زکورہ سے 1200کلو سڑا ہوا گوشت برآمد
پرویز احمد
سرینگر //محکمہ فوڈ سیفٹی افسران نے جمعرات کو ایک ڈرامائی کارروائی کے دوران انڈسٹریل اسٹیٹ زکورہ میں ایک چھاپہ میں سڑے ہوئے گوشت کے 1200کلوگرام ( 12کوئنٹل)ضبط کئے اور بعد میں اس کو ضائع کردیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر سیفٹی ہلال احمد میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ چند گوشت فروشوں نے بیرون ریاستوں سے صاف کیا ہوا گوشت خرید کر زکورہ میں ذخیرہ کررکھا تھا اور اس گوشت کو آج کسی اور جگہ منتقل کرنے والے تھے ۔ انہوں نے کہا ’’ جس گاڑی میںگوشت منتقل ہونے والا تھا ، اس گاڑی کے ڈرائیور نے بہترین شہری ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اطلاع دی کہ انڈسٹریٹریل اسٹیٹ میں 12کوئنٹل سڑاہوا گوشت دوسری جگہ منتقل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ہم نے فوراًجاکر اس جگہ پر چھاپہ مارا اور لفافہ بند گوشت کو ضبط کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لیبارٹری ٹیسٹنگ کے دوران اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ گوشت سڑا ہوا تھا اور بعد میں اسے ضائع کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گوشت کچھ دن پہلے بیرون ریاستوں سے وادی منتقل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ نے خبردار کیا کہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فوڈ بزنس آپریٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کھانے میں ملاوٹ یا غیر صحت مندانہ عمل کی کسی بھی صورت میں محکمہ کی ہیلپ لائن 104پر کال کرکے اطلاع دیں۔