سرینگر//سالویشن مومنٹ نے سرحد اور ایل او سی کے آر پارعام لوگوں کی ہلاکتوں پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر فائرنگ کرنے سے مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت سے عالمی برادری کا توجہ ہٹایا نہیں جاسکتا ہے ۔ سالویشن مومنٹ کے چیرمین نے نوگام نٹی پورہ میںمعروف سماجی کارکن مرحوم حاجی محمد یوسف بٹ کی یاد میں تعزیتی و دعاء مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک اٹل حقیقت ہے جو کہ اقوام متحدہ کے درجن سے زیادہ قراردادوں میں درج ہے اورہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہرلال نہرو نے کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے۔دریں اثناء سالویشن مومنٹ کے مفتی مدثر،ابو مصطفی،علی محمد،مولوی رشید ،مولوی مشتاق نے ٹنگمرگ،بڈگام ،ترال میںجاں بحق افراد کے گھروں میں جاکر انکے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام مہدی عاطف دوران قید انتقال کر گئے
جماعت اسلامی کا تعزیتی اجلاس ، مہدی کی خدمات ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ قرار
سرینگر//جماعت اسلامی جموںوکشمیر نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام محمد عاطف مہدی کی رحلت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اخوان المسلمون کی قیادت، جملہ کارروان اور مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر واقع باراں پتھر بتہ مالو پر ناظم تعلیم و تربیت نذیر احمد رعنا کی سربراہی میں ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس میں مرحوم کی تحریکی زندگی اور خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی گئی کہ وہ مرحوم کو جنت کے اعلیٰ مقام میں جگہ عطا کرے اور لواحقین و پسماندگان کو یہ صدمہ جانکاہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ نشست میں اخوان المسلمون کی جملہ قیادت بالخصوص مرحوم کی خدمات کو ملت اسلامیہ کے لیے ایک عظیم سرمایہ قرار دیا گیا۔ اس موقعہ پر مرحوم کی تحریک اسلامی کے تئیں خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے نذیر احمد رعنا نے کہا کہ جس سال مرحوم تولد ہوئے اُسی سال عرب میں اخوا ن المسلمون کا قیام عمل میں لایا گیا۔ مرحوم کو بچپن سے ہی اسلام سے گہرا اور قلبی لگائو تھا اور یہی وجہ تھی 1940ء میں اس مرد جلیل نے اخوان المسلمون میں باضابطہ شمولیت اختیار کی اور اپنی ذات کو اسلام کی سربلندی کے لیے وقف رکھا۔ 1954ء تا1974ء مرحوم، مصر کے سابق ڈکٹیٹرجمال عبدالناصر کے دور میں پابند سلاسل رہے اور اس طرح زندگی کا ایک طویل عرصہ جیل کی کال کوٹھریوں میں گزارا۔ 2013ء میں بھی مصر کے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو جب منصب صدارت سے معزول کروایاگیا تو اخوان المسلمون کی قیادت سمیت کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کو پھر زینت زندان کیا گیا جن میں مرحوم بھی شامل تھے۔ اس طرح اس مرد جلیل نے اسلام دشمن طاقتوں کے سامنے جھکنے کے بجائے جیل میں اپنی زندگی کا بڑا حصہ گزارنا پسند کردیا اور سلاخوں کے پیچھے ہی89برس کی عمر میں اپنی جان جان آفرین کے حوالے کردی۔ نشست میں مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔امیر جماعت اسلامی غلام محمد بٹ نے بھی اپنے پیغام میں مرحوم کے بچھڑ جانے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اخوان المسلمون کی قیادت، وابستگان اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیاہے۔
محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین
یکم اکتوبر سے ہڑتال پر جائیں گے
سرینگر// محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے یکم اکتوبر سے ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر آئیںگے۔پلوامہ میںپی ڈی ڈی کیجول لیبر یونین نے عارضی ملازمین نے تنخواہوں کی باقاعدہ واگزاری اور مستقلی کی مانگوں کو لیکر زبردست احتجاج ہوا۔ مظاہرین نے کہا کہ کئی کیجول لیبر دوران ڈیوٹی حادثات کے شکار ہوگئے لیکن حکومت اور محکمہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ کیجول لیبرہڑتال پرنہیں جانا چاہتے لیکن محکمہ کے استحصال کی وجہ سے ہم بے بس ہوکر رہ گئے اور ہڑتال کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ اس لئے متفقہ طور سے یہ فیصلہ لیا گیا کہ یکم اکتوبر سے تمام کیجول لیبرہڑتال پر چلے جائیں گے۔
این سی کا ترال مہلوکین کے لواحقین سے تعزیت
محرم الحرام1439ترال// نیشنل کانفرنس وفد نے ترال جاکر بم دھماکے میں مارے گئے شہریوں کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔ وفدمیں پارٹی کی اقلیتی سیل کے انچارج جگدیش سنگھ آزاد اور انچارج کانسچونسی ترال محمد اشرف بٹ شامل تھے۔ وفد نے حملے میں مارے گئے غلام نبی تراگ اور پنکی کور کے گھر جاکر تعزیت کی اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ وفد نے پارٹی لیڈرشپ کی طرف سے بھی تعزیت کی اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس صدمہ عظیم میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ خون خرابے کے خلاف رہی ہے اور یہ جماعت ہمیشہ عدم تشدد کی حامی رہی ہے۔
پنکی کے جسم پر پیلٹ لگے تھے:زمرودہ حبیب
سرینگر //کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمرودہ حبیب نے کہا ہے کہ ترال میں پیش آئے واقعے کی تکلیف کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔ زمرودہ حبیب نے ترال میں رتندیپ کور عرف پنکی کور اور غلام نبی تراگ کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ رتندیپ کور کی موت پر افسوس کا ظہار کرتے کہا کہ ان کی ماں نے بتایا کہ اسکے جسم پر ہزاروں پیلٹ لگے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ اور بزرگ شہری کی ہلاکت کیلئے فورسز اہلکار ذمہ دار ہیں ۔ زمرودہ حبیب نے رتندیپ کور اور غلام نبی تراگ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قتل میں ملوث افراد کو سزا دینے کی مانگ کی ہے۔
مزاحمتی تحریک میں خواتین کا رول قابل سراہنا
سرینگر//محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صد ر محمد اقبال میر نے مزاحمتی تحریک میںخواتین کے رول کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی قربانیاں دی ہیں۔بیان کے مطابق اسی کڑی کے تحت24ستمبر 1931کو سیاسی حقوق کی بازیابی کے مطالبے کیلئے کشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف مظاہروں کے دوران مائسمہ بازار میںچار خواتین جان بحق کی گئیں۔بیان کے مطابق اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ پنکی کور نے بھی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اس میں اپنا حصہ ڈال دیا۔
ایام عزاءمیں اتحاد و اتفاق کی مثال قائم رکھیں:قمی
سرینگر //پیروان ولایت نے ایام عزاءکے موقعے پر امت اسلامیہ کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں پیروان کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے امت اسلامیہ سے استدعا کی ہے کہ ایام عزاء کے دوران آپسی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کی مثال قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کسی نہ کسی بہانے سے وحدت اسلامی کے قلعے پر وار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا درسگاہ اتحاد اور درسگاہ مساوات ہے لہذاایام عزاءمیں ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھ کر عزاداری کے مراسم انجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور زاکرین حضرات پر ذمہ دارای عائد ہوتی ہے کہ وہ مراسم عزاداری کے ساتھ ساتھ قیام حسینی کا اصل ہدف اور مقصد بیان کریں۔
انصاری نے انتظامات کا جائیزہ لیا
سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے ایک میٹنگ کے دوران محرم انتظامات کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع بارہ مولہ کے مختلف محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے ضلع بارہ مولہ بالخصوص پٹن حلقہ میں ضروری اشیاءکی دستیابی کے عمل کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو ہر طرح کی سہولیات دستیاب کرائیں۔انصاری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ شیعہ آبادی والے علاقوں میں خاص طور سے بجلی، پانی، راشن، بالن، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ امام باڑوں کے نزدیک میڈیکل کیمپ قائم کئے جانے چاہئیں اور ایمبولنس گاڑیاں بھی دستیاب رکھی جانی چاہئیں۔
فرنٹ چیئرمین کا زرگر کی وفات پر اظہار رنج
پارٹی لیڈر کی مسلسل نظربندی کی مذمت
سرینگر// لبرےشن فرنٹ چےئرمےن محمد ےاسےن ملک نے محمد مقبول بٹ کے قرےبی ساتھی اور تحرےک آزادی کے دےرےنہ رکن محمد ےوسف زرگر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یاسین ملک نے مرحوم کو اےک مخلص آزادی پسند شخصےت قرار دےتے ہوئے کہا کہ ان کی جد وجہد ،قربانےوں اور شخصےت کو کسی بھی صورت میں فراموش نہےں کیا جائے گا۔ لبرےشن فرنٹ کے مرکزی دفتر پراس سلسلے میں اےک تعزےتی مجلس منعقد ہوئی جس میں مرحوم کو خراج عقےدت ادا کرتے ہوئے ان کی جنت نشےنی کیلئے دعا کی گئی ۔دراےں اثناءلبرےشن فرنٹ کے محبوس ضلع صدر بشےر احمد راتھر (بوےا) کو عدالتی احکامات کے باوجود دوبارہ حراست میں لے کر پہلے جے آئی سی جموں اور اب تھانہ گاندبل منتقل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بشےر احمد بوےا 27ستمبر2016 سے قےد میں ہےں اور ان پرکئی بار پی اےس اے کا نفاذ کیا جاچکا ہے۔ فرنٹ چےئرمےن نے عدالتی احکامات کے باوجود بار بار گرفتاری کرنے کی پولےس کاروائی کی مذمت کی ہے ۔
تشدد کے باوجود جذبہ¿ آزادی میں اضافہ:الطاف اندرابی
سرینگر//محاذ آزادی نے کہا ہے کہ تشدد اورزیادتیوںکے باوجود جذبہ¿ آزادی میں اضافہ ہورہا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق سرپرست تنظیم محمد اعظم انقلابی کی ہدایت پرایک وفد نے صدر سید الطاف اندرابی کی قیادت میں شوپیان جاکر موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔وفد میں محمد شفیع میر، محمد یوسف کلو، جہانگیر سلیم، خواجہ عطا محمداور محمد یوسف گلکار شامل تھے ۔بیان کے مطابق وفد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادسے ملاقی ہوا۔اس موقع پرالطاف اندرابی نے کہا کہ کشمیری عوام بے تیغ سپاہی کی ماند لڑرہے ہیں اور قائدین حریت تمام تر قدغنوں،اذیتوںاور دھونس ودباو کے باوجود سرگرم عمل ہیں۔دریں اثنا تنظیم نے مظفر آباد میںمحمد یوسف زرگرکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
فریڈم لیگ جنرل سیکریٹری کی رہائی کا مطالبہ
اسلام آباد(پاکستان)// پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے سرینگر میںپارٹی دفترپر رات کے دوران چھاپے اور جنرل سیکریٹری محمدرمضان خان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ بیان کے مطابق فاروق رحمانی نے محمد رمضان خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے سے علیل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو گرفتارکرکے اپنے مقاصد کی تکمیل چاہتی ہے،جو قابل مذمت ہے۔
بات چیت کی فضا نیک شگون:مصدق عادل
سرینگر//پیپلز پولیٹکل فرنٹ نے مسئلہ کشمیرکے حوالے سے بات چیت کی فضا کو نیک شگون سے تعبیر کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح انتہائی دلخراش اور خون آشام صورتحال کوخوشگوارہونے کے قوی امکانات موجود ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی چیئرمین محمد مصدق عادل نے کہا کہ اس وقت جہاں عالمی سطح پر تنازعہ کشمیر کے تصفیہ کے لئے ایک سنجیدہ سیاسی مباحثے کو ناگزیر سمجھا جاتا ہے وہاں مقامی سطح پر بھی اس بات کا احساس بڑتا نظر آرہا ہے ،جیسا کہ چین اور دوسرے کئی ممالک کے مندبین اور اقوام متحدہ میں موجود ہیومن رائٹس کونسل کے سربراہ اور دوسرے کئی نمائندوں نے جنیوا میں جاری اجلاس کے دوران اپنے بیانوں میں اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو کا اعلان کہ مرکز کشمیریوں کے ساتھ بلاکسی شرط کے بات چیت کے لئے تیار ہے، اس امر کی دلیل ہے کہ اب سوچوں میں تبدیلی آگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بات چیت کے اس جذبے کیلئے راستوں کو ہموار کیا جائے۔