بجبہاڑہ میں عالم ِدین کے گھر میں توڑ پھوڑ
خالد گل
سرینگر//سلر بجبہاڑہ اننت ناگ میں فوج نے وادی کشمیر کے نامور عالم دین ،خطیب اور معروف کالم نویس مولانا الطاف حسین ندوی کے گھر پرچھاپہ مار کر گھریلو سامان، بشمولِ مولانا کی لائبریری کو،تہس نہس کردیا ۔عالم دین مولانا الطاف حسین ندوی اس واقعہ سے متعلق میڈ یا کو بتایا کہ منگل کی صبح فوج کی ایک جمعیت نے اُنکے گھر پر چھاپہ ڈالا اور کچھ کہے سْنے بغیر گھریلو سامان کو تتر بتر کرنا شروع کردیا جو کہ انتہائی ڈرانے اور حراساں کردینے والا عمل تھا۔انہوں نے کہا کہ فوجی اہلکاروں نے انکی ذاتی لا ئبریری میں موجود سینکڑوں مذہبی کتابوں کا کوئی لحاظ کئے بنا انہیں نہ صرف تتر بتر کیا بلکہ توہین آمیز انداز میں انہیں ادھر ادھر پھینک دیا جس سے کئی کتب کو نقصان پہنچ گیا۔سرینگر میں دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے مولانا ندوی کے گھر یا انکی لائبریری کو تہس نہس کرنے کی تردید کی۔انہوں نے کہا کہ گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔ ان کا کہناتھا’ہمارے جوانوں نے فقط گھر کی تلاشی لی ہے،گھریلو اسباب کو نقصان پہنچائے جانے کا الزام غلط اور گمراہ کْن ہے‘۔واضح رہے کہ معروف اسلامی انسٹی چیوٹ ندوتہ العلماکے فارغ مولانا ندوی ایک مقبول خطیب ہونے کے علاوہ نامور کالم نویس ہیں ۔
کیرن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام :فوج
وسیع علاقے کا محاصرہ جاری
سرینگر//فوج نے کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش ناکام بناکر اسلحہ و گولی بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد حد متارکہ کے متصل گھنے جنگلات میں ممکنہ طور موجود جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی آپریشن کو مزید وسعت دیتے ہوئے فورسز کی مزید کمک طلب کی گئی ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق پیر کی شب کیرن سیکٹر میںکنٹرول لائن کی نگرانی پر مامورفوجی اہلکاروں نے گشت کے دوران خار دار تار کے نزدیک جنگجوئوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی۔دفاعی ذرائع کے مطابق جب فوج نے آس پاس کے علاقہ کو گھیرے میں لے کرجنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی تو جواب میں انہوں نے فوج پر اندھادھند گولیاں چلائیں ۔ جنگجوئوں کا گروپ لائن آف کنٹرول کے اِس پار آنے کی کوشش کررہا تھا جس پر فوج نے فوری کارروائی عمل میں لائی۔ذرائع نے بتایا کہ گولیوں کے تبادلے کے بعد اگر چہ جنگجوئوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ، تاہم فوج نے جائے واردات سے دو اے کے رائفلوں کے علاوہ4میگزین، گولیوں کے60رائونڈ، ایک پستول اور دیگر گولی بارود برآمدکیا۔ جنگجوئوں کو تلاش کرنے کیلئے فوج کی مزید کمک کی مدد سے وسیع جنگلات کو گھیرے میں رکھا گیا ہے اور آخری اطلاع ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔
خالد بھائی گانٹہ مولہ میں سپرد خاک
بارہمولہ/ فیاض بخاری /ضلع بارہمولہ کے لڈورہ رفیع آباد علاقے میں منگل کوایک مختصر جھڑپ میں مارے گئے جیش محمد سے وابستہ پاکستانی جنگجو آپریشنل کمانڈر کو گانٹہ مولہ بارہمولہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمر خالد عرف خالد بھائی ساکنہ پاکستان کو سوپور پولیس تھانہ سے رات کے دس بجے پولیس تھانہ شیری پہنچایا گیااور بعد میں مذکورہ جنگجو کمانڈر کو رات کے گیارہ بجے پولیس تھانہ شیری سے وابستہ اہلکاروں اور کچھ مقامی لوگوں نے سرینگر مظفر آباد شاہراہ پر بارہمولہ کے مضافاتی گائوں گانٹہ مولہ میں غیر ملکی جنگجو کے لیے بنائے گئے قبرستان میں سپرد خاک کیا۔ یاد رہے کہ اس قبرستان میں اب تک 50 سے زائد غیر ملکی جنگجو دفن ہیں۔
امر ناتھ یاترا2018،صوبائی کمشنر نے تیاریوں کا جائیزہ لیا
سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے افسروں کی ایک میٹنگ میں امر ناتھ یاترا2018 کے لئے تیاریو ں کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں اے ڈی سی اننت ناگ، اے ڈی سی گاندر بل، ڈپٹی سی ای او شری امر ناتھ شرائین بورڈ، ایس ایس پی گاندر بل اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران یاترا روٹ کے ہر کیمپ اور دیگر جگہوں پر دکانیں اور ٹنٹ نصب کرنے، بال تل اور چندن واڑی میں یاترا شروع ہونے سے کم سے کم45 دن قبل ہی دکانوں اور ٹنٹوں کو نصب کرنے کے لئے اجازت نامے اجراءکرنے اور دیگر انتظامات کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ امر ناتھ یاترا2018 کے احسن طریقے سے انعقاد کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی تال کے تحت کام کررہی ہے۔صوبائی کمشنر نے ایس اے ایس بی، ضلع انتظامیہ اور پولیس کو بہتر انتظامات کے لئے مقررہ مدت کا تعین کرنے کی ہدایت دی تا کہ امر ناتھ یاتریوں کو یاترا کے دوران د قتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ ہارٹی کلچر کی نئی سکیم رائج
گاندربل/ارشاد احمد/ اسسٹنٹ گریڈنگ اینڈ مارکیٹنگ آفیسر محمد شفیع نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ محکمہ ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ نے ایک نئی سکیم رائج کی ہے جس کی رو سے محکمہ سی گریڈ سیب دس روپے فی کلو کے حساب سے خریدے گا جس کے لئے دو جگہوں پر کلیکشن سنٹر کھولے گئے ہیں جو منیگام اور ززنہ میں قائم کئے گئے ہیں جہاں فارم اور رجسٹریشن سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔ جو باغ مالکان اس سکیم سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ ان سنٹروں سے مفت فارم اور رجسٹریشن کرسکتے ہیں جس کے بعد ان سے سی گریڈ مال دس روپے فی کلو کے حساب سے خریدا جائے گا۔