ویجی لنس محکمہ کا ویری ناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ
ڈورو/عارف بلوچ/ویجلنس محکمہ نے ویری ناگ ڈیولمپنٹ اتھارٹی دفتر پر چھاپہ مار کر اہم دستاویزات ضبط کئے ہیں ۔ویجلنس اہلکاروں نے دوپہر کو ویری ناگ ڈیولمپنٹ اتھارٹی دفتر پر اچانک چھاپہ مارا جس دوران اہلکاروں نے دفتر کے ریکارڈ کو ضبط کر کے اپنے ساتھ لیا ۔محکمہ کے ایک آفیسر کا کہنا تھا کہ ویجلنس کو محکمہ کے بارے میں شکایت موصول ہوئی ہے ،جس کے پیش نظر اس طرح کی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ نے اس سے پہلے ڈورو میں قائم آئی سی ڈی ایس دفتر پر بھی چھاپہ ڈالکر اہم دستاویزات ضبط کئے ہیں
جماعت اسلامی کے ترجمان اعلیٰ دو ماہ کے بعد رہا
.سرینگر//جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی کو2ماہ کی مسلسل گرفتاری کے بعد بدھ کو رہا کیا گیا۔ زاہد علی4اگست کو گرفتار کئے گئے تھے،جبکہ ضلع کورٹ پلوامہ کی طرف سے رہائی کے احکامات صادر کرنے کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج پلوامہ کی عدالت میں ایڈوکیٹ زاہد علی کے کیس کی سماعت ہوئی،جبکہ طرفین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایڈوکیٹ زاہد علی کو رہا کرنے کے احکامات صادر کئے۔ اس سے قبل ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ زاہد علی کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات صادر کئے تھے،تاہم انہیں جیل کے احاطے میں ہی گرفتار کیا گیا تھا۔اس دوران جماعت اسلامی نے تمام نظربندوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ (کے این ایس)
محکمہ مال میں شکایتی ہیلپ لائین قائم:ویری
سرینگر //مال ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ڈویژنل کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹول فری ہیلپ لائین قائم کریں تا کہ مال محکمے سے متعلق شکایات کو حل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمبرات اُن کے اپنے اپنے دفاتر میں قائم کئے جانے چاہئیں یہاں عام لوگ مال محکمے سے متعلق اپنی شکایات درج کر سکیں ۔ اس حوالے سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وصول کی گئی شکایات حل کرنے کیلئے ایک افسر کو نامزد کیا جانا چاہیے جو بعد میں محکمے کو ہفتہ وار بنیادوں پر پیش رفت پیش کرے گا ۔
جنوبی ایشیاء میں کبھی بھی
غیر متوقع صورتحال پیدا ہوگی:اعظم انقلابی
سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کے استعماری طرزِ فکر اور انانیتی اپروچ کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں کسی بھی وقت غیر متوقع صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ بھارتی حکمران بخوبی سمجھتے ہیں کہ کشمیریوں کی نگاہوں میں پنڈت نہرو کا وعدۂ رائے شماری اور کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادیں کشمیرکے دشت و جبل میں معتکف عسکری شاہینوں کی بندوقوں کے مقابلے میں زیادہ اہم اور باوزن ہیں۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ بھارت کے سات یا آٹھ لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود کشمیر میں آزادی کے نعرے گونجتے رہتے ہیں۔ پس کشمیریوں پرلازم ہے کہ وہ اپنی پرُامن سیاسی مزاحمتی تحریک جاری رکھیں۔ یہ ہمارا سیاسی ایمان ہے کہ کشمیر میں کنٹرول لائن کی خونی لکیر مٹ جائے گی اور متحدہ کشمیر کے آرپار کی مزاحمتی قوتیں کشمیر کی مزاحمتی پارلیمنٹ میں جمہوری انداز میں حقِ خود ارادیّت کے اصول کے تحت کشمیر کے سیاسی مستقبل کا تعیّن کریں گی۔
دختران ملت کا خراج عقیدت
سرینگر// دختران ملت نے ہمہامہ حملے میںجاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایک بیان میں دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ ان جنگجوﺅں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاسکتیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم من حیث القوم ان قربانیوں کی حفاظت کریں۔ایک بیان میںناہیدہ نسرین نے کہا کہ یہ نوجواں ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کر رہے ہیں۔دراین اثنا نسرین نے حاجن بانڈی پورہ میں محاصرے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان حربوں کا مقصد صرف لوگوں کاقافیہ حیات تنگ کرنا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ کا بی ایس ایف افسر کو خراجِ عقیدت
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ہمہامہ حملے میںمارے گئے بی ایس ایف افسر کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں کی طرف سے پیش کی جا رہی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں عسکریت شروع ہونے سے ہی ہمارے نیم فوجی دستے اُن کا مقابلہ کرنے اور قوم دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام کرنے میں نمایاں رول ادا کرتے ہیں ۔ اس تقریب میں وزیر تعلیم سید الطاف بخاری ، اے ڈی جی پی ، پرنسپل سیکریٹری ہوم آر کے گوئیل ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید کے علاوہ سینئر سول ، ملٹری اور پولیس افسران بھی موجود تھے ۔
نرمل سنگھ نے خالد جہانگیر کی عزت افزائی کی
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے یو ایس اے فیلو شپ کیلئے نامزد ہونے کیلئے وائس چیئر مین جے کے پی سی سی خالد جہانگیر کی عزت افزائی کی ۔ اس موقعہ پرڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ فیلو شپ ہمارے نوجوان لیڈروں کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں مددگار ثابت ہو گی اور وہ قوم کی تعمیر میں ایک موثر رول ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوانوںپر یہ لازم ہے کہ وہ مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں۔
تاریگامی نے کولگام میںبہتر کارکردگی کیلئے اساتذہ کی عزت افزائی کی
سرینگر//کولگام ضلع انتظامیہ نے ٹاو¿ن ہال کولگام میں مختلف سکولوں کے پرنسپلوں کی عزت افزائی کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔ ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے تقریب کی صدارت کی ۔ اس تقریب میں ڈی سی کولگام طلعت پرویز ، سی ای او کولگام اشوک کمار کے علاوہ دیگر افسروں اور مختلف ہائیر سکینڈری اسکولوں اور ہائی سکولوں کے پرنسپل صاحبان اور طلاب بھی موجود تھے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ تقریب کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ان سکول پرنسپلوں کی حصولیابیوں کو اجاگر کر کے اُن کی عزت افزائی کی جا سکے ۔ت قریب سے خطاب کرتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ طلاب ہمارا مستقبل ہیںلہذا ہر ایک پرنسپل پر یہ ذمہ داری عاید ہوتی ہے کہ وہ طلاب کی ذہنی و جسمانی نشو و نما کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اُن کی مجموعی صلاحیت کو ابھاریں ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ سکولوں کے طلاب کو مختلف پیشہ وارانہ کورسوں کے بارے میں جانکاری دی جا ئے ۔
حج2017 :اندرابی کا انتظامات پراظہار اطمینان
سرینگر//حج و اوقاف کے وزیر سید فاروق اندرابی نے ایک میٹنگ کے دوران سٹیٹ حج کمیٹی اور خدام الحاج سے حج2017 کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کے حوالے سے اُن کا فیڈ بیک حاصل کیا۔میٹنگ میں سٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو ممبران مشتاق احمد شاہ، شاہ محمد تانترے،نثار احمد، ایگزیکٹو افسر سٹیٹ حج کمیٹی سید قمر سجاد، حج افسر محمد مقبول اور کئی خدام بھی موجود تھے۔وزیر نے اس سال حکومت کی طرف سے حج کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔خدام الحاج کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے خدام کے رول کی سراہنا کی۔اس سے قبل ایگزیکٹو افسر سٹیٹ حج کمیٹی نے انتظامات کا خاکہ پیش کیا۔اس موقعہ پر متعلقین نے اگلے سال کے حج کے انتظامات میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس موقعہ پر وزیر نے خدام الحاج میں اُن کی خدمات کے لئے اُن میں یاد گاری تحفے تقسیم کئے۔
ڈپلومہ انجینئروں کی ایسوسی ایشن نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقی
سرینگر//پی ڈی ڈی ، پی ایچ ای اور آر اینڈ بی محکمہ سے تعلق رکھنے والے ڈپلومہ انجینئروں کی ایسوسی ایشن نے بدھ کو نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ سے ملاقات کی ۔ وفد نے کئی طرح کے مطالبات نائب وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے ۔ ڈاکٹرسنگھ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مطالبات معیاد بند مدت کے اندر حل کئے جائیں گے ۔ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔
ضلع کمشنر کپوارہ نے قلم آ باد کا دورہ کیا
اشرف چرا غ
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے بدھ کو ہندوارہ کے قلم آ باد کا تفصیلی دورہ کر کے وہا ں پر لوگو ں کو درپیش مسائل سے متعلق مکمل جانکاری حاصل کی جبکہ وہا ں پر ہورہی تعمیری کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کئی عوامی وفود سے بھی ملاقات کی جس کے دوران لوگو ں نے انہیں اپنے اپنے علاقوں میں در پیش مسائل کی جانکاری دی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہا نگیر نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو اولین ترجیحات دیکر حل کر نے کی کو شش کی جائے گی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے قلم آ باد میں قائم سرکاری اسپتال اور زونل ایجو کیشن آ فیسر قلم آ باد کا دورہ کر کے درجن بھر ملا زمو ں کو غیر حاضر پایا جس کے بعد انہو ں نے غیر حاضر ملازمو ں کی مکمل جانکاری حاصل کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کہا کہ کام چور ملازمو ں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔
لون ہرے کرالہ پورہ ہائر سیکنڈری کی سالانہ تقریب منعقد
اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی تحصیل کرالہ پورہ کے لون ہرے ہائر سیکنڈری سکول کی سالانہ تقریب بدھ کو منعقد ہوئی جس میں سکول میگزین”پرتوے“ کی کی رسم رونمائی انجام دی گئی ۔اس موقع پر علاقہ بھر سے آئے ہوئے لوگو ں کی بھاری تعداد کے علاوہ ممبر اسمبلی کپوارہ ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار ،ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر ،لاوڈا کے وائس چیرمین ڈاکٹر عبد الحفیظ مسعودی اور ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے سکالرو ں ،دانشوروں ،پرنسپلوں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی ۔اس موقع پر سکولی بچو ں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا ۔مقررین نے لون ہرے ہائر سکینڈری سکول کی تاریخ پر مختصر روشنی ڈالی ۔تقریب کے آخر پر سکول میگزن ”پرتوے “کی رسم رو نمائی انجام دی گئی ۔
مقبول بٹ کے برادر اصغر کی برسی،لبریشن فرنٹ کا خراج عقیدت
سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے مرحوم محمد مقبول بٹ کے برادر اصغر منظور احمد بٹ کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ منظور احمد بٹ 1995 میں آج ہی کے روز اپنے گاﺅں ترہگام کپوارہ میںجاں بحق کئے گئے تھے۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ موصوف کا پورا خاندان تحریک آزادی میں قربانیوں اور جدوجہد کی علامت ہے اور منظور احمد بٹ بھی اسی جدوجہد کا اہم باب بنے۔مرحوم کی یاد میں لبریشن فرنٹ کے دفتر پر ایک مجلس منعقد ہوئی جس میں موصوف اور جملہ شہداءکےلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
لیگ خان سوپوری کی نظر بندی پربرہم
سرینگر// پیپلز لیگ کے ایک دھڑے نے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی صدرتھانہ سوپور میں مسلسل نظربندی اوربگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوپوری نے زندگی کے 18سال جیلوں و عقوبت خانوں میں گزارے ہیں اور ریاستی حکام انہیں انتقام گیری کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
چوٹیاں کاٹنے کا معاملہ
حکام کی خاموشی معنی خیز:ظفربٹ/جاوید میر
سرینگر//سالویشن موومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور لبریشن فرنٹ (ح) چیئرمین جاوید میر نے خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیاں لوگوں کے درمیان خوف پیدا کرنے کے لئے کی جارہی ہیں ۔ ظفر بٹ نے کہا کہ یہ بات انتہا ئی حیران کن ہے کہ گزشتہ دو مہینوں سے ریاست میں یہ وارداتیں رونماہورہی ہیں اورحکام معنی خیزخاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کی وارداتیں انجام دینے والوں پر مکمل نگرانی رکھیں۔
لورمنڈا میں نوجوان ریچھ کے حملے میں زخمی
عارف بلوچ
ڈورو//ڈورو شاہ آباد کے لورمنڈہ میں ریچھ نے ایک نوجوان پر حملہ کر کے اُسے شدید زخمی کر دیا ۔ لورمنڈہ میں 26 سالہ محمد ایوب گیدڈ ولد مکھن گیدڈ پر ریچھ نے اُس وقت حملہ کر دیا جب مذکورہ نوجوان گھر کے صحن میں کھڑا تھا ۔ریچھ کے حملہ میں نوجوان شدید زخمی ہوا اور اُسے خون میں لت پت نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے سرینگر منتقل کرنے کی صلاح دی ۔علاقہ میں جنگلی درندوں کا یہ ہفتے میں دوسرا حملہ ہے ۔اس سے پہلے سوموار کو ریچھ نے غلام محی الدین بیگ نامی شخص پر حملہ کر کے زخمی کر دیا جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔
فوج کے اہتمام سے کیرئر کونسلنگ پروگرام
سرینگر //فوج نے رین پورہ کے نوجوانوں کے لئے ایک موبائل سینٹر کیمپ اور بھی کئی سارے پروگراموں کا انعقاد کےا ۔اس کے علاوہ مڈل اسکول دیو پورہ کے طالب علموںکیلئے کیرئر کونسلنگ پروگرام کا اہتمام کیا۔پروگرام میں ان طالب علموں کو جانکاری دی گئیکہ وہ مستقبل میں آگے کیسے بڑھ سکتے ہیں۔فوج نے طالب علموں کو ایک لائبریری بھی شروع کی،جس سے وہ فائدہ اٹھا سکیں۔