سرینگر // شہر کی تنگ اور دشوار گزار سڑکوں پر جہاں محکمہ ٹریفک کے ناک کے نیچے لوگ غلط طور پر گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں وہیں اس سے ٹریفک جام بھی لگ جاتا ہے اور ایسے میں ان غلطیوں کی مرکتب پائی جانے والی گاڑیوں کیخلاف محکمہ ٹریفک کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیںلاتا ۔ شہر میں غلط کار پارکنگ کرنے والوں کے خلاف محکمہ ٹریفک کی جانب سے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہ لائے جانے کے خلاف مسافر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں ۔شہر کے گھنٹہ گھر ، جہانگیر چوک ، ریزڈنسی روڑ پر کھلے عام لوگ گاڑیوں کو سڑکوں کے بیچ میں کھڑا کر دیتے ہیں جس سے نہ صرف ٹریفک جام لگ جاتا ہے بلکہ مسافروں کو بھی آمد ورفت کے دوران مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ کئی ایک مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ ٹریفک صرف خاموش تماشاہی بنا بیٹھا ہے اور ایسی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاتی جو ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑا کر بیچ سڑک میں گاڑیاں غلط طور پارک کر دیتے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جو گاڑیاں ٹریفک قوانین کی خلاف ورز نہیں ہوتیں اُن کو بیچ سڑک میں روک کر محکمہ کے اہلکار چلان کاٹتے ہیں جبکہ ایسی غلطیوں کے مرکتب پائی جانے والی گاڑیوں کی طرف محکمہ کے اہلکار نظر تک نہیں دوڑاتے اور یہی وجہ ہے کہ شہر میں جگہ جگہ غلط کار پارکنگ سے لوگ پریشان ہیں ۔مقامی لوگوں نے سرکار اور محکمہ ٹریفک کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غلط کار پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کو آمدورفت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔