سرینگر// محکمہ پشو و پالن کے کیجول ملازمین نے ہفتہ کو احتجاج کرتے ہوئے انکی روزانہ اجرت میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ پریس کالونی میںمحکمہ پشو و پالن میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے کیجول لیبر جمع ہوئے اور ’ہم کیا چاہتے انصاف،محنت ماری لوٹ تماری نہیں چلے گی،ہمارے مشاہرے میں اضافہ کرو‘ کے نعرے بلند کئے۔مظاہرین نے کہا کہ انکی روزانہ اجرت میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کہا’’2018میں محکمہ خزانہ نے ایک سرکیولر نکالا ہے جس میں225روپے روزانہ اجرت طے کی گئی ہے تاہم ہمیں صرف100روپے کے حساب سے اجرت فراہم کی جاتی ہے‘۔‘ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس عالم میں انہیں گھر چلانا اور اپنے اہل و عیال کی کفالت کرنا بہت زیادہ مشکل ہوتا ہے۔احتجاجیوں نے کہا کہ انہوں نے سخت ترین مشکلات اور کوویڈ کے دوران بھی کام کیا،تام اس کے باوجود بھی انکی خدمات کو کسی بھی خاطر میں نہیں لیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا’’ ایسا کوئی دفتر نہیں ہے جہاں انہوں نے اپنی فریاد نہیں دی اور اپنی روداد بیان کی،مگر تاہم سب کچھ صدا بہ صحرا ثابت ہوا‘‘۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ انکی روزانہ اجرت میں قاعدے کے مطابق اضافہ کیا جائے اور100روپے کے بدلے225روپے روزانہ کے حساب سے اجرت فراہم کی جائے۔