حسین محتشم
پونچھ// عید الاضحیٰ کی آمد کے پر ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل کی خصوصی ہدایات پر پونچھ بازار میں اشیائے خوردونوش کے معیار کی جانچ پڑتال کے لئے ایک وسیع مہم چلائی گئی۔ یہ مہم محکمہ فوڈ سیفٹی کے اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود کی زیر قیادت اور محکمہ فوڈ سیفٹی و محکمہ میٹرولوجی کی پوری ٹیم کے تعاون سے انجام دی گئی۔اس چیکنگ کے دوران ہوٹلوں، مٹھائی کی دکانوں، گوشت کی دکانوں اور کریانہ اسٹورز کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ ٹیم نے اشیاء کے معیار، حفظان صحت کے اصولوں اور وزن کے اعتدال کا جائزہ لیا۔ اس دوران، قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے جانے والے چھ تاجرین کے چالان بھی کاٹے گئے جبکہ دیگر دکانداروں کو صاف صفائی برقرار رکھنے اور معیاری اشیاء فروخت کرنے کے متعلق سخت ہدایات جاری کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود نے بتایا کہ صارفین کو معیاری اور صاف ستھری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور گاہکوں کو دھوکہ دہی سے بچائیں۔انہوں نے کہا یہ سلسلہ عید الاضحیٰ تک جاری رہے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ لوگ صاف اور صحت بخش اشیاء حاصل کر سکیں۔ ضلع انتظامیہ نے عید کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔