سونہ مسجد زالڈگر میں بجلی سپلائی متاثر رہے گی
سرینگر//ایگزیکٹیو انجینئر الیکٹرک ڈویژن تھرڈ سرینگر کے مطابق ایس ٹی پولز کے رنگ روغن کے پیش نظر فیڈر80سے بجلی حاصل کرنے والے علاقوں سونہ مسجد زالڈگر میں 9اکتوبر2017ء کو صبح10بجے سے سہ پہر 3بجے تک بجلی کی سپلائی متاثر رہے گی۔
شبیر شاہ کی زندگی کو خطرہ لاحق ،محفوظ جگہ پرمنتقل کرنے کی درخواست
سرینگر//فریڈم پارٹی کے بیان کے مطابق پارٹی کے محبوس رہنماءشبیر احمد شاہ کے وکیل نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ تہار جیل میں ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے ۔شبیر احمد شاہ نے اپنی ایک درخواست میں عدالت سے کہا کہ انہیں کسی حفاظتی جیل میں منتقل کیا جائے ۔درخواست میں انھوں نے تہاڑ جیل میں حکام کو ہدایت دیئے جانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کو شدیدخطرہ لاحق ہے ۔شبیراحمد شاہ کے وکیل نے جسٹس سدہارتھ شرما سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ انہیں جیل حکام کوئی طبی امداد میسر نہیںکررہے ہیں اور نہ ہی انہیں ضروری دوایاں فراہم کی جارہی ہیں ۔اس درخواست کے پیش نظر عدلیہ نے 13اکتوبر تک جیل حکام کو جواب دائر کرنے کی ہدایت جاری کی۔شبیر احمد شاہ کے وکیل نے اپنی درخواست میں عدلیہ سے ان کی مداخلت کے لئے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جیل حکام کے نام ہدایات جاری کی جائے کہ شبیر احمد شاہ کو محفوظ جگہ منتقل کیا جائے ۔
بانڈی پورہ میںامتحانی مراکز کے گردونواح میں دفعہ 144نافذ
بانڈی پورہ//ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ نے مجسٹریل احکامات کے تحت 8اکتوبر کو ان امتحانات مراکز کے 200میٹر کے گردونواح میں دفعہ 144کے تحت بندشیں عائد کی ہیںجہاں جے اینڈ کے پولیس میںکانسٹیبل کی اسامیوں کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان کا انعقاد کیا جارہا ہے۔بندشیں عائد کرنے کا مقصد امتحانی عمل کے احسن طریقے سے انعقاد کو یقینی بنانا ہے تاہم سپر وائزرس اورامتحانی عملہ کے علاوہ ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکار ان بندشوں سے مستثنیٰ ہیں۔
مسلم لیگ یوسف میر کی نظربندی پر برہم
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے قائمقام چیئرمین محمد یوسف میر کی گرفتاری کے بعد شوپیان تھانے میں مقید رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام گیری قرار دیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ /14اکتوبر کو مزاحمتی قائدین کی طرف سے دی گئی ٹی آر سی چلو کال کے نتیجے میں جو تازہ گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں اس سے یہ عیاں ہوجاتا ہے کہ کشمیریوں کے حق میں اٹھنے والی ہر آواز کو دبانے کی مہم زورو شور سے جاری ہے اور جمہوری طرز عمل کی بیخ کنی کا لائحہ عمل عملایا جارہا ہے ۔