سرینگر//رام باغ میں فلائی اور کی تعمیر کے سبب بند ہوئے رام باغ سولنہ پل پر گاڑیوں کی نقل و حمل کو دیکھتے ہوئے محکمہ ٹریفک نے نقل و حرکت کو آسان بنانے اور ٹریفک جام پر قابو پانے کیلئے گاڑیوں کے روٹ میں تبدیلی لائی ہے۔ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری نئی ہدایات کے مطابق صبح 9بجے سے 11بجے تک وادی کے مختلف علاقوں سے آنے والی چھوٹی اوربڑی گاڑیوں کیلئے مختلف راستے مقرر کئے گئے ہیں۔ 10اپریل 2017سے بڈگام سمیت جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کلگام سے آنے والی گاڑیوں کو پانتہ چھوک ، صنعت نگر، نوگام، حیدر پورہ، ٹینگہ پورہ کا راستہ اختیار کرنا ہوگاجبکہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ، کپوارہ، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوں سے آنے والی گاڑیاں شالہ ٹینگ، پارمپورہ، بمنہ، ٹینگہ پورہ سے ہوتے ہوئے بٹہ مالو بس اڈے تک پہنچ سکتی ہیں۔ٹریفک پولیس نے تمام نجی گاڑیوں اور دیگر ٹرانسپوٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹریفک پلان پر سختی سے عمل کریں اور اگرکسی نے بھی ٹریفک روٹ کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف موٹر وہکل ایکٹ کے تحت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔