات کیا جائے۔
مسلم لیگ کو مسرت اور آسیہ کی بگڑتی صحت پر تشویش
سرینگر//مسلم لیگ ترجمان سجادایوبی نے تنظیم کے محبوس چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی کی جموں جیلوںجموں میںبگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پہلے ہی کئی جسمانی عارضوں میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں کی صلاح کے مطابق انہیں ہر ہفتے میڈیکل چیک اپ لازمی ہے مگر جب سے انہیں جموں منتقل کیا گیا تب سے علاج و معالجہ میسر نہ ہونے کی وجہ سے دونوں کی صحت بگڑ گئی ہے جو قابل تشویش اور سنگین معاملہ ہے ۔
ڈی پی ایس بڈگام میں اساتذہ کیلئے تربیتی پروگرام
سرینگر// ڈی پی ایس بڈگام میں گلوبل ایجوکیشن اینڈ لیڈر شپ فاونڈیشن کے اشتراک سے اساتذہ کیلئے 2روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد ہوا جس دوران ان اساتذہ کو تربیت دی گئی جو چھٹی سے دسویں جماعت تک پڑھاتے ہیں ۔اس موقعہ پر فاونڈیشن کے نمایندوں نے مختلف ماڈیولز پیش کئے۔اساتذہ کو ویڈیوز ،پرزنٹیشن اور دیگر ذرائع کے ذریعے اچھے رہنما بننے کیلئے تربیت دی گئی۔اس پہل کو شروع کرنے کا مقصد اساتذہ کی مہارتوں سے طالب علموں کو مستفید کرنا ہے تاکہ وہ تبدیلیکے فعال ایجنٹ بن سکیں ۔بعد میں تربیت پانے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔ یہ بات قبل ذکر ہے کہ ڈی پی ایس بڈگام اس طرح کے تربیتی سیشن اور ورکشاپ منظم کرکے بہترین تدریسی طریقہ کار کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔
مزاحمتی قائد کی گرفتاری پر گیلانی اور فریڈم لیگ کا شدید رد عمل
سرینگر//جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان کی تنظیم کے دفتر واقع راجباغ سے کل رات دھیر گئے گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کی ایک ٹکڑی نے رات دھیر گئے تنظیم کے دفتر واقع راجباغ میں چھاپہ مار کر موصوف کو گرفتار کر کے کسی نا معلوم مقام پر لے گئی ہے۔ اس دوران حریت چیرمین سید علی گیلانی نے حریت مجلس شوریٰ کے رُکن اور پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان کی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک نوجوان سیاسی راہنما ہیں، انہیں بلاوجہ گرفتار کرکے نامعلوم جگہ پر مقید کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ترال حملہ: نعیم اختر کے
ساتھ ہمدردی کااظہار
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر کے ساتھ بات کی اور ترال میں اُن کے قافلے پر ہوئے گرنیڈ حملہ کے بعد اُن کی خیر وعافیت دریافت کی۔گورنر این این ووہرا، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، دیگر کابینہ وزرائ، ارکان اسمبلی اور زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے نعیم اختر کے ساتھ بات کر کے اُن کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ ترال میں ہوئے گرنیڈ حملہ میں دو شہری جانبحق ہوئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس واقعہ کی بڑے پیمانے پر مذمت کی جارہی ہے۔
خان سوپوری سی آئی جموں منتقل
سرینگر// پیپلز لیگ نے حریت گ رابطہ عامہ کے سربراہ جموں کشمیر پیپلز لیگ کے علیل و محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے رہائی کے احکامات ملنے کے باوجود بیماری کی حالت میں کورٹ بلوال جیل سے سی آئی جموں منتقل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علیل بزرگ رہنما غلام محمد خان سوپوری کے متعلق حکومتی پالیسی انتہائی ظالمانہ اور بے رحمانہ ہے اور اس کے لئے کوئی قانونی اور آئینی جواز موجود نہیں ہے ۔
ٹیلی کام کیڈر کے 29پولیس آفیسر ترقیوں سے سرفراز
سرینگر // ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید نے بدھ ٹیلی کام کیڈر کے 29پولیس آفیسران کے پرموشن آڈر اجراءکئے ۔اس دوران دس سب انسپکٹروں کو ترقی دے کر انسپکٹر بنایا گیا ۔انسپکٹر بننے والوں میں ظفر علی ، کلونت سنگھ ، ستیش کمار ، کنیا لال ، اشوک کمار ، نذیر احمد ، رجندر کمار ، وجے کمار ، محمد صادق اور عبدلرشید شامل ہیں ۔اسی طرح 19اسٹنٹ انسپکٹروں کو ترقی دے کر سب انسپکٹر بنایا گیا ہے ۔ان افسران میں سرندر سنگھ ، سودہ گر مال ، شیو کمار ، محمد رمضان ، جاوید حسین ، علیٰ محمد ، غلام حسین ، عبدالاحد،اوم پرکاش ، غلام محمد ، ناروتن سنگھ ، نور حسین ، علی محمد ، تہسین احمد ، محمد امین ، ستیش کمار ، غلام نبی رومیش کمار اور منظور حسین شامل ہیں ۔ترقی پانے والے تمام افسران اور اُن کے اہل خانہ کو ڈی جی پی نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی یہ افسران محنت اور لگن سے آگے بھی اپنا کام ایمانداری کے ساتھ انجام دیں گے ۔
سرینگر اور اودہمپورمیں نئے کیمپوں کا انعقاد طے
آر ای آئی آئی سمٹ ممبئی میں جموں وکشمیر کے حوالے سے بحث
ممبئی// صحت و طبی تعلیم ، مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ممبئی میں رئیل اسٹیٹ اینڈ انفراسٹرکچر انویسٹرس سمٹ2017 میں جموں وکشمیر کی نمائندگی کی۔مرکزی وزارت شہری ترقی، مکانات اور اربن پاورٹی الیویشن اور حکومت ہند نے یہ سمٹ پرائیویٹ دعوے داروں اور غیر ملکی سرمایہ کو ملک کے اندر لانے کے لئے انعقاد کیا تھا۔کنکلیو میں مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی، چیئرمین نیتی آیوگ امیتابھ کنٹھ، محکمہ مال کے سیکرٹری، وزارت خزانہ کے ہنس مکھ آدھیا، آربی آئی گورنر ارجیت پٹیل، محکمہ فائنانشل سروسز کے سیکرٹری وزارت خزانہ کے انجولے چِب ڈگل و دیگر افسران موجود تھے۔کنکلیو کے دوران رئیل اسٹیٹ میں اور زیادہ رقومات لانے کے لئے ریفارمز کی عمل آوری اور عالمی سطح پر بنیادی ڈھانچے کا سیکٹر جیسے موضوعات پر غور خوض ہوا۔دیگر مطالبات اور سکیمیں جن میں کنکلیو میں بحث ہوئی، میں ڈرگ کے تحفظ، راشٹریہ ویوشری یوجنا کے تحت سنیئت سیٹیزن سکیمیں، پوسٹ میٹرک سکالر شِپ اور بابو جگجیون رام چترا واس یوجنا( لڑکے اور لڑکیوں کے لئے ہوسٹل) کی سہولیات شامل ہیں۔جموں وکشمیر میں سنیئر سیٹیزن سکیم پر بحث کے دوران مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں دو اضلاع کا چناو¿ کیا، سرینگر اور اودہمپور جہاں کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
آسیہ اندرابی کی عدالت حاضری پر روک
دختران ملت کا احتجاج،اقوام عالم سے مداخلت کی درخواست
سرینگر// دختران ملت کی محبوس سربراہ آسیہ اندرابی کو ایک بار پھر عدالت حاضر نہ کئے جانے پر سخت رد عمل کااظہار کرتے ہوئے تنظیم نے اسے حکومت کی بوکھلاہٹ اور محبوس خاتون لیڈر کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا اقدام قرار دیا ہے۔ دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہاہم اس بات کا از سر نو اظہار کرتے ہیں کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ آسیہ اندرابی کو جیل کے اندر ہی گزند پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابہ کو گھر سے دور قید رکھا گیا جس کی وجہ سے نہ ہی ان کے گھر والے ان سے مل پاتے ہیں اور نہ ان کو وقت پر عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔ سرینگر سینٹرل جیل اور بارہمولہ جیل میں خواتین قیدیوں کیلئے کافی جگہ ہے لیکن محض سیاسی عناد کی بنا پر انہیں جموں میں رکھا گیا۔قید کی شروعات سے ہی انہیں طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ۔بیان کے مطابق آسیہ اندرابی استھما کہ مریضہ ہیں اور امپھالا جیل میں شدید گرمی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے انکی طبیعت تشویش ناک حد تک بگڑ گئی ہے۔ ۔ ڈاکٹروں نے ان کو تشخیصی ٹسٹ بشمول ایکو تجویز کئے تھے تاہم حکومت نے وہ ہونے نہیں دئے۔ پچھلی بار 29 اگست کو انہیں سرینگر لایا گیا تھا اور اسی دن عدالت نے ان کا پی ایس اے کالعدم کر دیا تھا۔ تب سے انہیں جموں جیل میں بغیر کسی قانونی جواز کے رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آو آئی سی نے اپنے حالیہ سیشن کیلئے ان کو مدعو بھی کیا تھا تاہم اسیری اور سفری دستاویزات نہ ہونے کی بنا پر وہ شرکت نہیں کر سکی۔