سڑک کی خستہ حالت
قاضی گنڈ چوگام میں دھرنا
قاضی گنڈ/عارف بلوچ/قاضی گنڈچوگام میں سڑک کی ناگفتہ بہ حالت سے تنگ آکر عوام نے احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل افراد نے کولگام قاضی گنڈ سڑک پر دھر نا دے کر گاڑیوں کی نقل وحرکت روک دی ۔انہوں نے کہا کہ بونی گام چوگام خستہ حال سڑک کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے اور اُنہیں سخت مشکلات در پیش ہیں۔اس بیچ انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد دھرنا پر بیٹھے افرادپُر امن طور منتشر ہوئے۔
نوجوان ریاست کا تابناک مستقبل:حکیم یاسین
سرینگر/ / خانصاحب بڈگام میںپی ڈی ایف یوتھ حلقہ خانصاحب کی طرف سے ایک روزہ کنونشن منعقد ہوا جس میں پارٹی صدر و ایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ کے ساتھ ریاست کاتابناک مستقبل وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جس قوم کے نوجوانوں میں اپنے معاشرے کیلئے کچھ کرنے کی چاہت ہوتی ہے وہ اُس چاہت کوکامیابی سے ہمکنار کر نے میں ضرور کامیاب ہوتے ہیں۔حکیم صاحب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی قابلیت اور صلاحیت کو سماج کی بہتری اور بھلائی کیلئے استعمال میں لانے کی سعی کریں۔
اضافی راشن نایاب
ٹنگمرگ میں محکمہ امور صارفین کیخلاف ناراضگی
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ اور کنزر میں مفتی محمد سعید سکیم کے تحت اضافی راشن تقسیم نہ کرنے کے خلاف صارفین میں ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ محکمہ امورصارفین وتقسیم کاری نے رواں ماہ ٹنگمرگ اور کنزر میں مفتی محمدسعید سکیم کے تحت اضافی راشن تقسیم نہیں کی۔ تحصیل سپلائی افسر ٹنگمرگ محمد ہاشم ڈار نے صارفین کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دراصل کرالہ ہار سنگرامہ ڈیپو میں گاڑیوں کی عدم دستیابی سے اضافی راشن گھاٹوں تک نہیں پہنچ پایاہے جس کی وجہ سے مفتی محمد سعیدسکیم کے تحت اضافی راشن تقسیم نہیں ہو سکا۔( مشتاق الحسن)
ملازمین کی صدفیصد حاضری یقینی بنائی جائے
صوبائی کمشنر کی ضلع ترقیاتی کمشنروںکو ہدایت
سرینگر//سرکاری دفاتر میں کام کاج میں مزید بہتری لانے اورملازمین کی باقاعدہ حاضری کویقینی بنانے کےلئے صوبائی کمشنرکشمیر نے وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنے متعلقہ اضلاع میں تمام ملازمین کی باقاعدگی کے ساتھ حاضری کی جانچ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی طور غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ فرائض میںکوتاہی اورلاپرواہی برتنے والے آفیسران اورملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔
خان سوپوری سی آئی جموں سے پولیس تھانہ بارہ مولہ منتقل
سرینگر// پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو سی آئی کے جموں سے کل رات تھانہ پوتہ کھا بارہ مولہ منتقل کیا گیا ۔ پیپلز لیگ نے بزرگ و علیل رہنماءغلام محمد سوپوری کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کا PSA ریاستی ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیا ہے ۔ موصولہ بیان میں لیگ کے ترجمان اعلٰی غلام قادر راہ نے کہا کہ ریاستی ہائی کورٹ نے لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کا پی ایس اے کالعدم قرار دیا۔ ترجمان کے مطابق غلام محمد خان سوپوری پولیس حراست میں سخت علیل ہیں۔
بشری حقوق کی پامالیاں اہم معاملہ
بیرسٹر ترمبو کا لندن میں کانفرنس سے خطاب
سرینگر//لبریشن فرنٹ (آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبونے لندن میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی کمیشن میںایک کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو منظر عام پر لانے کے لئے اپنا مؤثر کرادر ادا کریں۔ انہوںنے میڈیا پر زور دیا کہ وہ دنیا کے اس دیرینہ مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار نبھائیں ۔اس موقع پر پروفیسر نظیر احمد شال نے بھی میڈیا سے مسئلہ کشمیر اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو دینا تک پہنچانے کے لئے اپنا رول ادا کرنے کی اپیل کی ۔
ترال گرنیڈ حملہ
ڈپٹی کمشنر پلوامہ کی سوگوار کنبوں سے تعزیت
ترال/سید اعجاز/ ڈپٹی کمشنر پلوامہ نے سوموار کوترال جاکر حالیہ گرنیڈ حملے میں لقمہ اجل بنے افراد کے گھر جا کر تعزیت پرسی کی ۔ڈپٹی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار نے یونیورسٹی طالبہ اور سابق استاد کے گھر جا کرسوگوارکنبوں کی ڈھارس بندھائی۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ لقمہ اجل بنے افرادکے لواحقین کو ایس آر او43کے تحت امداد کی جائے گی جبکہ شدید زخمی افراد کو بھی امداد کی جائے گی جس کے لئے انتظامیہ نے مکمل تیاری کر لی ہے۔
نذیر لاوے نے اسلامک یونیورسٹی کو 10لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا
سرینگر//ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے نے اپنے ممبر پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ سکیم میں سے اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ کو10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تا کہ وہاں سکول آف بزنس سٹیڈیز میں رتن دیپ کور کے نام پر بنیادی ڈھانچہ قائم کیا جاسکے۔ یونیورسٹی کی یہ طالبہ پچھلی جمعرات کو ترال میں ایک گرنیڈ حملے میں جانبحق ہوئی تھی۔یہ اعلان نذیر لاوے نے تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی یو ایس ٹی حکام سے کہا جائے گا کہ وہ یونیورسٹی کے ایس بی ایس میں رتن دیپ عرف پِنکی کی یاد میں بنیادی ڈھانچہ قائم کرے۔
تولہ مولہ میں شہری کی حرکت قلب بند
سرینگر//تولہ مولہ گاندربل میں اس وقت غم واندوہ کی لہردوڑگئی جب ایک سرکاری ملازم ڈیوٹی پرروانہ ہونے کے بعدحرکت قلب بندہونے سے فوت ہوگئے۔3بچوں کے باپ رفیق احمد بٹ کوضلع اسپتال گاندربل پہنچایاگیالیکن تب تک وہ داعی اجل کولبیک کہہ گیاتھا۔رفیق احمد بٹ ولدمحمدصدیق محکمہ مال میں تعینات تھااورمعمول کے مطابق گھرسے اپنے دفترواقع بمنہ روانہ ہورہا تھا۔مقامی لوگوں کے مطابق گھرسے کچھ دورہی اُنہیںہارٹ اٹیک آیااوروہ بے ہوش ہوگیا۔اُن کی نمازجنازہ میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعدادشامل ہوئی۔
ٹریفک قوانین پر عمل درآمد
گاندربل میں جانکاری کیمپ اختتام پذیر
گاندربل//ارشاد احمد//ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون کی ہدایت پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کی خاطر تین روزہ جانکاری کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ایس ایس پی گاندربل کی ہدایت پر سکوٹر،سکوٹی،موٹرسائیکل سواروں کی خاطر قوانین اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرنے کی باضابطہ بیداری کیمپ تین روز تک جاری رہا جس میں سینکڑوں افراد کو مکمل جانکاری فراہم کی گئی تاکہ وہ حفاظتی اقدامات اپناکر اپنی جانوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔کیمپ کے دوران ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راجہ رمیز،ڈی ایس پی عاشق حسین اور دیگر ایس ایچ او موجود رہے۔
گورنر کاپروفیسر بھائو کے انتقال پراظہار رنج
سرینگر//گورنر این این ووہرا جو یونیورسٹی آف جموں کے چانسلر بھی ہیں ،نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈسٹنس ایجوکیشن پروفیسر دھیان سنگھ بھائو کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے پروفیسر بھائو کی آتما کے لئے شانتی کی دعا کی ہے اورغمزدہ کنبے کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی تلقین کی ۔
کرناہ اور سالورہ میں 2رہائشی مکان تباہ
سرینگر// گیس لیک ہونے سے سالورہ گاندربل میں پرنس احمد ولد غلام محی الدین کے رہائشی مکان میں آگ نمودارہوئی جس کے نتیجے میں رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے آگ کی ایک واردات میں نواگبرا ڈاڈ کرناہ کپواڑہ میں شیراز الدین ولد وزیر محمد کے رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ۔
کرناہ کے بچے کی کوئزمیںکامیابی
سرینگر //کرناہ کے ایک کمسن بچے نے پولیس پبلک میلے میںمنعقد ہوئے ایک کوئز پروگرام میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ڈریم ویلی پبلک ماڈل سکول کرناہ میں ایل کے جی کے طالب علم دائود عتیق کوکوئز پروگرام میںکامیابی حاصل کرنے پر انعام سے نوازا گیا ہے ۔مذکورہ بچے کے والدین نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
دختران ملت کا مہدی عاکف کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//دختران ملت نے اخوان المسلمون کے سابق مرشد عام مہدی عاکف کے زیر حراست انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ مہدی عاکف کا انتقال پوری امت مسلمہ کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہدی ایک مشہور زمانہ عالم تھے جنہوں نے متعدد علمی خدمات انجام دی ہیں۔ دریں اثنا نسرین نے امپھالا جیل میں قید تنظیم کی صدر آسیہ اندرابی کی بگڑی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں دوسری قیدی خواتین کچھ ایسی چیزیں جلاتی ہیں جس کی وجہ سے آسیہ کی طبیعت مزید بگڑ رہی ہے۔
کولگام میں6 قمار باز گرفتار
سرینگر //کولگام پولیس نے 6قمار بازوں کو گرفتارکرکے داوَ پر لگائے گئے 18500 روپئے ضبط کئے۔ تھانہ پولیس کولگام نے عید گاہ کولگام کے نزدیک قماربازوں کے اڈے پر چھاپہ مارا اور6 قمار بازوں کو رنگے ہاتھو ں گرفتارکیا ان کے قبضے سے داوَ پر لگائے 18500 روپئے برآمد کئے۔ پولیس نے ان کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر153/2017 درج کیا۔
بڈگام میں2 ڈرگ اسمگلر گرفتار
سرینگر // بڈگام پولیس نے دو ڈرگ اسملگلر وں کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے سات کلوگرام فُکی برآمد ہوئی۔ بیروہ پولیس نے چکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل زیر نمبرJK01M-4583 سے سا ت کلوگرام فکی دو افراد کے قبضے سے برآمد کی جن کی پہچان گلزار احمد ڈارساکن پنچ گنڈ اور رئیس احمد راتھرساکن بانیٹھ بیروہ کے طور پر ہوئی ہے ۔
زرگر کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر//محاذ آزادی کے سرپرست محمد اعظم انقلابی نے محمد یوسف زرگر کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے دعا کی اللہ مرحوم کی مغفرت کرے اور جنت الفردوس میں جگہ دے۔
مدرسہ بورڈ ناقابل قبول:علماء اہل سنت پونچھ
پونچھ// علماء اہل سنت والجماعت پونچھ نے ایک اجلاس میںتنظیم کے صدر مولانا سعید احمد حبیب نے مدرسہ بورڈ کے مطالبہ کوتنظیم کے تمام ممبران کی رائے سے ناقابل قبول قراردیا۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل تمام طبقات کواعتماد میں لیں۔انہوں نے کہا کہ تنظیم اس سے قبل بھی سابقہ حکومت کو آگاہ کرچکی ہے کہ وہ اس طرح کے کسی بورڈ کے حق میں نہیں ہے جس سے ان مذہبی اداروں کی خود مختاری پر حرف آئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مدارس اسلامیہ خالصتاً مذہبی ادارے ہیں جوبے لوث انداز میں ملک وملت کی خدمت کررہے ہیں اورتعلیمی اور سماجی میدان میں ان اداروں کی ناقابل فراموش خدمات ہیں ۔
ظفر اکبر کی نظربندی کی مذمت
سرینگر// سالویشن مومنٹ نے تنظیم کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی مسلسل نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت لیڈروں کو عوام سے دور رکھنے کی سازش ہر گز کامیاب نہیں ہوگی۔حریت لیڈروں ،کارکنوں،کاروباری برادری اور جوانوں کو ہراساں اور جیلوں میں قید کرنے سے تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔