بنک ڈکیتیوں میں جنگجو ملوث نہیں:جمیل الرحمان
سرینگر//متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز فرضی جھڑپوں اور جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو جاں بحق کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینک ڈکیتیوں میں جنگجو ملوث نہیں ہیںبلکہ یہ ایک کارستانی ہے تا کہ جموں و کشمیرکی معیشت کو مزید تباہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس پالیسی سے تحریک آزادی کمزور نہیں ہو گی بلکہ اس میں شدت آئے گی۔ شیخ جمیل نے کہا کہ بھارت کی ’آل آئوٹ‘ پالیسی بھی ناکام ہو چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت جدوجہد آزادی کو طاقت سے کچلنے کے تمام حربے آزما رہا ہے،جن میں کشمیری نوجوانوں کو منشیات کا عادی بنانا بھی شامل ہے تا کہ کشمیری نسل کو ذہنی اور جسمانی طور پر ناکارہ بنا دیا جائے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ ورزش کو معمول بنائیں اور منشیات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور قوم کا مستقبل تباہ کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے ۔
ناظم اطلاعات کے ساتھ تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری
نائب وزیراعلیٰ سمیت کئی انجمنوں نے انسان دوست قرار دیا
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ناظم اطلاعات منیر الاسلام کے برادر عبدالمتین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا ۔ادھر فیڈریشن آف اردو ورکنگ جرنلسٹس کے تعزیتی اجلاس میں ناظم اطلاعات و عوامی رابطہ عامہ منیر الاسلام کے برادر اکبرکے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ مرحوم کو ایک زندہ دل انسانی،مخلص و نرم گو شخصیت،مدبرانہ مزاج کا مالک اور نیک دوست قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم نے ہر ایک شعبہ میں اپنی چھاپ چھوڑ دی۔اجلاس میں کہا گیا کہ مرحوم نے سنتور ملازمین کے حقوق کی جدوجہد اور اس ہوٹل کی بقاء کیلئے جو کام کام کیا،وہ نا قابل فراموش ہے۔تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔اس دوران تعزیتی اجلاس میں کشمیر عظمیٰ سے وابستہ نامہ نگار اور فیڈریشن آف اردو ورکنگ جرنلسٹس کے رکن فراز پرویز کے مامو جان کے انتقال پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔اس دوران مراز ادبی سنگم، انجمن شعر و ادب اننت ناگ، اہر بل ادبی آگر کو لگام اور ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے علاوہ مراز ادبی سنگم سے منسلک دیگر ادبی اور ثقافتی انجمنوں نے ڈائریکٹر انفارمیشن حکومت جموں و کشمیر منیرالاسلام کے برادر اکبر کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
گیلانی کا اظہار ہمدردی
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی اور کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عبدالمتین کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے منیر الاسلام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم مرحوم کے وابستگان کے غم میں برابر شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سوگوار کنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
محکمہ اطلاعات کی ویلفیئر یونین کااظہار تعزیت
سرینگر//محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کی نان گزیٹیڈ ایمپلائز ویلفیئر یونین کی ایک تعزیتی میٹنگ یونین کے صدر فیاض احمد بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ انفارمیشن آفیسر شوکت احمد خان کے والد نسبتی محمد یوسف صحاف کے انتقال پر رنج وغم کا اظہا رکیا گیا اورمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دُعا کی گئی۔میٹنگ میں سوگوار کنبے کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کی گئی۔
گانٹہ مولہ میں لاش برآمد
بارہمولہ/فیاض بخاری/گانٹہ مولہ بارہمولہ میں پولیس نے بدھ کودس روز قبل لاپتہ ہوئے ایک شخص کی لاش دریائے جہلم سے برآمد کی ۔ایس ایچ او شیری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ غلام محمد ساکن جلشیری نامی شخص کی لاش کو د ریائے جہلم سے برآمد کرنے کے بعد اُسے ضروری لوازمات کے بعد لواحقین کے حوالے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کے لواحقین نے بتایا کہ وہ دس روز سے لاپتہ تھا اور اُسکی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی ۔اس سلسلے میں میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔
سوپور میں آج فاتحہ خوانی ہوگی: محاذ
سرینگر//محاذآزادی کے با نی مرحوم صوفی محمد اکبر کی28 ویں برسی کے سلسلے میں آج سوپور میں محاذآزادی کے ایک دھڑے کے اہتمام سے اُن کے مزار پر فاتحہ خوانی کی ایک مجلس ہوگی ۔محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر نے صوفی محمد اکبر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک دوراندیش ،نڈر اور بے باک لیڈر تھے ،جن کی ثابت قدمی کی وجہ سے آج کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔
مولانا مسعودی اور صوفی اکبر کی خدمات تاریخ کا سنہرا باب
ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کا خراج عقیدت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے مولانا محمد سعید مسعودی اور صوفی محمد اکبر کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر چھوڑ دو تحریک کے دوران دونوں مرحومین نے جس جذبہ حب الوطنی اور عوام دوستی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کئے تھے وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مرحوم مولانا محمد سعید مسعودی فہم وفراست، سیاسی تدبر ارور دینی معاملات میں کامل انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھر سے اکثر عالم دین صلاح ومشورہ کیلئے مولانا مرحوم سے یہاںملنے آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ریاست جموں وکشمیر کے آئین ساز بھی تھے اور انہوںنے ’’لہرااے کشمیر کے جھنڈے‘‘ ترانہ تحریر کرکے اہل وطن کے دلوں میں گھر کرلیا تھا۔ مرحوم صوفی محمد اکبر کا ذکرکرتے ہوئے ڈاکٹرفاروق نے کہا کہ مرحوم انتہائی نڈر اور بیباک مقرر تھے۔ وہ جذبہ ایثار اور قربانیوں کا مجسمہ ، حب الوطن اور عوام دوست انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم جموں وکشمیر کی آزادی، سالمیت اور تشخص کو بنائے رکھنے کیلئے اپنے مقررہ نشانوں پر قدم بڑھاتے رہے اور ہمیشہ کیلئے یہاں کے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنالی ۔ مرحومین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بھی انہیں خراج عقیدت ادا کیا اور ان کی قربانیوں کو تاریخ کا سنہری باب قرار دیا۔ دریں اثنا پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال ،شریف الدین شارق، محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، محمد اکبر لون، چودھری محمد رمضان ،پیرزادہ احمد شاہ ، شیخ اشفاق جبار اور جاوید احمد ڈار نے بھی دونوں رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔