سرینگر//محکمہ ٹریفک میں شفافیت لانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کاشکنجہ کستے ہوئے محکمہ کو مکمل طور ڈیجی ٹائز کرنے اور نقد ادائیگی کے نظام کو ختم کرنے کے دعوے کے بیچ سنیچر کو ’’ای چالانگ نظام‘‘ متعارف کیا گیا ۔ سرینگر کے ٹریفک سینٹر پولو ویو میں ای چالانگ نظام کے سلسلہ میں منعقد ہ ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر ٹرانسپورٹ سنیل کمار شرما بھی موجود تھے۔ ای چالانگ نظام کے پروجیکٹ کی تفصیل دیتے ہوئے پروجیکٹ آفیسر نے بتایا کہ ’’ٹریفک نظام میں ای چالانگ کے حوالے سے 40 مشینوں کی خدمات حاصل کی جائینگی جس میں 20 جموں جبکہ20کشمیر صوبہ کیلئے رکھی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چالان نظام میں تین پیجر ماڈیول ہیں جو مختلف مقامات پر نصب کئے جائینگے ۔پہلا ہینڈ ہیڈ ڈیوائس جوڈیوٹی پر تعینات ٹریفک اہلکار کو دیا جائے گا جبکہ دوسرا پیک اینڈ سرور ہے جواینڈسٹریز اور کامرس جموں دفتر کے ڈیٹا سینٹر پر رہے اور تیسرا ڈیوائس ابلیگیشن جوٹریفک حکام کے اعلیٰ آفیسران کے پاس رہے گا۔پروجیکٹ آفیسر نے بتایا کہ ’’مذکورہ مشین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے مرتکب بایو میٹرک فینگر پرینٹس کے علاوہ مذکورہ گاڑی کی تصویر لے سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشین میں ایک ریڈ چپ نصب کیا گیا ہے جو ڈرئیونگ لائسنس کی تفصیلات دینے کے ساتھ ساتھ ریڈ میگنیٹیک سوائپ کارڈ بھی موجود ہے جس کی مدد سے آن لائن پے مینٹ کی جائے گی جبکہ مشین میں ایک جی پی ایس رکھا گیا ہے جو ڈیوٹی پر تعینات اہلکار کے مقام کے بارے میں اطلاع دے گا ۔اس موقعہ پر ٹرانسپورٹ کے وزیر سنیل کمار شرما نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ای چالانگ کے نظام کو متعارف کرانے میں پولیس کا اہم رول ہے جس سے نہ صرف پولیس یا ٹریفک اہلکاروں کو سہولت دستاب ہو گی بلکہ اس سے عام لوگوں کو بھی راحت نصیب ہوگی جس کی بدولت ٹریفک نظام میں شفافیت لائی جائے گی ۔وزیر نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی کسی بھی طرح کی خلاف کرنے والے کو بڑی شفافیت کے ساتھ جرمانہ لیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ مشین کو اگلے کچھ دنوں کے بعد بینک کے ساتھ جوڑ کر کیش لیس بھی بنایا جائے گا تاکہ ڈیوٹی پر تعینات اہلکار کو نقد کیش حاصل نہ ہوسکے جس سے محکمہ میں سو فیصد شفافیت لانے میں مدد ملے گی ۔ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بینک میں ایک سرکاری اکاونٹ رہے گا جس میں یہ ساری رقومات جمع ہو جائیں گی۔ پولیس سربراہ ایس پی وید نے ٹریفک اہلکاروں میںرشوت کے عام رجحان کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ای چالانگ نظام سے رشوت ستانی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ای چالانگ کو کیش لیس بنانے کے دوران رقومات کارڑ کے زریعے سیدھا بینک میں جمع ہوجائیں گی جس کی وجہ سے رشوت اور رقومات کے ہیرپھیر کا سوال ہی پیدا نہیں ہو جائے گا ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج منیر احمد خان،سرینگر ضلع ترقیاتی کمشنر کے علاوہ کئی پولیس وسول انتظامیہ کے سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔