جموں//مال ، امداد ، باز آبادکاری و تعمیر نو کے وزیر عبدالرحمان ویری نے آج آمدن کے حصول کے لئے کسٹوڈین کے بھر پور استعما ل پر زور دیا۔ویری آج یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری مال،کسٹوڈین کشمیر، کسٹوڈین جموں ،کسٹوڈین سینٹرل جے اینڈ کے بھی موجود تھے۔ویری نے محکمہ کی تمام املاک کی ایک معقول فہرست مرتب کر کے اس کی درجہ بندی کر نے پر زور دیا تاکہ املا ک کا بھر پور استعمال کر کے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کی جاسکے ۔وزیر نے کمیونٹی ہالوں کا بھی جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر عوام کے فائدے کے لئے دستیاب ان سہولیات کی تشہیر کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ ا س سے لوگوں کو اپنی سماجی تقریبات منعقد کرنے کی سہولیت دستیاب رہے گی اور ساتھ ہی محکمہ کو بھی آمدن حاصل ہوگی۔ دوران میٹنگ افسران نے وزیر کو مطلع کیا کہ ان میریج ہالوں میں سماجی تقریبات منانے کے لئے تمام بنیادی سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔وزیر نے افسران کو ریاست میں کسٹوڈین املاک کے بارے میں تمام جانکاری بشمول معاہدے کی تاریخ ، کرایہ کی ادائیگی وغیرہ فراہم کرنے کے لئے کہا۔میٹنگ میں ریاست بھر میں محکمہ کو دستیاب مختلف املاک کا استعمال اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن پر بھی غور و خوض کیا۔ وزیر نے افسران کو نئے پروجیکٹوں کے لئے مفصل پروجیکٹ رپورٹ مرتب کرنے کے لئے کہا تاکہ کسٹوڈین املاک کی تجدید و مرمت کر کے اس کو آمدن بخش اثاثوں میں تبدیل کیا جاسکے۔