سرینگر//مال، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ریاست میں مال محکمہ میں جدت لانے اور ہر ایک حلقہ میں پٹوار خانہ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر موصوف نے افسروں سے کہا ہے کہ وہ تحصیل ہیڈ کوارٹروں کو ہدایت دیں تا کہ وہ ہر ایک پٹوار حلقہ میں پٹوار خانہ تعمیر کرنے کے لئے5 مرلہ زمین کی نشاندہی کریں۔ ویری یہاں ریونیو افسروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر نے پٹواریوں کے لئے اُں کے حلقوں میں پٹواریوں کی عدم دستیابی سے متعلق رپورٹ کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک پٹوار حلقہ میں پٹوار خانہ تعمیر کرنا لازمی ہے۔انہوں نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پٹواریوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کی افسروں کو ہدایت دی۔وزیر نے کہا کہ حکومت مال محکمہ کو عوام دوست اور جوابدہ بنانے کے لئے کئی اختراعی اقدامات کر نے پر غور کر رہی ہے۔