محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل راج گڑھ کے دکانداروں نے الزام لگایاکہ لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ یا محکمہ ناپ تول کے ملازمین کی طرف سے ناپ تول اور وزن کے پیمانوں کی چیکنگ اور درستگی کرنے کے نام ان سے اضافی فیس وصول کی گئی ہے ۔راج گڑھ کی مرکزی مارکیٹ کے کئی دکانداروں کا کہنا ہےکہ محکمہ وزن اور ناپ تول کی طرف سے ترازو اور ناپ تول کے پیمانوں کو اپ ڈیٹ کرنے کیلئے ہر سال دو سو روپئے کی فیس ادا کی جاتی تھی لیکن اس بار محکمہ لیگل میٹرولوجی بٹوٹ کی طرف سے راج گڑھ بھیجی گئی ایک ٹیم نے دکانداروں سے مبینہ طور پر مقررہ فیس سے کئی گناہ زیادہ فیس وصول کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیم نے راج گڑھ کے بیشتر دکانداروں سے مبینہ طور پر سات سو روپئے کی رقم فی دکاندار سے بطور فیس وصول کی جبکہ بدلے میں انہیں صرف دو سو روپئے کی رسید تھما دی گئی ۔ انہوں نے محکمہ میٹرولوجی کے ان ملازمین کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں غیر قانونی رشوت خوری کے ایسے واقعات کو روکا جا سکے ۔اس سلسلے میں محکمہ لیگل میٹرولوجی کے اسسٹنٹ کنٹرولر ضلع رام بن سے رابطہ نہیں ہو سکا تاہم محکمہ کے ایک عہدیدار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ راج گڑھ کے دکانداروں کو سرٹیفکیٹ وغیرہ حاصل کرنے کیلئے تمام کاغذات آن لائن کرنے کیلئے کہا گیا تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور آن لائن کا تمام کام محکمہ کے ملازمین کو انجام دینا پڑ رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں سے لی گئی تمام رقم کا حساب دیا جائیگا اور دکاندار بلاوجہ صبر کے بجائے الزامات لگانے پر اتر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں سے لی گئی سات سو روپئے کی رقم کا پورا حساب معہ رسید آن لائن سرٹفکیٹ جنریٹ کرنے کے بعد دیا جائیگا۔