جموں//کشتواڑ کے سرکاری تعلیمی ادارے میں ایک آفیسر کی جانب سے مبینہ طورقومی ترانے کی بے حُرمتی کرنے کے الزام کی تحقیقات کرنے کا حُکم جاری کیا گیاہے۔سرکاری ترجمان نے لوگوں سے علاقہ میں امن و امان برقرار قائم رکھنے کی تلقین کی ہے۔اطلاع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو ایم ایس خان گذشتہ روز ضلع کشتواڑ کے ایک سکول کا معائینہ کرنے کے لئے گئے تھے جہاں پر انہوں نے وہاں بجائے جا رہے قومی ترانہ کی مبینہ طوربے حرمتی کی۔سرکار نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حُکم جاری کیا ہے۔سرکاری بیان میں لوگوں خصوصاً طلاب کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ مفاد خصوصی کے ہاتھوں کا آلہ کار نہ بنیں ، جو کہ اپنے مفاد خصوصی کے لئے ضلع کاپُر امن ماحول تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے واقعہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایس خان نے سکول ہذا کا دورہ وہاں پر غیر حاضر ملازمین پر چھاپہ مارنے کے لئے کیا تھا ۔انہوں نے پہلے ہی تقریباً نصف درجن دفاتر کا معائینہ کیااور وہ ایک دفتر سے دوسرے دفتر کا معائینہ کرنے پر جلد ی میں تھے۔کیونکہ انہیں کم سے کم وقت میں رپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ مذکورہ آفسر پر طلاب اور اساتذہ نے الزم لگایا ہے کہ انہوں نے پرنسپل کے دفتر کا اُس وقت معائنہ کیا جب وہاں پر قومی ترانہ گایا جا رہا تھا ۔بعض اساتذہ نے اسے ایک مدعا بنایا ہے جسکی وجہ سے طلاب احتجا ج کرنے پر اُتر آئے ۔اُنہوں نے لوگوں سے علاقہ میں امن و امان برقرار رکھنے کو کہا ۔
سرکار غیر سنجیدہ،خاموشی افسوسناک:میر/حکیم یاسین
سرینگر//موئے تراشی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میراور پی ڈی ایف سربراہ حکیم محمد یاسین نے کہا ہے کہ مخلوط سرکار عوام کو تحفظ دینے اور شر پسند عناصر کو بے نقاب کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ موصولہ بیان کے مطابق ڈورو اسلام آباد میں پردیش کانگریس کمیٹی کے سرگرم کارکنوں اور ورکروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے لیکن مخلوط سرکار عوام میں پائی جانے والی تشویش کا ازالہ کرنے میں بالکل مخلص یا سنجیدہ نہیں ہے ۔انہوںنے گیسو تراشی واقعات کو کشمیری خواتین کی توہین قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کشمیری عوام اپنی مائوں ، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ ناروا سلوک کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ میر نے کہا کہ سرکار خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔اس دوران پی ڈی ایف سربراہ حکیم محمد یاسین نے کہا ہے کہ عوام میں بے چینی کی لہر پائی جارہی ہے اور حکومت کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہئیں۔
پولیس بیان خواتین کی توہین:بار
سرینگر//کشمیرہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے متاثرہ خواتین کے مختلف ٹیسٹ لئے جانے سے متعلق آئی جی پی کشمیرکے بیان پرشدیدردعمل ظاہرکرتے ہوئے سوال کیاکہ جن مشتبہ افرادکولوگوں نے پکڑکرپولیس کے حوالے کردیا،اُن کے خلاف کیاکارروائی عمل میں لائی گئی۔موصولہ بیان میںبارایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری نے کہاکہ پولیس کے صوبائی سربراہ کامتاثرہ خواتین سے متعلق بیان ناقابل قبول اورتوہین آمیزہے۔انہوں نے کہاکہ گیسوتراشی کاشکاربننے والی خواتین کی جانچ کرانے کی بات توہین کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے ایک ذمہ دارافسرکایہ بیان واضح کرتاہے کہ یہ ٹال مٹول کے سواکچھ بھی نہیں، ورنہ اگرلوگوں نے کچھ مشتبہ افرادکوپکڑکرپولیس کے حوالے کردیاتوایسے افرادکے بارے میں چپ سادھ کیوں لی گئی ہے اورکیوں اُن کیخلاف عدالتوں میں چالان پیش نہیں کئے جاتے ہیں ۔
حریت (ع)اورپیروان ولایت کا پلوامہ ہلاکتوں پر اظہار رنج
نہتے شہریوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے:میرواعظ
سرینگر//حریت (ع)نے لتر پلوامہ میں فورسز کے ہاتھوں ایک عام شہری گلزار احمد میر کوجاں بحق اور درجنوں کو زخمی کئے جانے پر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تعینات فورسز خود کو حاصل بے پناہ اختیارات کا بڑی بے دردی کے ساتھ استعمال کرکے نہتے شہریوںکو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہے ہیں ۔موصولہ بیان میں حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گلزار احمد میر کو خراج عقیدت اوراُس کے والدین کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بہیمانہ واقعہ میں زخمی افراد کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے لتر پلوامہ میںجاں بحق کئے گئے دو عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوںسے کشمیری قوم حق و انصاف سے عبارت جدوجہد اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جان و مال کی قربانیاں پیش کررہی ہے اور ان قربانیوں کواُسی وقت ثمر آور بنایا جاسکتا ہے جب پوری قوم اور قیادت رواں تحریک مزاحمت کے تئیں یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرے۔اس دوران پیروان ولایت نے لتر پلوامہ میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مختلف حیلوں اور بہانوں کے ذریعے کشمیری قوم کو بے دردی کے ساتھ ابدی نیند سلا رہا ہے اور ایجنسیوں کے ذریعے کشمیری قوم کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروپیگنڈوں اور مار دھاڑ سے کشمیر کی تحریک دبنے والی نہیں ہے۔
زیری پورہ سڑک کی حالت خراب
عوام مشکلات سے دوچار
غلام نبی رینہ
کنگن// زیری پورہ کلن سے ریزن تک خستہ حال سڑک کے نتیجے میںایک وسیع آبادی مشکلات سے دوچارہے ۔تحصیل گنڈ کے زیری پورہ کلن سے ریزن تک اندرونی سڑک کی خستہ حالی کے باعث ایک وسیع آبادی کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی آبادی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زیری پورہ کلن میں نالہ سندھ پر تعمیر کئے گئے پل کا ایک حصہ کئی ماہ قبل ڈہ گیا ہے جس کی ابھی تک مرمت بھی نہیں کی گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق زیری پورہ سے ریزن تک سڑک پر گہرے کھڈ ہونے کے نتیجے میں مقامی آبادی کو چلنے پھرنے میں کافی دقتیں پیش آرہی ہیں۔انہوں نے وزیر تعمیرات سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی مرمت کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔